All posts by Khabrain News

دھماکے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹرز لاہور آنے کیلئے تیار ہیں، پی سی بی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باوجود غیر ملکی کھلاڑی لاہور جانے کیلئے تیار ہیں۔
سی او او پی سی بی کے مطابق جمعرات کو ٹورنامنٹ پروگرام کے مطابق شروع ہوگا اور عاطف اسلم مختصر تقریب میں پرفارم کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام غیر ملکی پاکستان آرہے ہیں اور تمام غیر ملکی لاہور بم دھماکے کے بعد لاہور جانے کو تیار ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے انار کلی بازار میں ہونے والے دھماکے میں ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
پاکستان سپر لیگ کے 7 ویں ایڈیشن کا دوسرا مرحلہ لاہور میں ہونا ہے۔

بھارت کا دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 288 رنز کا ہدف

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) بھارت نے دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 288 رنز کا ہدف دیا ہے۔
بھارت کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی صفر رنز پر آؤٹ ہوئے۔بھارت کی جانب سے رشبا پنت85 اورکپتان کے ایل راہول 55 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ جنوبی افریقہ کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان اور افغانستان کھیل کے میدان میں مدمقابل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عربین سی ٹائٹل فائٹ کے زیر اہتمام پاکستان کے مظفر خان اور افغانستان کے احمد سمیر کل مدمقابل ہونگے۔۔
اس سلسلے میں آج دونوں باکسرز کی وزن کرنے کی تقریب اسلام آباد بیسٹ ویسٹرن ہوٹل میں منعقد کی گئی۔ دوران تقریب پاکستان کے 27 سالہ مظفر خان اور افغانستان کے 28سالہ احمد سمیر کا آمنا سامنا ہوا۔دونوں باکسرز کا جذبہ دیدنی تھا اور دونوں ہی فتح کے لئے مکمل فٹ اور پرعزم دیکھائی دئیے۔ کل کی فائٹ عربین سی ٹائٹل کی اہم ترین فائٹ ہے۔دونوں باکسر کل بروز ہفتہ22 جنوری 2022 کو لیاقت جمنازیم، اسلام آباد، پاکستان میں سپر ویلٹرویٹ کیٹگری میں آمنے سامنے ہوں گے۔ ناظرین کو باکسنگ کا ایک بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جس میں پاکستان اور افغانستان کے باکسرز اپنی فٹنس اور مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔

پاکستان اور افغانستان کھیل کے میدان میں مدمقابل

پاکستان اور افغانستان کھیل کے میدان میں مدمقابل
عربین سی ٹائٹل فائٹ کے زیر اہتمام پاکستان کے مظفر خان اور افغانستان کے احمد سمیر کل مدمقابل ہونگے۔۔
اس سلسلے میں آج دونوں باکسرز کی وزن کرنے کی تقریب اسلام آباد بیسٹ ویسٹرن ہوٹل میں منعقد کی گئی۔ دوران تقریب پاکستان کے 27 سالہ مظفر خان اور افغانستان کے 28سالہ احمد سمیر کا آمنا سامنا ہوا۔دونوں باکسرز کا جذبہ دیدنی تھا اور دونوں ہی فتح کے لئے مکمل فٹ اور پرعزم دیکھائی دئیے۔ کل کی فائٹ عربین سی ٹائٹل کی اہم ترین فائٹ ہے۔دونوں باکسر کل بروز ہفتہ22 جنوری 2022 کو لیاقت جمنازیم، اسلام آباد، پاکستان میں سپر ویلٹرویٹ کیٹگری میں آمنے سامنے ہوں گے۔ ناظرین کو باکسنگ کا ایک بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جس میں پاکستان اور افغانستان کے باکسرز اپنی فٹنس اور مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔

سانحہ مری، اصل کرداروں تک پہنچنے کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے: حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے سانحہ مری پر پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم پر پی ٹی آئی کا عذاب مسلط ہے، سانحہ مری رپورٹ کوقوم کے ساتھ سنگین مذاق سمجھتا ہوں، اصل کرداروں تک پہنچنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، مہنگائی میں مسلسل اضافہ جاری ہے ، پاکستان دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک بن گیا ہے، تبدیلی سرکار نے عوام کو منی بجٹ میں 350 ارب روپے کا ٹیکہ لگادیا اور حکمرانوں کے پاس باتوں کے سوا کچھ نہیں ہے
کی پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ سانحہ مری نے قوم کے دل چھلنی کر دیے ، اصل کرداروں تک پہنچنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ حکمرانوں کی بے حسی نے ساری حدیں توڑ دیں ، جہاں پر واقعہ ہوا وہاں کون لوگ تھے؟ حب ٹرین حادثہ ہوا 70 لوگ جل گئے کسی کو کٹہرے میں نہیں لایا گیا ، بزدار سانحہ مری کی رپورٹ ایسے لے رہے تھے جیسے کوئی بڑا تیر مارا ہے ۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ جب بچیاں مدد کے لیے پکار رہی تھیں وسیم اکرم پلس تنظیم میٹنگ کر رہا تھا ، بزدار صاحب ہیلی کاپٹر کہاں تھا جب لوگوں کو جانوں کے لالے پڑے تھے، اس طرح کے بے حس حکمران تاریخ میں نہیں دیکھے ، کیا 15 لوگ معطل کر کے لوگوں سے مذاق کر رہے ہیں ، جب تک اصل ذمہ داروں کا تعین نہیں ہوتا مسلم لیگ (ن) چین سے نہیں بیٹھے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسمبلی میں سانحہ مری پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز دی ہے ، شہباز شریف نے مری میں ایس او پیز بنائے ہوئے تھے اور زوننگ کی ہوئی تھی ، آج کسان پریشان ہے، رل گیا ہے ، سب رو رہے ہیں ، کھاد بلیک ہو گئی ہے ، ایک بوری نہیں مل رہی ۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان آج دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک ہے ، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کا غلام بنادیا گیا ، معیشت کا دھڑن تختہ ہوچکا ہے، عمران نیازی کو آج بھی شریف فیملی کی یاد ستاتی ہے، عمران نیازی کوعوام اوراللہ کی عدالت میں حساب دینا پڑے گا، ان کو پتلی گلی سے نہیں نکلنے دیں گے۔

وزیراعظم اتوار کو عوام کی براہ راست فون کالز وصول کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اتوار کو عوام کی براہ راست فون کالز وصول کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 23 جنوری بروز اتوار تقریباً دن 3 بجے آپ کا وزیراعظم پروگرام میں عوام کی ڈائریکٹ فون کالز موصول کریں گے۔
شہباز گل نے کہا کہ عوام کی شکایات اور آرا سنیں گے اور حکومت کے کئے گئے اقدامات سے عوام کو آگاہ کریں گے۔

مسافر کے ماسک پہننے سے انکار پر پرواز آدھے راستے سے واپس لوٹ آئی

میامی: (ویب ڈیسک) امریکا سے لندن جانے والے طیارے کے مسافر نے عملے کی جانب سے بار بار تنبیہ کے باوجود ماسک پہننے سے انکار کردیا جس پر پائلٹ آدھے راستے سے پرواز واپس لے آیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے لندن جانے والی پرواز آدھا سفر طے کرنے کے بعد واپس لوٹ آئی اور اس کی وجہ میڈیکل ایمرجنسی، ایندھن کا ختم ہونا، تکنیکی مسئلہ پیدا ہونا، موسم کی خرابی یا فضائی سرحد کا بند ہونا نہیں بلکہ ایک مسافر کا ماسک لگانے سے انکار تھا۔
129 مسافروں اور عملے کے 14 ارکان کے ساتھ لندن جانے والی پرواز میامی سے روانہ ہوگئی اور تھوڑی دیر بعد ایک مسافر نے کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ماسک اتار دیا اور عملے کے اصرار کے باوجود ماسک پہننے سے انکار کردیا جس پر بدمزگی پیدا ہوگئی۔
مسافر اور عملے کے درمیان معاملہ طے نہ پاتے دیکھ کر پائلٹ نے ’’یوٹرن‘‘ مارتے ہوئے پرواز واپس میامی لے گیا۔ جہاں پہلے ہی پولیس کو الرٹ کردیا گیا تھا۔ پولیس نے مسافر کو حراست میں لے کر مذکورہ شخص پر سفری پابندی عائد کردی ہے۔

جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج تعینات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ آف پاکستان کی پہلی خاتون جج تعینات ہو گئی ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جج ایک خاتون مقرر ہوئی ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عائشہ ملک کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے جسٹس عائشہ ملک کے نام کی منظوری دیے جانے کے بعد وفاقی وزارت قانون نے ان کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

نواز شریف لندن بیٹھ کر عدالتوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں ،شہزاد اکبر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ نواز شریف لندن بیٹھ کر عدالتوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں ، یہ عوام کو عدالت سے باہر نکل کر گمراہ کرتے ہیں ۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ رانا شمیم کے حلف نامے کا مقصد ایک کیس پر اثر اندا زہونا تھا ، ساری فلم نوازشریف کے دفتر میں گھڑی گئی، ہماری پریس کانفرنس میں ن لیگ کی پریس کانفرنس کی طرح خواہش پر مبنی سوال نہیں ہوتے، ملک میں کیا قانون چلے گا اس کا فیصلہ آئین کرتا ہے ، صدارتی نظام کے حوالے سے ہمارے ذہن میں کچھ نہیں ۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق نواز شریف نے اپنی صحت کی رپورٹیں جمع کرانی تھی مگر انہوں نے ڈاکٹرکا خط جمع کرادیا ، میڈیکل بورڈ بھی مطمئن نہیں، ان کی صحت تصویروں میں نظر آ رہے ہیں ۔

بھارتی سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کنگنا کی مشکلات میں مزید اضافہ

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کی عدالت عظمیٰ نے سکھ برادری کے خلاف کنگنا رناوت کے بیانات کی تحقیقات کا حکم دے دیا جس کے بعد اداکارہ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے کنگنا رناوت کی سوشل میڈیا پر مستقبل میں ہونے والی پوسٹ کو سنسر اور ان کے خلاف درج مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
ایڈووکیٹ چرنجیت سنگھ چندرپال نے سپریم کورٹ میں کنگنا رناوت کے خلاف درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کنگنا رناوت کی مستقبل قریب میں کی جانے والی سوشل میڈیا پوسٹ کو سنسر کرنا لازمی ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ اداکارہ کے خلاف درج مقدمات کو یکجا کر کے ممبئی کے کھر پولیس اسٹیشن میں منتقل کیا جائے، عدالت دو سال کی مدت کے تیز ٹرائل کے دوران چھ ماں میں اداکارہ کے خلاف چارج شیٹ داخل کرے۔
چرنجیت سنگھ چندرپال نے کہا کہ کنگنا رناوت کے بیانات اور سوشل میڈیا پوسٹیں نہ صرف سکھ برادری کی توہین کا سبب بنیں بلکہ فسادات بھی ہوئے، اداکارہ کے بیانات ملکی یکجہتی کے خلاف ثابت ہوئے اور اس کے لیے کنگنا کو قرار واقعی سزا ملی چاہیے، ان ہرگز معاف نہیں کیا جانا چاہیے۔
سپریم کورٹ نے چرنجیت سنگھ کی درخواست مسترد کردی تاہم ممبئی پولیس کو اس متعلق تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔