All posts by Sultan Malik

چینی سائنسدانوں نے کمپیوٹر کو ’سرکاری وکیل‘ بنا دیا

چینی ماہرین نے مصنوعی ذہانت کے استعمال سے ایک ایسا نظام بنا لیا ہے جو بالکل کسی سرکاری وکیل کی طرح کام کرتے ہوئے ملزم کے خلاف ریاست کی طرف سے بھرپور وکالت کرتا ہے۔
شنگھائی کے محکمہ قانون میں ابتدائی آزمائشوں کے دوران اس نظام نے 97 فیصد درستگی کا مظاہرہ کیا، جسے اطمینان بخش قرار دیا جارہا ہے۔
تفتیش کی غرض سے اس نظام کو کسی فوجداری (کریمنل) مقدمے کی تمام تفصیلات فراہم کی جاتی ہیں جنہیں کھنگالنے کے بعد یہ ’’سب سے زیادہ مشکوک ملزم‘‘ کی نشاندہی کرتا ہے۔
’’ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ‘‘ کے مطابق
یہ خودکار نظام فراڈ، جوئے، جان بوجھ کر حملے، چوری، کارِ سرکار میں مداخلت اور خطرناک ڈرائیونگ سمیت آٹھ اقسام کے جرائم شناخت کرسکتا ہے جبکہ اسی حساب سے مشکوک ترین ملزم اور جرم کی نوعیت کی نشاندہی بھی کرسکتا ہے۔
اس بارے میں چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ سرکاری وکیل کی جگہ نہیں لے گا، البتہ مقدمات کی کارروائی میں ان کی مدد اور رہنمائی ضرور کرے گا۔
واضح رہے کہ چین میں سرکاری وکلاء پہلے ہی مختلف مقدمات میں ’’سسٹم 206‘‘ کے نام سے شہرت رکھنے والے ایک سافٹ ویئر سے مدد لے رہے ہیں جو مصنوعی ذہانت سے لیس ہے۔
نیا نظام اسی سافٹ ویئر میں بہتری اور اضافہ جات کرکے تیار کیا گیا ہے جو کسی بھی کیس کی باریک ترین تفصیلات (پولیس رپورٹس، گواہوں کے بیانات اور شہادتوں وغیرہ) کو بڑی تیزی اور احتیاط سے ’’پڑھ‘‘ کر ان میں سے متعلقہ نکات منتخب کرتا ہے، ان کا تجزیہ کرتا ہے اور فیصلہ کرتا ہے کہ ملزم کو مجرم قرار دیا جائے یا نہیں۔
اس خبر کی اشاعت پر مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات سے وابستہ ماہرین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اگر اس نظام نے غلطی سے کسی بے گناہ کو مجرم قرار دے دیا تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟
سرِدست یہ نظام آزمائشی مرحلے پر ہے جسے کئی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہی بڑے پیمانے پر استعمال کیا جائے گا۔ ایسا کب ہوگا؟ فی الحال اس بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔

حکومتی پارلیمانی پارٹی اجلاس، شوکت ترین پر سخت سوالات کی بوچھاڑ

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کے دوران پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین پر سخت سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، وزیر خزانہ شوکت ترین نے پارلیمانی پارٹی کو منی بجٹ پر بریفنگ دی، ارکان پارلیمنٹ نے شوکت ترین سے سخت سوالات کیے۔
سلیم الرحمان نے کہا کہ ڈالر 180 روپے سے اوپر چلا گیا، وزارت خزانہ نے عوام کو مارکیٹ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔
اس پر شوکت ترین کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے ڈالر ریٹ زیادہ ہے، ڈالر کو 165 سے 170 کے درمیان ہونا چاہیے، امید ہے ہم آئندہ کچھ روز میں مصنوعی اضافے کو کنٹرول کرلیں گے۔
ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک کی خود مختاری سے متعلق بل پر بھی اعتراضات کیے گئے۔
رمیش کمار نے اجلاس کے دوران کہا کہ سٹیٹ بینک کی خودمختاری پر اعتراض نہیں لیکن آئی ایم ایف کی شرائط قابل تشویش ہیں۔ آئی ایم ایف کی شرائط پر پارلیمنٹ اور عوام کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
ارکان نے تائید کی کہ معاشی سیکورٹی سے متعلق خدشات کو دور کیا جانا ضروری ہے۔
اس پر وزیر خزانہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا جارہا ہے۔ آئی ایم ایف کی ہر بات پر ہاں نہیں کی، ان سے مذاکرات کرکے شرائط نرم کرائیں۔ اداروں کو خودمختار بنانا ہماری حکومت کی پالیسی ہے۔ بورڈ آف گورنرز حکومت تعینات کرے گی۔ بورڈ آف گورنرز سٹیٹ بینک کا گورنر تعینات کرے گی۔
اس دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میری حکومت میں کوئی ایسا کام نہیں ہو سکتا جس سے ہماری ملکی سالمیت متاثر ہو۔اسٹیٹ بینک کی خود مختاری ہمارے منشور میں تھی، اسٹیٹ بینک کے بورڈ کو خود تعینات کروں گا، اگلے 2 سے 3 مہینے میں مہنگائی نیچے جانا شروع ہوجائیگی، جو خسارہ 20 ارب ڈالر میں تھا وہ 2020 میں سرپلس ہو گیا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ امپورٹ بل بڑھنے سے روپے پر پریشر بڑھا اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھا ،2 سے 3 ماہ میں مہنگائی اور عارضی مسائل پر قابو پا لیں گے، افراط زر دنیا بھر میں بڑھی ہے، اسٹیٹ بینک کا بورڈ پارلیمنٹ کو جواب دہ ہو گا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پہلے سیاسی قیادت نوٹ چھپواتی رہی ہے جس سے معیشت متاثر ہوئی، دو فائدے ہوں گے، معیشت ڈاکومنٹٹڈ ہو گی اور ٹیکس میں اضافہ ہو گا۔
صالح محمد نے کہا کہ ترین مہنگائی پہلے سے تاریخ کی بلند سطح پر ہے، منی بجٹ سے مزید مہنگائی بڑھے گی جبکہ خان محمد جمالی نے کہا کہ آپ کہتے ہیں ہر سیکٹر ترقی کررہا ہے، پھر نئے ٹیکسز کیوں؟

اشرف غنی نے افغانستان چھوڑنے کی نئی کہانی سنا دی

افغان سابق صدر اشرف غنی نے افغانستان چھوڑنے کی نئی کہانی سنا دی۔
برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں اشرف غنی کا کہنا تھا کہ انہیں جہاز کے پرواز کرنے کے بعد پتہ چلا کہ وہ افغانستان چھوڑ رہے ہیں۔
اشرف غنی نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ 15 اگست کی صبح اٹھے تو ان کے ’گمان بھی نہیں تھا‘ کہ یہ افغانستان میں اُن کا آخری دن ہو گا۔
سابق افغان صدر کے مطابق سکیورٹی چیف نے کہا کہ کابل میں رہے تو سارے مارے جائیں گے۔
اشرف غنی خوست یا جلال آباد جانا چاہتے تھے لیکن طیارہ پرواز بھرنے کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ وہ افغانستان سے باہر جارہے ہیں۔

امریکی چڑیا گھر میں چیتے نے ملازم کا ہاتھ چبا ڈالا

امریکی ریاست فلوریڈا کے چڑیا گھرمیں چیتے نے ملازم کا ہاتھ چبا ڈالا۔
امریکی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکاروں نے فلوریڈا کے چڑیا گھرمیں ملازم کا ہاتھ چبانے والے چیتے کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چڑیا گھرمیں صفائی کرنے والے ملازم نے چیتے کے پنجرے میں ہاتھ ڈالا تو چیتے نے ملازم کا ہاتھ دبوچ لیا اورجسم سے الگ کردیا۔ پولیس اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کرچیتے کو ہلاک کردیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملازم کو پنجروں کی طرف جانے کی اجازت نہیں تھی اوربظاہروہ چیتے کو کچھ کھلانے کے لئے پنجرے کی طرف گیا تھا۔ شدید زخمی ملازم اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

عائشہ عمر اور اشنا شاہ صلاح الدین ایوبی سیریز کا حصہ بن گئیں

پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی چار نامور شخصیات ترکی اور پاکستان کی مشترکہ کوششوں سے مسلمانوں کے ہیرو صلاف الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والی ڈرامہ سیریز میں اداکاری کریں گے۔ عائشہ عمر اور اشنا شاہ بھی سیریز کا حصہ بن گئی ہیں۔
ایسوسی ایٹ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق اشنا شاہ، عدنان جیلانی، فرحان آغا اور عائشہ عمر کو کراچی اور لاہور میں سیریز کے لیے ہونے والے آڈیشن کے پہلے مرحلے میں منتخب کرلیا گیا ہے۔
آڈیشن میں 6 ہزار سے زائد پیشہ ورانہ اور ابھرتے ہوئے فنکاروں نے آزمائش کے لیے درخواستیں دیں۔ تاہم ان میں سے صرف 62 اداکاروں کو شارٹ لسٹڈ کیا گیا ہے۔ سیریز کو پاکستان اور ترک میں دکھایا جائے گا۔
سیریز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر اور معروف اداکار عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر جنید علی شاہ نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیریز کے لیے پُرجوش ہیں اور ڈرامہ سیریز پاکستانیوں کو ضرورت حیرت زدہ کرے گی۔
عدنان صدیقی نے مزید کہا کہ اس سیریز سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کے لیے دروازے کھل جائیں گے اور پاکستان ترکی کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں قدم جما سکے گا۔
ترک پروڈیوسر ایمرے کونک کا کہنا ہے کہ ترک پروڈکشن ہاؤس ’اکلی فلمز‘ اور پاکستانی ادارے ’انصاری اینڈ شاہ فلمز‘ کے مابین صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والی سیریز پر معاہدہ طے پاگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صلاح الدین ایوبی کی سیریز نے ریلیز ہونے سے قبل ہی مقبولیت حاصل کرلی ہے، اس کا انداز آڈیشن کے لیے موصول کی گئیں درخواستوں سے ہی لگایا جا سکتا ہے۔

فوج میں بحیثیت سپاہی 2 سال تک خدمات دینے والا ریچھ

جنگ عظیم دوم کے دوران پولینڈ کی فوج میں 2 سال تک خدمات انجام دینے والے ریچھ کی موت کے بعد اس کی یاد میں مجسمہ بنا دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ 1944 کی بات ہے جب دوسری جنگ عظیم اپنے عروج پر تھی، اس دوران پولینڈ کی فوج اٹلی کیلئے مصر سے اپنے سمندری جہازوں پر سوار ہو رہی تھی تا کہ وہاں جنگ میں حصہ لیا جائے جبکہ اسلحہ سپلائی پر ایک ریچھ مامور تھا۔
تاریخ اس ریچھ کو ووجٹیک کے نام سے جانتی ہے۔ پولینڈ کی فوج کو یہ ریچھ ایران میں لاوارث اور انتہائی کم عمری میں ملا تھا۔ اس کے بعد سے یہ ریچھ دو سال تک فوج میں بحیثیت ایک فوجی کے طور پر خدمات سر انجام دیتا رہا۔
ووجٹیک فوجیوں کے ساتھ ہی سوتا، ان کے ساتھ کھیلتا اور لڑائی کے دوران بھاری بھرکم وزن اٹھاتا۔ ایک سال بعد جب جنگ اختتام کو پہنچی تو ووجٹیک کی آخری قیام گاہ سکاٹ لینڈ میں ایڈنبرگ کا چڑیا گھر بنا، جہاں وہ کافی عرصہ رہا۔ اس کے سابق فوجی دوست وہاں آتے اور اس کے ساتھ وقت بتاتے۔ ریچھ کی موت کے بعد اس کا مجسمہ بنا دیا گیا۔

قومی اسمبلی ہنگامہ: تحریک انصاف کی رکن غزالہ سیفی کی انگلی فریکچر ہوگئی

قومی اسمبلی میں حکومت کی جانب سے ضمنی مالیاتی بل 2021 پیش کردیا گیا، اس دوران اپوزیشن ارکان نے سخت احتجاج کیا۔

بل پیش کیے جانے کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر اسپیکر ڈائس کے قریب جمع ہوگئے اور شدید احتجاج کیا۔

اپوزیشن ارکان نے مہنگائی کیخلاف نعروں پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اسی ہنگامہ آرائی کے دوران قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی خاتون رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے حکومتی جماعت تحریک انصاف کی رکن غزالہ سیفی کو  تھپڑ  دے مارا۔

انگلی فریکچر ہوگئی، غزالہ سیفی

واقعے کے بعد تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی ایوان سے باہر آگئیں اور اس دوران انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ’میرا ہاتھ مروڑا گیا ہے، انگلی فریکچر ہوگئی ہے‘۔

غزالہ سیفی نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی سے گاہے گاہے پوچھ لینا چاہیے کہ انہوں نے کہاں تعلیم حاصل کی ہے؟

تحریک انصاف کی رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ وہ اسپتال آئی ہیں جہاں ڈاکٹرز نے کہہ دیا ہے کہ ان کی انگلی میں فریکچر ہے، ان کا ایکسرے ہونا ابھی باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعے کیخلاف درخواست دیں گی۔ جیو سے گفتگو کرتے ہوئے غزالہ سیفی نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ انہوں نے شگفتہ جمانی کو جوابی تھپڑ بھی مارا کیوں کہ ان کے پاس اس وقت اور کوئی آپشن نہیں تھا۔

اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی کا مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

قطر میں طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ، اضافی معاوضہ منظور

دوحہ :  قطر میں کورونا وبا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

اس حوالے سے حمد میڈیکل کارپوریشن نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں کورونا کیسز میں اضافے ‏کے باعث کلینکل اور انتظامی عملے کے لیے منظور شدہ چھٹیوں کی درخواستیں منسوخ کر دی ‏گئی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طبی عملے کی منسوخ چھٹیوں کا فیصلہ آئندہ نوٹس تک نافذالعمل رہے ‏گا جب کہ عملے کے لیے اوور ٹائم کا معاوضہ طے کیا گیا ہے۔

انٹر بینک میں روپیہ تگڑا، ڈالر سستا

گزشتہ کاروباری روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 178روپے 24 پیسے تھی تاہم آج انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا دیکھا جارہا ہے، ڈالر کی قدر 73 پیسے کم ہوکر 177 روپے 51 پیسے پر بند ہوا ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 24 پیسے کمی ہوئی اور ڈالر 178 روپے پر ٹریڈ کر رہاہے.

گزشتہ روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 5 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

’ 72 ارب ڈالرکا منی بجٹ‘، شیخ رشید حساب کتاب بتاتے ہوئےگڑبڑا گئے

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد منی بجٹ کا حساب کتاب بتاتے ہوئےگڑ بڑا گئے اور منی بجٹ کو 72 ارب ڈالرکا قرار دے دیا۔

پارلیمنٹ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ منی بجٹ 350ارب  روپےکا نہیں، صرف 72ارب ڈالرکا ہے، تصحیح کرانے پرکہا کہ 72 ارب کا ہے، بوجھ صرف 2 ارب کا پڑےگا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شوکت ترین نےکہا ہےکہ17فیصدٹیکس عوام پر نہیں بلکہ کچھ چیزوں پر لگےگا۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ اتحادی حکومت کے ساتھ ہی ہوتے ہیں۔