All posts by Khabrain News

امریکی ڈالر مزید سستا

کراچی: (ڈیلی خبریں) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں تنزلی آنے لگی، امریکی کرنسی کی قدر 40 پیسے گراوٹ کے بعد 176 روپے 63 پیسے سے کم ہو کر 176 روپے 23 پیسے ہو گئی ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد تیزی

کراچی: (ڈیلی خبریں) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 35.12 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45916.25 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.08 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 12 کروڑ 53 لاکھ 11 ہزار 623 شیئرز کا لین دین ہوا۔

کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز اور پولیس میں جھڑپ، 20 ڈاکٹر گرفتار، احتجاجا شعبہ حادثات بند کرنے کی دھمکی

کوئٹہ: (ڈیلی خبریں) کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹروں اور پولیس کے درمیان جھڑپ کے دوران 20 ڈاکٹروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ احتجاجا شعبہ حادثات کو بھی بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
کوئٹہ کے سول ہسپتال سے ینگ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس اسٹاف ایسوسی ایشن نے احتجاجی ریلی نکالی اور زبردستی پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئیں رکاوٹیں ہٹا کر ریڈ زون کی طرف مارچ شروع کر دیا، انھیں روکنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
اس دوران ڈاکٹروں اور پولیس کے درمیان دھکم پیل ہوئی، جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کر دیا اور مشتعل ڈاکٹروں کو گھیسٹ کر پولیس وین میں گرفتار کر کے ڈال دیا۔ گرفتار ڈاکٹروں کے ساتھیوں نے انسکمب روڈ پر دھرنا دے دیا جبکہ سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی سروس کا بھی بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا جو بعد میں واپس لے لیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ 20 ساتھیوں کو گھیسٹ کر وین میں ڈالا گیا ہے، جس کے خلاف احتجاجا دھرنا دیا ہے۔

اپوزیشن ساڑھے تین سال سے حکومت کے جانے کی روز نئی تاریخ دیتی ہے: عمران اسماعیل

کراچی: (ڈیلی خبریں) گورنر سندھ عمران اسمائیل کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ساڑھے تین سال سے کوئی مارچ نہیں کر پائی، حزب اختلاف حکومت کے جانے کی روز نئی تاریخ دیتی ہے، رضا باقر کو ہر شخص نے شک کی نظر سے دیکھا، کہا گیا یہ آئی ایم ایف کے ایجنٹ ہیں لیکن وقت نے ثابت کیا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی کا فیصلہ درست تھا۔
کراچی میں فیوچر سمٹ کانفرنس سے خطاب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کرپشن نے پاکستان کے سسٹم کو تباہ کیا، شہباز شریف کے کلرک کے اکاونٹ سے 4 ارب روپے نکل آتے ہیں اور وہ کہتے ہیں مجھے کیا پتا، تاریخ پر تاریخ آتی ہے کہ اب حکومت جا رہی ہے، ان اعلانات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروع ہوتا ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر کام پر شک کرنے کی عادت ہے، گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی کے فیصلے پر بھی شک کیا گیا۔
تقریب سے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ حکومت کے اخراجات آمدن سے زیادہ ہیں، کورونا کے باوجود معیشت بہتر رہی، معاشی چیلنجز کے باعث عالمی اداروں کے آگے ہاتھ پھیلانا پڑا، ملک میں کورونا کے اثرات دیگر ممالک کے مقابلے میں کم رہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت درآمدات پر منحصر کرتی ہیں، عالمی سطح پر مہنگائی کا اثر ملک پر بھی پڑ رہا ہے، ہمیں برآمدات اور بچت کی شرح کو بڑھانا ہے۔

‘ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، معیشت کو ٹریک پر لائے، ریکارڈ قرض واپس کیا’

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، معیشت کو ٹریک پر لائے، ریکارڈ قرض بھی واپس کیا، کورونا کے دوران دنیا بھر میں مہنگائی ہوئی، اثرات پاکستان میں بھی آئے، صحت کارڈ سے امیروں کے اسپتالوں میں غریب علاج کرا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سخت فیصلے کر کے معیشت کو سنبھالا، ن لیگ معیشت کو دیوالیہ ہونے کے قریب چھوڑ گئی، ہم نے ان کی معاشی پالیسیوں کو رد کر کے صحیح راستہ اپنایا، ان کی غلطیوں کی وجہ سے ہمیں سخت فیصلے کرنے پڑے، کورونا کے دوران سپلائی چین بند ہونے سے مہنگائی ہوئی۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ فصلوں کی پیداوار (ن) لیگ دور سے زیادہ ہوئی، سب سے زیادہ یوریا کی فروخت 2021 میں ہوئی، ڈیمانڈ بڑھنے سے یوریا کی کمی آئی ہے، یہ اپنی بات کر کے چوروں کی طرح بھاگ جاتے ہیں، سندھ میں ریاست کا نظام کمزور ہوچکا ہے، عدالت کے ریمارکس ہیں کہ سندھ میں کوئی حکومت ہے ہی نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے صرف 300 ارب کے ٹیکسز لگائے ہیں، لگائے گئے ٹیکسز ایڈجسٹ ایبل ہیں، منظور چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے 4 ارب کہاں سے نکل آئے ؟ ہم نے نومبر، دسمبر اور جنوری میں ایل این جی کے 10 کارگو امپورٹ کیے، ان کے لگائے گئے ٹرمینلز کو 5 لاکھ ڈالر یومیہ دے رہے ہیں، ایل این جی کا ایک کارگو 10 ارب روپے کا ہے۔

شہباز شریف نے ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ تحقیقات لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیں

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) شہباز شریف نے ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ تحقیقات لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیں۔ درخواست امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی۔
درخواست میں نیب اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ایف آئی اے نے بد نیتی پر تحقیقات شروع کیں، جیل میں بھی شامل تفتیش کیا گیا، ایف آئی اے کی تحقیقات میں اب تک شہباز شریف کا کوئی بے نامی اکاونٹ سامنے نہیں آیا، منی لانڈرنگ کا کیس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے، ایک ہی الزام پر دو کیس نہیں بنائے جاسکتے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ حتمی فیصلے تک ایف آئی اے کو تحقیقات سے روکا جائے۔
درخواست میں عدال سے ایف آئی اے کی تحقیقات کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی۔

حکومت کا عثمان مرزا ویڈیو کیس کی خود پیروی کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وفاقی حکومت نے عثمان مرزا لڑکا، لڑکی تشدد اور جنسی ہراسگی کیس کی خود پیروی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملکیہ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عثمان مرزا لڑکا، لڑکی تشدد کیس میں ہونے والی پیش رفت کے بعد وزارت قانون و انصاف میں وفاقی وزیر قانون کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت قانون و انصاف مذکورہ کیس کی خود پیروی کرے گی۔
ملکیہ بخاری نے کہا کہ خاتون کو برہنہ کرنے کی ناقابل تردید ویڈیو اور فرانزک بطور ثبوت ریکارڈ پر موجود ہے، ایسے عمل کرنے والے کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیئے۔
واضح رہے کہ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملائیکہ بخاری اور آئی جی اسلام آباد شریک ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان سے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی ملاقات

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وزیراعظم عمران خان سے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان سے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں ملک کی فضائی حدود کے دفاع سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر گفتگو کی گئی۔

نواز شریف کی وطن واپسی کا معاملہ، اٹارنی جنرل نے پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا۔ خط میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر ماہرانہ رائے طلب کی گئی ہے۔
خط میں پنجاب حکومت کو کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹس پر ماہرین سے رائے لی جائے۔ ماہرین کی آراء کی روشنی میں ہی نواز شریف کی واپسی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر طبی ماہرین نے نواز شریف کی صحت بہتر قرار دی تو ان کے معالج سے رابطہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے نواز شریف کی عدم واپسی پر ان کے ضامن شہباز شریف کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ کابینہ نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی تھی کہ اس حوالے سے تمام قانونی آپشنز پر غور کرتے ہوئے عدالتوں سے رجوع کریں۔
کابینہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے عدالت میں بیان حلفی اور ضمانت واپسی کی خلاف ورزی کا مذاق اڑایا ہے۔ سابق وزیر اعظم جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد نومبر 2019 میں علاج کے بیرون ملک گئے تھے تاہم وہ اب تک واپس نہیں آئے۔

اے این ایف کا دائرہ اختیار ختم کرنے سے متعلق کیس،کے پی حکومت سے پیشرفت رپورٹ طلب

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں اے این ایف کا دائرہ اختیارختم کرنے سے متعلق کیس میں صوبائی حکومت سے پیشرفت رپورٹ طلب کر لی، جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ سمگلنگ مافیا، نارکوٹیکس مافیا، لینڈ مافیا کو قانون کی گرفت میں لانا ضروری ہے۔
جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی، جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ انسداد منشیات سے متعلق صوبائی حکومت کے قانون میں اختلاف کا جائزہ لیں گے، منشیات معاشرے کیلئے بہت بڑا مسئلہ ہے۔
پراسیکیوٹر اے این ایف نے بتایا کہ نئے قانون میں اے این ایف کے اختیارات کو محدود کر دیا، ایڈووکیٹ جنرل کے پی بولے کہ وزیراعظم نے اجلاس میں اے این ایف کو لیڈ ایجنسی کا رول دینےکی ہدایت کی ہے، انسداد منشیات کے قانون میں ترامیم کا مسودہ کابینہ نے منظورکر لیا ، اب صوبائی اسمبلی سے منظورہونا ہے۔