All posts by Khabrain News

نئی مردم شماری کیلئے 5 ارب روپے کی گرانٹ منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نئی مردم و خانہ شماری کے لیے 5 ارب روپے کی گرانٹ منظور کر لی۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ داسو ہائیڈرو کے چینی متاثرین کے لیے ایک کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے لیے 4 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔
فرنٹیئر کانسٹیبل (ایف سی) بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے 6 کروڑ کی بھی منظوری دی۔ افغانستان سے چلغوزے کی درآمد پر 45 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ نئی مردم وخانہ شماری کے لیے 5 ارب روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔

احسن اقبال نے شاہ محمود کی تقریر کو وزارت عظمیٰ کیلئے انٹرویو قرار دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قومی اسمبلی میں تقریر کو وزارت عظمیٰ کیلئے انٹرویو قرار دے دیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے خود کو عمران خان کے متبادل کے طور پر پیش کیا، اپنا کام کرنے کے بجائے شاہ محمود ہر کسی کے کام میں ٹانگ اڑا رہے ہیں اسی لیے وزارت خارجہ کا یہ حال ہے۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مہنگائی کو حکومت کے لیے چیلنج قرار دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نےگزشتہ سالوں میں مشکل فیصلے کیے اور کڑوی گولی کھائی لیکن اب ہم استحکام سے ریکوری کی جانب بڑھ رہے ہیں، یہ میں یا آپ نہیں، ورلڈ بینک کہہ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہمارا چیلنج نہیں، مہنگائی ہے، اپوزیشن درست کہتی ہے کہ کھاد کی قیمت بڑھی ہے، بالکل بڑھی ہے ، دیکھنا ہوگا کہ کیوں کھاد کی قیمت بڑھی ہے، پاکستان میں دیگر ممالک کے مقابلے میں کسان کو سستی کھاد مل رہی ہے۔

شام میں خود کش حملے میں 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی

دمشق: (ویب ڈیسک) شام کے علاقے عفرین میں ایک فوجی اڈے کے نزدیک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے علاقے عفرین میں ترک حمایت یافتہ ملیشیا کے عسکری اڈے کے نزدیک خودکش حملے میں 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 6 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ترک حمایت یافتہ ملیشیا نے حملے کی ذمہ داری کرد علیحدگی پسند جماعت پر عائد کی ہے۔ اس علاقے میں کرد علیحدگی پسندوں اور ترکی کے حامی جنگجوؤں میں جھڑپیں عام ہیں۔
واضح رہے کہ کرد علیحدگی پسندوں کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے ترک فوجی دو سال قبل عفرین کے علاقے میں بھی داخل ہوکر آپریشن کلین اپ بھی کیا تھا جو اب بھی چند علاقوں میں جاری ہے۔

شدید برفباری میں امریکا کینیڈا سرحد پر نومولود سمیت 4 لاشیں برآمد

اوٹاوہ: (ویب ڈیسک) امریکا اور کینیڈا کی سرحد پر جمادینے والی سردی کے دوران 4 لاشیں ملی ہیں جن میں نومولود بھی شامل ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق کینیڈا امریکا سرحد پر دو الگ الگ مقامات سے 4 لاشیں ملی ہیں۔ چاروں افراد جمادینے والی سردی میں ٹھٹھر کر مر گئے تھے۔
کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مقام سے میاں بیوی اور نومولود کی لاش ملی ہے جب کہ تھوڑی دور کے فاصلے پر ایک نوجوان کی لاش بھی ملی ہے۔
پولیس کے مطابق ان چاروں افراد کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک گروہ نے اس وقت اغوا کیا تھا جب یہ لوگ برفباری سے لطف اندوز ہونے آئے تھے۔
جس علاقے سے یہ لاشیں ملی ہیں وہاں درجہ حرارت منفی 35 سینٹی گریڈ تھا۔
ادھر امریکی پولیس کا دعویٰ ہے کہ اسی علاقے سے پولیس انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک مشتبہ شخص کو حراست میں بھی لیا ہے جس کی گاڑی میں دو بھارتی شہریت بغیر سفری دستاویزات کے موجود تھے۔

عراق میں داعش جنگجوؤں کے فوجی اڈے پر حملے میں11 اہلکار ہلاک

بغداد: (ویب ڈیسک) عراق کے دارالحکومت میں داعش جنگجوؤں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فوجی اڈے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 11 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمالی ضلع العزم کے پہاڑی علاقے میں واقع فوجی اڈے میں رات گئے داعش جنگجوؤں گھس آئے اور بیرک میں سوئے ہوئے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
داعش جنگجوؤں کی فائرنگ میں کم از کم 11 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حملہ آور جاتے ہوئے اسلحہ، گولہ بارود اور فوجی گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ حملہ اتنا اچانک کیا گیا تھا کہ فوجی اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔
عراق میں 2014 کو مسلح تنظیم داعش نے بڑے حصے پر قبضہ کرکے اپنی حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اتحادیوں کی مدد سے طویل جنگ کے بعد عراقی فوج داعش کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئی۔
داعش کے قبضے سے زیادہ تر علاقہ واگزار کرالیا گیا ہے لیکن اب بھی دور دراز دیہی علاقوں میں داعش جنگجو موجود ہیں جو اپنے ٹھکانوں سے نکل کر اب بھی کارروائیاں کر رہے ہیں۔

انارکلی بم دھماکے کی کڑیاں بھارت سے ملنے لگیں

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقہ نیو انارکلی میں ہونے والے بم دھماکہ کی کڑیاں ہمسایہ ملک بھارت سے ملنے لگیں۔کالعدم تحریک طالبان سمیت ملک دشمن تنظیموں کی سرپرستی بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کر رہی ہے ۔لاہورمیں ہونے والے بم دھماکے کی منصوبہ بندی بھی مذکورہ خلیجی ملک میں تیار کی گئی جس کے لئے کالعدم تحریک طالبان ،بلوچ نیشنل آرمی کو استعمال کیا گیا۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے بعد لاہور میں دہشت گردی کے بعد سیکورٹی ادارے متحرک ہو گئے ہیں

یورپی یونین نے کابل میں سفارت خانہ کھول لیا، طالبان

کابل: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے افغان دارالحکومت میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول لیا جو طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے بند تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ یورپی یونین نے متعدد ملاقاتوں اور افہام و تفہیم کے بعد کابل میں 6 ماہ سے بند اپنا سفارت خانہ باضابطہ طور پر دوبارہ کھول لیا۔
ترجمان طالبان نے یہ بھی کہا کہ عالمی قوتوں کو افغان عوام کو درپیش انسانی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے طالبان حکومت کو تسلیم اور افغانستان کے بیرون ملک موجود منجمد اثاثوں کو فوری طور پر بحال کرنا چاہیئے۔
دوسری جانب یورپی یونین کے ترجمان برائے خارجہ امور پیٹر اسٹانو کا کہنا تھا کہ کابل میں یورپی سفارتخانے میں کم سے کم ارکان کی تعیناتی کو طالبان حکومت کو تسلیم کرنا نہیں سمجھا جائے اور یہ بات کابل کی موجودہ حکومت کو بھی بتادی گئی ہے۔
پیٹر اسٹانو کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں انسانیت کی مدد کے لیے کابل میں یورپی یونین کے سفارت کاروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا تاہم یہ تعداد نہایت مختصر ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس کے وسط سے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے والی طالبان حکومت کو تاحال کسی ملک نے تسلیم نہیں کیا ہے تاہم عوام کو درپیش بھوک و افلاس، بیماری اور بیروزگاری کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لیے فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔

بلاسود لین دین کا نظام قائم کرنے میں سنجیدہ ہیں،اسٹیٹ بینک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس نے کہا ہے کہ اسلامی بینکنگ نظام کی راہ میں حکومت اور ادارے رکاوٹیں پیدا نہ کریں بلکہ اتفاق رائے پیدا کریں تو یہ کام آسان ہو سکتا ہے۔
سودی مالیاتی نظام سے متعلق وفاقی شرعی عدالت میں کیس کی سماعت چیف جسٹس شرعی عدالت نور محمد مسکانزئی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی ۔
اسٹیٹ بینک کے اسلامی بنکاری نظام کے لیے اقدامات کی مفصل رپورٹ پیش کرتے ہوئے بینک کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک بلا سود لین دین کا نظام قائم کرنے میں سنجیدہ ہے. لیکن اسلامی بینکنگ سسٹم راتوں رات قائم نہیں ہوسکتا. یہ ایک ارتقائی عمل ہے.
چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ نے کہاحکومت اور مالیاتی ادارے اتفاق رائے پیدا کریں تو یہ کام آسان ہو سکتا ہے. حکومت اور حکومتی ادارے اس ضمن میں رکاوٹیں پیدا نہ کریں.
جسٹس ڈاکٹر سیدمحمد انور نے ریمارکس دیے پارلیمنٹ نے قانون بنادیا ہے کہ قوانین اسلامی شریعت کے مطابق ڈھالے جائیں گے. جب حکومت خود اسلامی بنکاری نظام کی طرف جارہی ہے تو پھر رکاوٹ کیوں. اب تو آسٹریلیا جیسے غیر اسلامی ممالک میں سود کے بغیر بنکاری سسٹم قائم ہو رہا ہے۔
نیشنل بینک کے وکیل نے کہا الائیڈ پیپر ملز عدالتی فیصلے کے آڑ میں قرض واپس نہیں کررہا.چیف جسٹس نے کہاہم نے سود کے خلاف حکم امتناعی جاری نہیں کیا ہے ، اس وقت سودی بنکاری سسٹم رائج ہے، کوئی خلاف ورزی کررہا ہے تو فورم موجود ہے.
تنظیم اسلامی کے نمائندے نے کہااس وقت دو متوازی بینکنگ سسٹم چل رہے ہیں. متوازی نظام کی موجودگی میں اسلامی بینکنگ سسٹم ترقی نہیں کر سکتا.
جس پر چیف جسٹس نے کہاہم بینک بند نہیں کرسکتے. جسٹس محمد انور نے کہاربا فوری ختم نہیں کیا جاسکتا. یہ ایک ارتقائی عمل ہے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی۔

اپوزیشن میں بات سننے کا حوصلہ نہیں، حماد اظہر کا احسن اقبال کے مناظرہ چیلنج پر جواب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر حماد اظہر نے احسن اقبال کے مناظرہ چیلنج پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن میں پارلیمنٹ میں بات سننے کا حوصلہ نہیں، جب ان کے پاس بولنے کیلئے کچھ نہ ہو تو مطالعہ پاکستان کا لیکچر دیتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں احسن اقبال اور حماد اظہر میں جوڑ پڑ گیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معیشت برباد کر دی، ٹی وی پر مناظرہ کر لیں، ہر ناکام وزیر کا لیکچر نہ سنایا جائے، جو گیس نہیں دے سکا وہ اقتصادیات پر تقریر کرتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پرپوچھا کہ حماد اظہر آپ کو ٹی وی چیلنج کیا گیا ہے، کیا آپ جواب دیں گے؟ جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ میں ٹی وی کیا اس ایوان میں ان کو ان کے چیلنج کا جواب دونگا، ان کے پاس معیشت کے حوالے سے بات کرنے کے لئے کوئی بات نہیں تھی اور اسی وجہ سے ہمیں ساتویں جماعت کے مطالعے پاکستان کا لیکچر دے رہے تھے، ملک کو دیوالیہ کیا پھر پانچ اعشاریہ چار فیصد گروتھ ظاہر کی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں کراچی میں گیس کی قلت پر ایم کیو ایم اراکین کے توجہ دلائو نوٹس پر بات کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ مقامی گیس کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں، سب سے زیادہ تیزی سے سندھ میں گیس کم ہورہی ہے، سندھ چند سال میں گیس برآمد سے گیس درآمد والا صوبہ ہوگا، انڈسٹری کی طرف سے گیس کاٹنے پر حکم امتناع لے لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایک سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس انڈسٹری سے کراچی کوموسم سرما میں دی جاتی تھی، حکم امتناع ختم ہوجائے تو کراچی میں گیس سپلائی بہتر ہوجائے گی۔

دو کروڑ کی گاڑیاں واپس دلوائیں: محکمہ تعلیم کی چیف سیکریٹری سندھ سے استدعا

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ تعلیم سندھ نے 12 گاڑیوں کی واپسی کیلئے چیف سیکرٹری سے مدد طلب کرلی۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر کے پاس دو سرکاری گاڑیاں ہیں جبکہ سابق وزیر تعلیم سعید غنی نے بھی ایک گاڑی واپس نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق اسپیشل سیکرٹر ی رفیعہ حلیم کے پاس بھی ایک گاڑی ہے اور سابق وزیر کے اسٹاف افسر کے پاس بھی ایک گاڑی ہے۔
ذرائع کے مطابق نثار کھوڑو کے ذاتی پی آر او کے پاس بھی محکمے کی ایک گاڑی موجود ہےجس کے پیٹرول اخراجات بھی محکمہ تعلیم ادا کرتا تھا۔