All posts by Khabrain News

اومیکرون: یو اے ای میں لاک ڈاؤن نہ لگانے کا فیصلہ

متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) میں لاک ڈاؤن نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یو اے ای کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر تھانی الزیودی کا کہنا ہے کہ اومیکرون یا کورونا وائرس  کی کسی  بھی قسم کی وجہ سے ملک میں اب مکمل لاک ڈاؤن نہیں لگایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا کے دوران بھی ہم نے ملک کو لاک ڈاؤن نہیں کیا تھا  کیونکہ معیشت اور صحت کے شعبوں کے درمیان توازن  قائم تھا جبکہ  اومیکرون ڈیلٹا کے مقابلے میں بہت کم اثر انگیز ہے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ  مستقبل میں بھی ہم کورونا وائرس  کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی جانب نہیں جائیں گے۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے 2020 کے اوائل میں عالمی وباء پھوٹنے کے بعد لاک ڈاؤن اور سفری پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔ لیکن یہ پہلا ملک بھی تھا جس نے سخت حفاظتی اور احتیاطی تدابیر کو لاگو کرکے لاک ڈاؤن ختم کیا۔

ڈاکٹر تھانی الزیودی نے  کہا کہ 2021 اہم اور حوصلہ افزا اور معیشت کے لیے مثبت تھا اور 2022 کا آغاز بھی بہت مضبوط پیشگوئی کے ساتھ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے 2021 میں اپنی گولڈن جوبلی منائی اور دنیا کو ایکسپو 2020 میں خوش آمدید کہا۔ ہم نے دنیا کو دکھایا کہ  لاک ڈاؤن کے ساتھ نہیں رہا جاسکتا۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں جلد از جلد  کورونا کی صورتحال سے پہلے کے اصولوں پر واپس آنا ہوگا اور صحت اور معیشت کے درمیان توازن کو یقینی بنانا ہوگا۔

ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر مہنگا

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 15 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 176 روپے 23 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 38 پیسے ہو گئی ہے۔

عوام کے لئے بُری خبر، بجلی 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ مہنگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) منی بجٹ کی منظوری اور پٹرول ممکنہ مہنگا ہونے سے قبل بجلی کا جھٹکا، نیپرا نے بجلی 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی۔
بجلی کی قیمت میں اضافہ نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق اضافی وصولیاں جنوری کے بلوں میں کی جائیں گی، اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک اضافے کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے سبب پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک کے اضافے کا خدشہ ہے۔
آئل ریفائنریز کے اعداد شمار کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے حالیہ اضافے کے سبب پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت بڑھنے کا خدشہ ہے۔ امریکی خام تیل 2 ڈالر اضافے سے 81 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل ایک ڈالر 70 سینٹ اضافے سے 83 ڈالر 70 سینٹ میں فروخت ہورہا ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے سبب مقامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 25 پسے، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 75 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 50 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں اُتارچڑھاؤ کے بعد مندی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث اُتار چڑھاؤ کے بعد 153.05 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45763.20 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.33 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 13 کروڑ 4 لاکھ 71 ہزار 50 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

پیپلزپارٹی کا کسانوں کے مسائل پر آواز اٹھانے کیلئے ملک بھر میں ٹریکٹر مارچ کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی نے کسانوں کے مسائل پر آواز اٹھانے کے لیے ملک بھر میں ٹریکٹر مارچ کا اعلان کر دیا۔ نوید قمر اور شازیہ مری کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی سوچ رکھنے والوں کو یہاں کے کسان کے مسائل کا علم ہی نہیں، کھاد والا ٹرک گزرتا ہے تو لوٹ مار شروع ہو جاتی ہے۔
سید نوید قمر اور شازیہ مری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے چینی کی طرح کھاد کا بھی بحران پیدا کر دیا، انہیں کسانوں کے مسائل کا ادراک ہی نہیں۔ رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی منی بجٹ کیخلاف احتجاج کا ہر جمہوری طریقہ اختیار کرے گی، مہنگائی کے مارے عوام کو اس سے نجات دلائیں گے۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی۔

مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہونگے: چودھری پرویزالہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ مہنگائی کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہونگے، جمہوری حکومت کی مضبوطی کیلئے عوام کی پریشانیوں کو کم کرنا ہوگا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی لاہور میں جنرل سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب سینیٹر کامل علی آغا کی رہائش گاہ پر پہنچے اور کامل علی آغا کے بڑے بھائی ڈاکٹر کاظم علی آغا کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی وقاص حسن موکل اور آمنہ الفت سمیت مسلم لیگی رہنما و کارکن بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کاظم علی آغا کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی پڑھی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر گفتگو میں چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دیئے بغیر جمہوری حکومت کی بنیاد نہیں رکھی جا سکتی، ہمیں اندازہ ہے اس وقت ملک میں مہنگائی کا شدید طوفان برپا ہے، روز بروز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پریشان ہے، حکومت کو چاہیے عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کو فوری حل کرے، حکومت مہنگائی کم نہیں کر سکتی تو بڑھنے بھی نہ دے۔

ناظم جوکھیو قتل کیس: 5 ملزمان عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر عدالت سے فرار

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس میں 5 ملزمان عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر عدالت سے فرار ہوگئے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمان کی ضمانت منسوخ کر دی، جس پر وہ فرار ہوگئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ ہمارا نہیں انسداد دہشتگردی عدالت کا کیس ہے، ملزمان پر مقتول ناظم جوکھیو کو فارم ہاوس پر لانے اور تشدد کرنے کا الزام تھا۔

کراچی: خوشیاں ماتم میں تبدیل، چند روز قبل شادی کرنیوالا نوجوان ڈکیتی مزاحمت پر قتل

کراچی: (ویب ڈیسک) بے رحم لٹیروں نے خوشیاں ماتم میں بدل دیں، کراچی میں چند روز قبل شادی کرنے والا ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیا گیا، کشمیر روڈ پر ڈاکو شاہ رخ کی والدہ اور بہن سے چوڑیاں اتروانے کی کوشش کرتے رہے۔
کراچی والے مکمل طور پر ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر، ایک ہی دن میں تین افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیئے گئے۔ کشمیر روڈ پر گھر کی دہلیز پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 28 سالہ نوجوان شاہ رخ جاں بحق ہوگیا۔ مقتول اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق 2 روز بعد مقتول کا ولیمہ تھا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مقتول کی والدہ اور بہن رکشے میں گھر پہنچی، مقتول نے دروازے کھولا اور مزاحمت کرنے پر ملزمان کی گولی کا نشانا بنا۔
کلفٹن میں ڈاکوؤں نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ویر بھان نامی شہری سے 73 لاکھ روپے لوٹ لئے۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر کے متاثرہ شہری کو قتل کر دیا۔ لوٹ مار کے دوران مقتول اپنے بھائی کے ہمراہ موجود تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بینک کے اندر ملزمان کو متاثرہ شہری کا انتظار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ڈکیتی کا ایک اور واقعہ سپر ہائی وے بسم اللہ سینٹر کے قریب پیش آیا جہاں مزاحمت پر 55 سالہ عبدالقادر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
دوسری جانب پپری کے علاقے میں گھر میں فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے۔ پولیس کے مطابق مقتولین آپس میں رشتہ دار تھے۔ ابتدائی طور پر واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا معلوم ہوتا ہے، تاہم واقعہ میں مقتولہ کے شوہر اور اس کے بھائی کے ملوث ہونےکا شبہ ہے۔

منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے فیصلے کے بعد حریم شاہ کا پیسوں کی منتقلی سے انکار

کراچی: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کرنے کے فیصلے کے بعد رقم کی لندن منتقلی سے انکار کردیا۔
حریم شاہ کی حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ہزاروں پاؤنڈ لندن منتقلی کا اعتراف کررہی تھیں۔ حریم شاہ نے کہا تھا میں پہلی بار پاکستان سے ایک بھاری رقم لے کر لندن آرہی تھی۔ مجھے کسی نے کچھ نہیں کہا کیونکہ میں قانونی طریقے سے لندن آئی ہوں۔
حریم شاہ کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا۔
تاہم اب منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے اعلان کے بعد حریم شاہ نے پیسوں کی لندن منتقلی سے ہی انکار کردیا۔ حریم شاہ نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ میں نے نہ کبھی منی لانڈرنگ کی اور نہ ہی مجھے اس کے متعلق کچھ پتہ ہے۔
ٹک ٹاک اسٹار نے بتایا کہ میں نے وہ ویڈیو مذاق میں بنائی تھی۔ دراصل میں اپنے بھائی کے آفس میں آئی تھی جہاں کچھ رقم پڑی ہوئی تھی لہذا میں نے ان کی اجازت سے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی۔ اس کے علاوہ وہ رقم بھی غیر قانونی نہیں تھی اسلیے ہمیں ویڈیو بناتے وقت کوئی خوف نہیں تھا۔
حریم شاہ نے کہا جو منی لانڈرنگ کرتے ہیں وہ بتاکر نہیں کرتے۔ میں امیگریشن کلیئر کرکے قانونی طریقے سے آئی ہوں لہذا میں نے کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی۔
واضح رہے کہ انٹرنیٹ پر وائرل ہو نے والی ویڈیو میں حریم شاہ نے بتایا تھا کہ وہ پہلی بار بھاری رقم لے کر لندن پہنچ گئیں ہیں اور انہیں پاکستان کے ایئرپورٹ پر کسی نے نہیں روکا اور نہ روک سکتا ہے۔ ٹک ٹاکر کا کہنا تھا پاکستان میں قانون صرف غریب کے لیے ہے۔