All posts by Khabrain News

بھارت سے میچز، پاکستان ’’بگ 4‘‘ سیریز میں قحط ختم کرنے کا خواہاں

لاہور: (ڈیلی خبریں) پی سی بی بھارت سے مقابلوں کا قحط ’’بگ فور‘‘ سیریز میں ختم کرنے کا خواہاں ہے جب کہ چیئرمین رمیز راجہ آئندہ آئی سی سی اجلاس میں پاکستان، بھارت،انگلینڈ اور آسٹریلیا پر مشتمل 4ملکی ٹی 20سیریز کرانے کی تجویز پیش کریں گے۔ ماضی میں آئی سی سی میں اجارہ داری قائم کرنے والا ’’بگ تھری‘‘ منصوبہ بنایا گیا، پہلے سے مالی طور پر مستحکم بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مفادات کا تحفظ ملا،دیگر وسائل کیلیے ان کے محتاج ہوئے،بالآخر عالمی کرکٹ میں پائی جانے والی بے چینی کو دیکھتے ہوئے اس سسٹم سے باضابطہ طور پر جان چھڑالی گئی مگر اب بھی بھاری کمائی کے زیادہ مواقع انہی تینوں ملکوں کو باہمی مقابلوں میں ملتے ہیں،ان کی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ آپس میں کھیلتے ہوئے اپنی تجوریاں بھرلیں۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ عالمی کرکٹ میں چوتھی سپر پاور کے طور پر پاکستان کا نام بھی درج کروانے کے خواہاں ہیں،ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق کپتان آئندہ آئی سی سی اجلاس میں 4ملکی ٹی 20سیریز سالانہ طور پر کروانے کی تجویز پیش کریں گے،یوں نہ صرف کہ دیگر بڑی ٹیموں بلکہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کو بھی آپس میں باقاعدگی سے میچز کھیلنے کا موقع ملے سکے گا۔ یاد رہے کہ پڑوسی ملکوں کی مابین آخری باہمی سیریز2012/13 میں ہوئی تھی جب گرین شرٹس نے بھارت کا دورہ کیا تھا۔ اس کے بعد بھارتی حکومت سیاسی کشیدگی کا ملبہ کھیلوں پر گراتے ہوئے کھیلنے سے انکار کرتی رہی ہے،دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی ایونٹس میں ہی مقابل ہوتی رہی ہیں جن سے ریکارڈ کمائی بھی ہوتی رہی۔ چیئرمین پی سی بی نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں بھی کہا تھا کہ سیاسی مشکلات کے سبب فی الحال باہمی مقابلے تو ہوتے نظر نہیں آتے، سہ ملکی سیریز کے ضمن میں پیش رفت ہوسکتی ہے،بورڈ کے سربراہ اب 4ملکی سیریز کی تجویز پیش کرنے کیلیے تیار ہیں۔ اسی انٹرویو میں رمیزراجہ نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے رواں سال دورہ پاکستان کا بیتابی سے انتظار کیا جارہا ہے۔ پاکستان میں پیدا ہونے والے کینگرو کرکٹر عثمان خواجہ نے ساتھی کھلاڑیوں کو اس ٹور پر آمادہ کرنے کیلیے دل کو چھولینے والا بیان دیا ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم 24سال بعد پاکستان آرہی ہے،اس دورہ میں 3ٹیسٹ، اتنے ہی ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں 3مارچ سے شروع ہونے والے پہلے طویل فارمیٹ کے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی، کرکٹ آسٹریلیا اور کرکٹرز ایسوسی ایشن اس ٹور کے حوالے سے گرین سگنل دے چکے ہیں۔ رمیز راجہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کئی بار آسٹریلوی کھلاڑیوں کو باور کروانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان کے دورہ پاکستان سے نئی نسل کے کرکٹرز، شائقین اور کھیل پر کیا مثبت اثرات مرتب ہوں گے، سیریز بھی ایک ایسے وقت میں شیڈول کی جارہی ہے کہ اسٹار کھلاڑیوں کی دستیابی میں دیگر مصروفیات آڑے نہ آئیں۔

نیوجرسی کی سینٹ میں بھارت میں سکھوں کی نسل کشی کیخلاف قرارداد منظور

واشنگٹن: (ڈیلی خبریں) امریکی ریاست نیوجرسی کی سینٹ نے بھارت میں سکھوں کی نسل کشی کیخلاف قرارداد متفقہ طورپرمنظورکرلی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق نیوجرسی کی سینٹ نے 1984 کے فسادات کو سکھوں کی نسل کشی قرار دیا۔ بھارت میں سکھوں کی نسل کشی کے خلاف قرارداد اتفاق رائے سے منظورکی گئی۔ قرارداد سینٹراسٹیفن ایم سوینی نے جنوری 2022 میں پیش کی تھی جس میں 1984 میں سکھوں کے خلاف تشدد کونسل کشی قراردیا گیا تھا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 1984 میں بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد نئی دہلی اور 20 سے زیادہ ریاستوں میں سکھوں کو باقاعدہ منصوبہ بندی کرکے نشانہ بنایا گیا۔بھارتی حکومت اورسیکورٹی اہلکاربھی نسل کشی میں شامل تھے۔انہوں نے سکھوں کے قتل عام کوروکنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ قرارداد کے مطابق 3 دن تک جاری رہنے والی سکھوں کی نسل کشی میں 30,000 سکھوں کو قتل کیا گیا۔ کچھ کو گھروں میں بند کرکے زندہ جلا دیا گیا تھا۔ 2015 میں امریکی ریاست کیلی فورنیا کی اسمبلی نے قرارداد منظورکی تھی جس میں سکھوں کی نسل کشی اورقتل عام کوتسلیم کیا گیا تھا۔

کراچی میں ندی سے 2 باریش نوجوانوں کی لاشیں برآمد

کراچی: (ڈیلی خبریں) گڈاپ کے علاقے میں ندی سے دو باریش افراد کی لاشیں ملیں ، جو تقریبا ایک ماہ پرانی معلوم ہوتی ہیں، فوری طور پر دونوں کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ وجہ موت کا بھی علم نہیں ہوسکا۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب گڈاپ کے علاقے ناردرن بائی پاس کے قریب نیک محمد بروہی گوٹھ میں ندی سے دو افراد کی لاشیں ملیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام اور پولیس موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں کی عمریں تیس سے پینتیس برس کے درمیان معلوم ہوتی ہیں ، دونوں لاشیں تقریبا ایک ماہ پرانی ہیں جبکہ دونوں باریش ہیں ، فنگر پرنٹ کے ذریعے بھی شناخت کی کوشش کی گئی لیکن لاشیں پرانی ہونے کے باعث فنگر پرنٹ کے ذریعے بھی شناخت نہیں ہوسکی۔ دونوں لاشوں کو ایک ہی کپڑے میں لپیٹ کر پھینکا گیا ہے ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر وجہ موت کا بھی علم نہیں ہوسکا ہے ، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ڈی این اے کے لیے بھی سیمپل لیبارٹری بھیجے جائیں گے جس کے بعد ہی شناخت کا عمل ممکن ہوسکے گا ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔

کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.0 ریکارڈ

کوئٹہ: (ڈیلی خبریں) کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، زلزلے کے بعد لوگ گھروں اور دکانوں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

خواجہ آصف کیخلاف ہرجانہ کا کیس، عمران خان کے وکیل کی دلائل کیلئے مہلت کی استدعا منظور

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں عمران خان کے وکیل کی دلائل کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے خواجہ آصف کی درخواست پر سماعت کی۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ولید اقبال ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ نوٹس نہیں ملا، میڈیا سے پتہ چلا، کل رات ہی وکیل مقرر ہوا ہوں۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کو دلائل کے لیے کتنی مہلت چاہئے ؟ اس پر وکیل ولید اقبال نے کہا کہ مجھے ایک ہفتے کا وقت دے دیں۔ عدالت نے عمران خان کے وکیل ولید اقبال کی جانب سے دلائل کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روکنے کے حکم امتناع میں 20 جنوری تک توسیع کر دی۔
خیال رہے خواجہ آصف نے ہرجانہ کیس میں عمران خان اور گواہوں کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کا آرڈر چیلنج کر رکھا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد عدنان نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر خواجہ آصف کا جرح کا حق ختم کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم اسپتال سے متعلق بیان پر 15 نومبر 2012 کو خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

آئی ایم ایف ڈیل کا بوجھ اب غریب عوام اٹھائیں گے: بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ معیشت پر کئے گئے فیصلے عوام کیلئے تکلیف دہ ہیں، آئی ایم ایف ڈیل کا بوجھ اب غریب عوام اٹھائیں گے، حکمرانوں نے اپنی ضد اور انا کی وجہ سے ایسے فیصلے لئے، آپ کہہ سکتے ہیں اپوزیشن جماعتیں نہیں مان رہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے نیشنل اکنامک ڈائیلاگ کی بات کی، آپ نے اس وقت انکار کر دیا، حکومت کی ضد تھی اپوزیشن سے بات نہیں کرے گی، حکومت نے تنہا جو فیصلے کیے اس کا نتیجہ عوام کو نظر آ رہا ہے، آپ آصف زرداری کی بات مانتے تو ہماری رائے لیتے، اتنے برے معاشی اشاریے ہم نے تاریخ میں نہیں دیکھے، آپ اپوزیشن کے مؤقف کو آئی ایم ایف میں پیش کر سکتے تھے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان مزید مہنگائی، بے روزگاری کا بندوبست کر رہے ہیں، ہم سچ کہہ رہے ہیں، یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے، یہ لوگ ٹیکسز کا سونامی لا رہے ہیں، جون میں کہا گیا تھا منی بجٹ نہیں لا رہے، منی بجٹ سے 1000 سی سی گاڑی کی قیمت میں 100 فیصد اضافہ ہوگا، ٹویٹر اور فیس بک کی جماعت نے آئی ٹی سیکٹر پر بھی ٹیکس لگا دیا، جو لوگ امداد بھیجیں گے اس پر بھی ٹیکس ہوگا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ ہم نے عوام دشمنی دیکھی، یہ تو ملک دشمنی ہے، یہ تو سلائی مشین پر بھی ٹیکس لگا رہے ہیں، سلائی مشین پر ٹیکس پر نہیں بولوں گا، آپ سمجھ گئے ہوں گے، آپ نے عام آدمی کی زندگی مشکل میں ڈال دی، مہنگائی اور بے روزگاری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

شین وارن نے ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کو استثنی دینے کا فیصلہ شرمناک قرار دے دیا

سڈنی: (ڈیلی خبریں) دنیائے کرکٹ پر راج کرنے والے شین وارن نے میڈیکل استثنیٰ پر آسٹریلیا میں انٹری پانے والے نمبر ون ٹینس سٹار نواک جوکووچ کو آل آؤٹ کر دیا، اس فیصلے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔
کورونا ویکسی نیشن معاملے پر سربین ٹینس سٹار کی ویزہ منسوخی پر عدالتی جنگ جیتنے پر انٹری بھی متنازع ہو گئی، لیجنڈری لیگ سپنر شین وارن نے نوواک جوکووچ کو استثنیٰ دینے کو شرمناک قرار دے کر انگلی اٹھا دی۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں سوالیہ انداز اپنایا کہ کیا یہ سچ ہے کہ نواک جوکووچ کا سولہ دسمبر کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور وہ اگلے ہی دن ایک تقریب میں شریک تھے، اگر ایسا ہے تو انہیں ویکسی نیشن کے بغیر میلبورن میں داخلہ کیسے ہوا اور یہ اجازت کس نے دی۔

اسٹیٹ بینک قانون کے بعد پاکستان غلام ملک بن جائے گا: احسن اقبال

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے پاس سوائے تقریروں کے کچھ نہیں، سانحہ مری کے دوران انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی، آئی ایم ایف پاکستان میں سخت ترین شرائط نافذ کر رہا ہے، اسٹیٹ بینک قانون کے بعد پاکستان غلام ملک بن جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دیوالیہ پن کا شکار ہے، وزیراعظم خوشحالی کی جانب جا رہے ہیں، عمران خان جب سے وزیراعظم بنے ان کی آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوگیا، حکومت اپنی نالائقی اور نااہلی پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان کی مالیاتی خود مختاری کا سودا کر رہی ہے، قائداعظم نے ہمیں انگریز سے آزادی دلائی، عمران نیازی ہمیں انگریز کا غلام بنانے جا رہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج قوم خاموش رہی تو اس کی سزا آنیوالے سالوں میں غلامی کی صورت میں ادا کرنی پڑے گی، قائداعظم نے اسٹیٹ بینک کو مالیاتی خود مختاری کی علامت قرار دیا تھا، آئی ایم ایف کا وائسرائے کراچی میں بٹھانے کی تیاری ہو رہی ہے، پاکستان کیساتھ جو تباہی ہونے جا رہی ہے اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی نااہلی ہے، حکومتی نااہلی سے آئی ایم ایف کو پاکستان پر سخت ترین شرائط لاگو کرنے کا موقع ملا، بیرونی سرمایہ کار پاکستان سے مزید پیچھے ہٹ جائیں گے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان میں نوجوان بیروزگاری کے ہاتھوں خود کشیاں کر رہے ہیں، دنیا کوویڈ 19 کا مقابلہ کر رہی ہے، پاکستان میں نوجوان بیروزگاری کے ہاتھوں خودکشیاں کر رہے ہیں، پاکستان میں مہنگائی ڈبل ڈیجٹس میں ہے، بھارت اور بنگلہ دیشں میں افراط زر سنگل ڈیجیٹ میں ہے، پاکستان میں مس گورننس کا روز نیا واقعہ ہوتا ہے۔

حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا مشن: شہباز شریف آج فضل الرحمان سے ملاقات کرینگے

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان اہم ملاقات آج ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ہوگی، جس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد، پی ڈی ایم کی تحریک، لانگ مارچ کو کامیاب بنانے پر مشاورت کی جائے گی۔ ملاقات میں منی بل کو ناکام بنانے کی حکمت عملی اور سانحہ مری میں حکومتی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

امریکہ میں خون کا بحران پیدا ہو گیا

واشنگٹن: (ڈیلی خبریں) امریکہ میں اومیکرون کے پھیلاؤ کے بعد خون کا بحران پیدا ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریڈ کراس کی جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عوامی اجتماعات پر پابندی اور تعلیمی اداروں میں بندش کی وجہ سے خون کا بحران پیدا ہوا ہے کیونکہ خون کے عطیات میں بڑی تعداد میں کمی واقع ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے اسکولوں سے ملنے والے سب سے زیادہ خون کے عطیات کی شرح 62 فیصد تک گر چکی ہے اور اس بڑی کمی کے بعد امریکہ میں خون کا بحران پیدا ہو گیا۔
کورونا وائرس کے باعث پروگرام ملتوی ہونے اور طبی عملے کی کمی کی وجہ سے بھی خون کے عطیات کی کمی کا سامنا ہے اور اس کی وجہ سے 10 فیصد تک خون کے عطیات میں کمی ہوئی۔
امریکہ میں خون کی قلت نے تھیلیسمیا اور اس جیسی دیگر ایسی بیماریاں جن میں خون کی منتقلی ضروری ہوتی ہے ان کے مریضوں کی زندگی موت کے خطرات سے دوچار ہو گئی ہے۔
ریڈ کراس کا کہنا ہے پہلے سے جمع کیے گئے خون کو محض ایک یا ڈیڑھ ماہ ماہ تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے اور اس کے بعد خون کی فراہمی بری طرح متاثر ہو جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ کورونا کے دوران جس طرح دوسرے ادارے اور کاروبار متاثر ہو رہے ہیں تو ریڈ کراس کو بھی اس سے بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔