All posts by Khabrain News

خاتون پولیس اہلکار کی نوجوان سے کیچڑ صاف کروانے اور تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل

مدھیہ پردیش: (ڈیلی خبریں) بھارت میں ایک خاتون پولیس اہلکار نے غلطی سے موٹر سائیکل لگ جانے پر نوجوان سے زبردستی اپنی وردی صاف کروائی اور تھپڑ بھی رسید کیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش میں نوجوان سے کپڑوں پر لگی کیچڑ صاف کروانے اور پھر تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر انتظامیہ نے نوٹس لے لیا اور خاتون اہلکار کانسٹیبل ساشی کالا کے خلاف محکمہ جاتی انکوائری شروع کردی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید وردی میں ملبوس ایک خاتون پولیس اہلکار نوجوان سے اپنے ٹراؤزر کے پائنچوں پر مٹی صاف کروا رہی ہیں اور پھر جاتے ہوئے نوجوان کو ایک تھپڑ بھی رسید کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نوجوان ریوا میں اپنی موٹر سائیکل ریورس کر رہا تھا اور ٹائر خاتون اہلکار سے ٹکرا گیا جس پر کچھ مٹی ٹراؤزر پر لگ گئی تھی۔

مودی سرکار کو دھچکا؛ 2 وزراء سمیت 5 ارکان اسمبلی کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

نئی دہلی: (ڈیلی خبریں) بھارتی ریاست اترپردیش میں 24 گھنٹوں میں دوسرے وزیر نے بھی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے 11 اضلاع کی 58 نشستوں پر انتخابات 10 فروری کو ہونے جا رہے ہیں تاہم اس سے قبل ہی ارکان اسمبلی کی ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جانے اور روٹھنے منانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مودی سرکار کی نفرت آمیز، متعصبانہ اور اقلیت مخالف پالیسیوں کے باعث دو وزرا اور 3 ارکان اسمبلی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔
تازہ استعفیٰ ریاست اترپردیش کے وزیر سوامی پرساد موریا کا آیا ہے جنھوں نے وزارت اور پارٹی چھوڑ کر سماج وادی پارٹی میں شمولیت حاصل کرلی اور بی جے پی پر دلتوں کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
قبل ازیں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان اسمبلی روشن لال ورما، بریجیش پراجاپتی اور بھگوتی ساگر نے پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔
حکمراں جماعت کے مستعفی ارکان نے اپنے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر اقلیتوں کے خلاف زہریلی تقریریں کرنے اور انھیں نظرانداز کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں گجرات کے قصاب نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد سے اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے اور گاؤ ماتا کی حفاظت کے نام اقلیتوں کو قتل کردینا عام بات ہوگئی ہے۔

سعودی عرب نے عمرے کیلیے ویزوں کے حصول کو مزید آسان بنا دیا

ریاض: (ڈیلی خبریں) سعودی عرب نے معتمرین کے لیے ویزہ کے حصول کو مزید آسان کرتے ہوئے ڈیجیٹل سہولت فراہم کردی۔
وزارت حج و عمرہ نے عمرہ کا ویزہ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’ای عمرہ گیٹ‘‘ متعارف کرایا تھا جس پر جاکر معتمرین محض چند ضروری معلومات فراہم کرکے فوری طور پر عمرہ ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ نے ای عمرہ گیٹ پر اندراج کے طریقہ کار کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس سہولت سے ان ممالک کے شہری فائدہ اُٹھاسکتے ہیں جہاں سے سعودی عرب آنے پر پابندی عائد نہیں ہے۔ ایسے ممالک کے معتمرین مندرجہ زیل طریقہ کار پر عمل کرکے عمرہ ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔
1- ای عمرہ گیٹ وزٹ کریں-
2- معتمرین وزارت حج و عمرہ کے لائسنس یافتہ ٹریولنگ ایجنسی کا انتخاب کریں-
3- اپنی سہولت اور آسانی کے مطابق مناسب پیکیج چنیں جس میں رہائش اور بنیادی سہولیات بھی شامل ہیں۔
4- منتخب کردہ پیکیج کی رقم ادا کریں۔
عمرہ ویزہ حصول کے خواہش مند افراد ’ای عمرہ گیٹ‘ پر اندراج کے بعد اپنے منتخب کردہ ٹریولنگ ایجنسی کے دفتر جائیں اور اپنا پاسپورٹ پیش کرکے عمرہ فارم پُر کریں اور اپنے وطن سے روانگی اور ادائیگی عمرے کے بعد واپسی کی تاریخ کی تصدیق کریں-
علاوہ ازیں آمد و رفت کے ٹکٹ، میڈیکل انشورنس اسکیم اور سعودی عرب کی منظور کردہ کورونا ویکسین کی مصدقہ سند پیش کریں تو ویزہ جاری کردیا جائے گا اس کے ساتھ ہی ایپ کے ذریعے عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت کی تاریخ اور وقت پیشگی حاصل کرلیں تاکہ بعد میں زحمت نہ ہو-

تنزانیہ میں سرکاری دورے کی کوریج کے دوران صحافیوں کی وین کو حادثہ، 14 ہلاکتیں

ڈوڈوما: (ڈیلی خبریں) تنزانیہ میں ایک سرکاری دورے پر حکام کے ساتھ جانے والے صحافیوں اور پروٹوکول کی گاڑیوں سے ایک مسافر بس ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک جب کہ 5 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تنزانیہ میں وکٹوریہ جھیل کے نزدیک ڈپٹی کمشنر ترقیاتی کاموں کے معائنے کے لیے صحافیوں سمیت پہنچے تھے۔ اس دوران ایک مسافر بس اوور ٹک کرتے ہوئے سرکاری گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 6 صحافی بھی شامل ہیں۔ حادثے میں ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے جب کہ دیگر ہلاک ہونے والوں میں مسافر بس میں موجود شہری شامل ہیں۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 5 زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ، پاکستان کے2 بولرزٹاپ 10 میں شامل

دبئی: (ڈیلی خبریں) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) نے ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی۔ پاکستان کے 2 بولرزٹاپ 10 میں شامل ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بولرز کی فہرست میں شاہین شاہ آفریدی اورحسن علی ٹاپ 10 بولرزمیں شامل ہیں۔
بولرز کی درجہ بندی میں پیٹ کمنز پہلے، روی چندرن ایشون دوسرے، کائیل جمیسن تیسرے، شاہین شاہ آفریدی چوتھے، کاگیسو ربادا پانچویں، جیمز اینڈرسن چھٹے، ساتویں جوش ہیزل ووڈ آٹھویں، نیل ویگنر نویں اور حسن علی دسویں نمبر پر ہیں۔
۔بیٹرز کی رینکنگ میں مارنس لبوشین کانمبر پہلا ہے۔ جو روٹ دوسری،سٹیون اسمتھ تیسری،کین ولیسن چوتھی،روہت شرما پانچویں،ڈیموتھ کورونا رتنے چھٹی، ڈیوڈ وارنر ساتویں،بابر اعظم آٹھویں، ویراٹ کوہلی نویں اور ڈین ایلجر دسویں پوزیشن پر ہیں۔ فواد عالم17ویں، عابد علی19 ویں اور اظہر علی 23 ویں نمبر پر ہیں۔

شاہد آفریدی نے اشنا شاہ کا دل کیسے جیتا، اداکارہ نے بتا دیا

کراچی: (ڈیلی خبریں) پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سے اتفاقیہ ملاقات کا تجربہ مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اشنا شاہ نے لکھا کہ انہوں نے شاہد آفریدی کے ساتھ ایک پرواز میں سفر کیا۔ اداکارہ نے کہا کہ پاکستان کے بڑے اسٹار کی عاجزی سے کافی متاثر ہوئی۔
اشنا شاہ نے کہا کہ ملاقات میں شاہد آفریدی نے میری حوصلہ افزائی کی اور مجھے دعائیں بھی دیں، شاہد آفریدی ہر اس شخص اور خاص طور پر بچوں سے خوشگوار طریقے سے ملے جو ان سے ملاقات کا خواہش مند تھا۔
اداکارہ نے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ ’لالا نے دل جیت لیا۔‘

ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا نے راہیں جدا کرلیں

ممبئی: (ڈیلی خبریں) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار ارجن کپوراور ملائکہ اروڑا نے 4 سال بعد راہیں جدا کرلیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا گزشتہ 4 برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے۔ تاہم اب دونوں نے اپنے دیرینہ تعلق کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 6 روز سے ملائکہ اپنے گھر سے باہر نہیں آئی ہیں۔ ایسا لگتا ہے انہوں نے خود کو گھر میں بند کرلیا ہے۔ میڈیا میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ارجن کپور سے تعلق ختم کرنے کے بعد ملائکہ اروڑا بہت زیادہ دکھی ہیں اس لیے وہ گھر سے باہر نہیں آرہی ہیں۔
وہیں دوسری جانب ارجن کپور بھی گزشتہ کئی روز سے ملائکہ سے ملنے ان کے گھر نہیں گئے ہیں۔ تین روز قبل وہ اپنی بہن ریحاکپور کے گھر ڈنر پر گئے تھے۔ ریحا کپور اور ملائکہ اروڑا کے گھر بہت قریب ہیں لیکن ارجن کپور، ریحا کپور کے گھر سے ڈنر کرنے کے بعد ملائکہ اروڑا سے ملنے نہیں گئے۔ دونوں ایک دوسرے کو مکمل طور پر نظر انداز کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ ملائکہ اروڑا نے 1998 میں سلمان خان کے بھائی ارباز خان سے شادی کی تھی جس سے ان کا ایک بیٹا ہے۔ بعد ازاں اس شادی کا اختتام 2016 میں ہوا تھا۔ دونوں میں علیحدگی کی وجہ بھی ارجن کپور کو ہی قرارد یا جارہا تھا۔ لیکن بہت عرصے تک ارجن اور ملائکہ نے اپنے رشتے کو پبلک نہیں کیا تھا۔
بعد ازاں دونوں نے 2019 میں اپنے تعلق کی تصدیق کردی تھی۔ میڈیا میں ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور دونوں کو عمر کے درمیان فرق کی وجہ سے کئی بار تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاچکا ہے۔

کم میک اپ کرنے کے مشورے پر جنت مرزا کا ایمن خان کو جواب

کراچی: (ڈیلی خبریں) معروف پاکستانی ٹک ٹاکر جنت مرزا کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ غصے میں لوگوں کو اپنے کام سے کام رکھنے کامشورہ دیتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
چند دن پہلے ایمن خان کے حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو کا ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں میزبان نے ان سے سوال پوچھا تھا کہ آپ ٹک ٹاکر جنت مرزا کو کیا مشورہ دیں گی؟ ایمن خان نے فوراً جواب دیا تھا ’’جنت کم میک اپ کیا کرو‘‘۔
ایمن خان کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹک ٹاکر جنت مرزا نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کسی کا بھی نام لیے بغیر کہہ رہی ہیں کہ آپ کو کسی کی بھی زندگی میں دخل اندازی کرنے کا کیا حق ہے؟
اس ویڈیو کے ساتھ جنت نے کیپشن لکھا ’’جب کوئی اپنے چہرے پر بہت زیادہ میک اپ اور سرجری کروانے کے بعد آپ کو کہے کہ میک اپ نہ کرو‘‘۔
جنت مرزا نے ویڈیو میں کہیں بھی ایمن خان کا نام تو نہیں لیا تاہم سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ خاموش پیغام ایمن خان کو ہی دیا ہے۔

مشہور تاریخی پینٹنگ 717 گیگا بائٹ کے ڈجیٹل کینوس پر منتقل

ایمسٹر ڈیم، ہالینڈ: (ڈیلی خبریں) شاید آپ نے مشہور یورپی مصور ریمبراں کا نام سنا ہوگا۔ ان کی ایک شاہکار پینٹنگ کا نام نائٹ واچ ہے جس میں رنگ، روشنی اور صورتحال کا خوبصورت امتزاج پیش کیا گیا ہے۔ اب اس کی انتہائی تفصیلی ڈجیٹل تصویر پیش کی گئی ہے جس کا حجم 717 گیگابائٹ ہے۔
اس طرح کسی بھی یورپی مصور کی بنائی گئی سب سے تفصیلی ڈجیٹل کاپی ہے۔ یہ پینٹنگ ایمسٹرڈم کے مشہور میوزیم میں رکھی ہے جسے دیکھنے کے لیے لوگوں کو تانتا بندھا رہتا ہے۔
1642 میں بنائی گئی اس پینٹنگ میں اس دور کی زندگی دیکھی جاسکتی ہے جس میں شہر کا حاکم بھی نمایاں ہے۔ اس تخلیق کو نائٹ واچ کا نام دیا گیا تھا۔
یہ تصویر 717 گیگا پکسل کی ہے اور اس کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کسی مشہور پینٹر کی یہ سب سے تفصیلی اور وضاحتی ڈجیٹل تصویر بھی ہے۔ اس کے لیے لگ بھگ ایک ایک گوشے 8439 انفرادی تصاویر لی گئی ہے۔ ہر تصویر 100 میگاپکسل کی ہے۔
جب تصویر کے انفرادی ٹکڑے بن گئے تو انہیں کمپیوٹر الگورتھم کی وجہ سے جوڑا گیا جس کے بعد 717 ارب پکسل کا ایک وسیع کینوس بن گیا۔ اس طرح تصویر کے ایک ایک گوشے کو زوم کرکے دیکھا جاسکتا ہے۔ لیکن ماہرین کے مطابق جب شائقین اسے دیکھیں گے تو وہ فنکار کی مہارت کے معترف ہوجائیں گے۔ اس طرح رنگوں کے ٹکڑے اور دیگر تفصیلات خردبینی انداز میں سامنے آتی ہیں۔
ڈجیٹل عکس نگاری کے لیے خصوصی کیمرے اور آلات بنائے گئے ہیں جو اس شاہکار کو مزید تفصیل سے دکھاتے ہیں۔

چاند پر دکھائی دینے والی ’پراسرار جھونپڑی‘ کی اصلیت معلوم ہوگئی

بیجنگ: (ڈیلی خبریں) گزشتہ ماہ چین کی خلائی گاڑی ’یُوٹو 2‘ نے چاند پر ایک پراسرار چیز دور سے دیکھی تھی جو کسی چوکور جھونپڑی کی طرح نظر آتی تھی۔ اب مزید قریبی تصاویر سے معلوم ہوا ہے کہ وہ کوئی جھونپڑی نہیں بلکہ ایک پتھر ہے۔
چینی خلائی ایجنسی کے سائنسدانوں نے اسے مذاقاً ’پراسرار جھونپڑی‘ کا نام دیتے ہوئے کہا تھا کہ دیومالائی کہانیوں کا ’جیڈ خرگوش‘ اسی جھونپڑی میں رہتا ہے۔
اگرچہ یہ سب صرف مذاق تھا لیکن کچھ لوگوں نے اسے اتنی سنجیدگی سے لیا کہ وہ ’چاند پر خلائی مخلوق کا ٹھکانہ دریافت‘ جیسے دعوے بھی کرنے لگے۔
اس ’پراسرار جھونپڑی‘ کی حقیقت جاننے کےلیے ’یوٹو 2‘ روور کو آہستہ آہستہ اس کی سمت بڑھایا گیا جو روور سے اندازاً 262 فٹ دور تھی۔
چاند گاڑی نے ہر روز صرف چند فٹ فاصلہ طے کیا کیونکہ یہ سفر بہت احتیاط طلب تھا۔ بالآخر تقریباً ایک مہینے بعد یہ ’پراسرار جھونپڑی‘ کے نزدیک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
اب ’یوٹو 2‘ چاند گاڑی نے اس ’پراسرار جھونپڑی‘ کی مزید تصاویر جاری کی ہیں جو خاصی قریب سے کھینچی گئی ہیں۔ ان سے معلوم ہوا ہے کہ یہ صرف ایک معمولی پتھر ہے جو نہ جانے کب سے وہاں پڑا ہوا ہے۔
اور تو اور، قریب سے دیکھنے پر یہ پتھر کسی بھی زاویئے سے جھونپڑی جیسا دکھائی نہیں دیتا۔
غالباً بہت زیادہ فاصلے اور کیمرے میں دھندلاہٹ کی وجہ سے ابتدائی تصویروں میں یہ پتھر ایک جھونپڑی جیسا دکھائی دے رہا تھا حالانکہ حقیقت اس سے بالکل ہی مختلف ہے۔
غرض چاند پر چرخہ کاتنے والی بڑھیا کی طرح ’پراسرار جھونپڑی‘ کا معاملہ بھی بالآخر اپنے اختتام کو پہنچا۔