All posts by Khabrain News

اب ٹویٹر پراین ایف ٹی پروفائل ڈسپلے لگایا جاسکتا ہے

سان فرانسسكو: (ویب ڈیسک) ٹویٹر پر مسلسل نظر رکھنے والے ایک ماہر نے بعض اسکرین شاٹ پوسٹ کئے ہیں جن میں ٹویٹر پروفائل تصاویر میں این ایف ٹی خاکہ دیکھا جاسکتا ہے جو بلاک چین پر بنا ہے اور صارف کو اس کی ملکیت ظاہر کرتا ہے۔
گزشتہ برس نومبرمیں ٹویٹر نے این ایف ٹی شامل کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ نان فنجیبل ٹوکن (این ایف ٹی) کی عالمی مقبولیت کے تحت ٹویٹر نے صرف این ایف ٹی کے اصل مالکان کو ہی اس کی سہولت فراہم کی ہے۔
اس کے بعد عام افراد بھی پروفائل پر کلک کرکے این ایف ٹی کی تمام ضروری تفصیلات جان سکتے ہیں۔ لیکن اس پر رائٹ کلک کرکے اسے ڈاؤن لوڈ نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ٹویٹر نے این ایف ٹی تصویر محفوظ بنانے کے لیے چھ کونوں والا پی ایف ی فارمیٹ پیش کیا ہے جو ڈجیٹل نقب زنی کو ناکام بناتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ این ایف ٹی کی خریدوفروخت کی بحثیں فیس بک کی بجائے ٹویٹرپرجاری ہیں۔ اسی ایپ پر لوگ این ایف ٹی تصاویر بھی شیئر کرتے ہیں اور بطورِ خاص ٹویٹراسپیس اس کا مرکز بن چکا ہے۔ تاہم اب بھی این ایف ٹی کی خریدوفروخت میں کاپیاں ہی دستیاب ہیں اور مکمل حقوقِ ملکیت نہیں دیئے جارہے ۔ اس طرح این ایف ٹی کے قانونی پہلو یا ان میں ترمیم کے بہت سے راستے ہیں جن پرغور کرنے کی ضرورت ہے۔
این ایف ٹی کی پوری دھوم کے باوجود صرف مٹھی بھر افراد ہی اس سے رقم بنارہے ہیں اور مخصوص لوگ امیر سے امیر تر ہوتے جارہے ہیں۔ لیکن سال 2021 میں اس کی حجم 25 ارب ڈالر دیکھا گیا تھا۔

وزیرِ اعظم عمران خان سے عامر ڈوگر کی ملاقات، قانون سازی پر گفتگو

وزیرِ اعظم عمران خان سے معاونِ خصوصی  سیاسی امور و چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر کی ملاقات ہوئی جس میں گذشتہ روز منعقد ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس اور قانون سازی پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم نے پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے اراکین کا اہم ملکی امور اور سپلیمنٹری فنانس بل کی منظوری پر شکریہ ادا کیا جبکہ وزیراعظم نے ملک عامر ڈوگر کی کوششوں کو بھی سراہا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس میں ممبران کی شرکت اور قانون سازی کے حوالے سے کارکردگی پر بھی رپورٹ طلب کی جبکہ عمران خان نے ملکی ترقی کیلئے پارلیمنٹ کے کردار کو مضبوط کرنے اور مؤثر قانون سازی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے ممبران کے حلقہ جات کے مسائل کے حل، ترقیاتی بجٹ کی فراہمی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےلیے شیڈول کا اعلان 21 جنوری کو ہوگا

سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے شیڈول کا اعلان 21 جنوری کو ہوگا۔
رواں برس سولہ اکتوبر سے اس میگا ایونٹ کا آغاز ہونا ہے، فائنل تیرہ نومبر کو رکھاگیاہے، مجموعی طورپر پینتالیس میچز کھیلیں جائیں گے، یہ کن شہروں اور کن تواریخ میں ہوں گے ، اس بارے میں ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
رپورٹس کےمطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان معاملات فائنل ہونے پر اکیس جنوری کو اس کا باقاعدہ اعلان کردیاجائے گا۔آسٹریلوی ٹیم کو اپنی سرزمین پر ٹائٹل کا دفاع کرناہے۔

آسٹریلین حکومت نے نوواک جوکووچ کا ویزہ دوبارہ منسوخ کر دیا

سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلین حکومت نے سربین ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کا ویزہ دوسری بار منسوخ کر دیا۔
کورونا ویکسین سے استثنیٰ کے معاملے پر آسٹریلیا داخلے کی اجازت نہ ملنے کے اقدام کو نوواک جوکووچ نے مقامی عدالت میں چیلنج کر دیا تھا،آسٹریلین عدالت نے حکومتی اقدام کالعدم قرار دیتے ہوئے سربین کھلاڑی کو آسٹریلیا داخل ہونے کی اجازت دیدی تھی۔
عدالت کے حکم کے باوجود آسٹریلوی حکومت اپنے موقف پر ڈٹ گئی تھی، حکام کا کہنا تھا کہ کسی غیر ملکی کو ویکسین سے استثنی کی بنیاد پر آسٹریلیا میں داخل ہونے کا حق حاصل نہیں، حکومت نوواک جوکووچ کو دوبارہ حراست میں لینے اور آسٹریلیا سے بے دخل کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے، اس موقف پر عملدرآمد اب دیکھنے میں آیا ہے اور سربین ٹینس کھلاڑی کا ویزا ایک بار پھر منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ملک بھر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ تگڑا ہوگیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی آئی، امریکی کرنسی کی قدر 31 پیسے گراوٹ کے بعد 176 روپے 38 پیسے سے کم ہو کر 176 روپے 7 پیسے ہو گئی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 پیسے کمی کے بعد 177 روپے 50 پیسے کا ہوگیا ہے۔

پشاور: ہفتے میں تین دن سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا حکم

پشاور : (ویب ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے سی این جی اسٹیشنز ہفتے میں تین دن کھولنے کا حکم دیدیا۔ پشاور ہائیکورٹ میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کے خلاف دائر درخواستوں پر عدالت نے مختصر فیصلہ سنایا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق سی این جی اسٹیشنز ہفتے میں تین دن صبح 9 سے 4 بجے تک کھلے رہیں گے جب کہ جمعہ، پیر اور بدھ کو اسٹیشنز کھلے رہیں گے۔ گیس بحران کے باعث ڈپٹی کمشنر نے دفعہ 144 نافذ کرکے سی این جی اسٹیشنز 20 جنوری تک بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

پاکستانی سیاست سے چاروں شریف مائنس ہیں: شیخ رشید کا دعویٰ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف آنا چاہتے ہیں آئیں، نہیں آنا چاہتے نہ آئیں، پاکستانی سیاست سے چاروں شریف مائنس ہیں، یہ چاہتے ہیں جو ہاتھ عمران خان کے سر پر رکھا گیا ان پر بھی رکھا جائے، وہ ہاتھ ان کی گردن پر تو آئے گا ان کے سر پر نہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن 2، 2 لانگ مارچ کر رہی ہے، اپوزیشن ایک ہی مارچ کرے تاکہ ٹوکرا آپ پر رکھ دیا جائے، 23 مارچ کو تاریخی پریڈ ہونے جا رہی ہے، او آئی سی کے مہمان بھی پریڈ دیکھنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی سے کوئی بھی آئی ایم ایف نہیں جاتا، خزانے کو اتنا لوٹا گیا کہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط بھی ماننا پڑیں، حکومت کا چوتھا سال ویسے ہی نکل جائے گا، پانچواں سال الیکشن کا ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ چین کا دورہ کریں گے، آج بھی وزیراعظم کو آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق آگاہ کیا، 3 سے 4 ماہ میں مہنگائی پر قابوپالیں گے، لوگ عمران خان سے چوروں کو جیل بھیجنے کی توقع کرتے ہیں، عمران خان کی حکومت 5 سال پورے کرے گی۔

وزیراعظم سے آرمی چیف کی ون آن ون ملاقات، ملکی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف کی ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی سکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
قبل ازیں وزیر اعظم کے زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہوئے۔ سینئر وزراء بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی طور پر بات چیت کی گئی۔

حکومت نے کورونا کی بوسٹر ویکسین کیلئے عمر کی حد کم کر کے 18 سال کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے انسداد کورونا کی بوسٹر ویکسین کی عمر کی حد کم کر کے 18 سال کر دی، مذکورہ فیصلہ این سی او سی کے آج ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
بوسٹر ویکسین کے لیے عمر کی حد میں کمی ،این سی او سی کے مطابق 15 جنوری سے 18 سال کی عمر کے افراد بوسٹر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ بوسٹر ویکسین پہلی ویکسی نیشن مکمل ہونے کے 6 ماہ بعد لگوائی جا سکتی ہے۔
حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے کورونا کی بوسٹر خوراک بھی بلا معاوضہ رکھی ہے تا کہ غریب شہری بھی کورونا وبا سے محفوظ رہ سکیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بوسٹر خوراک لگوانے والے شخص کو ایک ڈوز کے بدلے 1270 روپے ادا کرنا پڑتے تھے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کورم کی نذر، پیر تک ملتوی

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اراکین کی عدم دلچسپی کے باعث کورم کی نذر ہوگیا، سپیکر نے حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے غیر حاضر ہونے پر اجلاس ملتوی کردیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر محمود جان کی زیر صدارت ہوا جس میں اراکین اسمبلی کی عدم دلچسپی کے باعث کرسیاں خالی رہیں، رکن اسمبلی ثوبیہ شاہد نے کورم کی نشاندہی کرائی، گھنٹیاں بھی بجتی رہیں، سپیکر نے اجلاس پانچ منٹ کے لئے ملتوی کر دیا۔
اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو اراکین کی تعداد 19 رہی، اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اراکین کی عدم موجودگی کے باعث سوالات بھی لیپس ہوئے، اجلاس میں اراکین اور صوبائی وزراء کے عدم موجودگی سے نہ صرف بل کی منظوری بلکہ تحریک التواء پر بھی بحث نہ ہو سکی، خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بروز پیر دوپہر دوبجے تک ملتوی کردیا گیا۔