All posts by Sultan Malik

‘مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں’:وزیر اعظم عمران خان

تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی اور معاشی صورتحال پر اجلاس ہوا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم کو ملک میں مہنگائی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی،  اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر گفتگو کی گئی۔

 ذرائع کے مطابق  اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر ٹیکسز کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم  عمران خان نے  وفاقی وزرا کو پرائس کنٹرول کمیٹیوں پر عملدرآمد کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے، وزراء اپنے حلقوں میں مصنوعی مہنگائی پر نظر رکھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیے جائیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو وارم اپ میچ میں 131 رنز کا ہدف دے دیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتےہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 130 رنز بنا لیے۔

دبئی میں کھیلے جارہے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم اوپنر ایک اچھا آغاز کرنے میں ناکام رہے۔

حسن علی نے 12 رنز کے اسکور پر ویسٹ انڈیز کے آندرے فلیچر کو آؤٹ کیا جنہوں نے صرف 2 رنز بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز کے دوسرے اوپنر 30 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، انہیں شاہین شاہ آفریدی نے حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ کروایا۔

عماد وسیم نے ویسٹ انڈیز کو تیسرا نقصان پہنچایا تو گیارھویں اوور میں اسکور 44 رنز تھا جس کے بعد حارث رؤف نے بڑی کامیابی حاصل کی۔

حارث رؤف نے ٹی ٹوئنٹی کے خطرناک بلے باز کرس گیل کی وکٹیں اڑائیں جنہوں نے 30 گیندوں پر صرف 2 چوکوں کی مدد سے 20 رنز کی ایک سست اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 130 رنز بنائے۔

کیرون پولارڈ نے آؤٹ ہوئے بغیر سب سے زیادہ 23 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

وارم اپ میچ؛ ویسٹ انڈیز کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ

عمان: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم آج ویسٹ انڈیز کے خلاف وارم اپ میچ میں مد مقابل ہے، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ میچز کا آغاز 24 اکتوبر سے ہوگا اور پاکستان اپنا پہلا میچ 24 تاریخ کو ہی بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

ڈالر کی قدر 173 روپے سے بھی تجاوز کرگئی

کراچی: ڈالر کے نرخ 173 روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔

ڈالر کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ، خام کی عالمی قیمت میں اضافے سے درآمدی بل اور مہنگائی میں مزید اضافے جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی اڑان جاری ہے۔

اس اڑان کے نتیجے میں ڈالر کے انٹربینک نرخ 173 روپے سے بھی تجاوز کرگئے اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 2.06 روپے کے اضافے سے ڈالر کے قیمت 173.24 روپے کے ساتھ بلند سطح پر پہنچ گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر خام تیل سمیت دیگر اہم کموڈٹیز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پاکستان کے نہ صرف درآمدی بل کے حجم میں نمایاں اضافے کے خطرات ہیں بلکہ مہنگائی کی شرح میں بھی اضافے کے خدشات ہیں جس سے انٹربینک مارکیٹ میں درآمدی ضروریات کے لیے ڈالر کی طلب بڑھتی جارہی ہے اور ڈالر کی قدر سنبھل نہیں پارہی۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے نئے اقدامات اور ایکس چینج کمپنیوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اوپن مارکیٹ سے افغانستان کو ڈالر کی اسمگلنگ پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے لیکن اس کریک ڈاؤن کے مطلوبہ اثرات انٹربینک مارکیٹ میں نظر نہیں آرہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان طویل دورانییے سے جاری مذاکرات میں تاحال قرض پروگرام کی بحالی سے متعلق کوئی واضح اشارہ سامنے نہیں آرہا ہے، یہی وجہ ہے کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی اڑان بے لگام ہوتی جارہی ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ ؛ آج سری لنکا اور نمیبیا، نیدرلینڈز اور آئرلینڈ آمنے سامنے

ابوظبی: آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ میں دوسرے دن سری لنکا کا سامنا نمیبیا سے ہوگا، آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں بھی آمنے سامنے ہوں گی۔

سابق چیمپئن سری لنکا اس بار سپر 12 میں براہ راست رسائی پانے میں ناکام رہا ہے ، آئی لینڈرز کو ابتدائی مرحلے میں ایسوسی ایٹ ممالک سے ٹکرانے کے بعد پیشقدمی جاری رکھنے کا موقع ملے گا، سری لنکن ٹیم کو اس بار ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا ساتھ میسر ہے، نمیبیا کی ٹیم 18 برس بعد بڑے اسٹیج پر واپس آئی ہے، سری لنکا نے 2014 میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ اپنے نام کیا جبکہ اسکے بعد ان کے تجربہ کار پلیئرز کی ریٹائرمنٹ کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے بعد انھیں بہترین متبادل کی تلاش کا چیلنج درپیش ہے۔

کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردنے، تلکارتنے دلشان، رنگانا ہیراتھ، لسیتھ مالنگا، نووان کولاسیکرا اور تیشارا پریرا نے بین الاقوامی کرکٹ سے رخصت لے لی تھی، رینکنگ میں تنزلی کے سبب سری لنکا کو اس بار پہلے راؤنڈ میں قسمت آزمائی کرنا پڑی ہے۔

سری لنکا کو انگلینڈ میں بائیو سیکیور ببل میں قواعد کی خلاف ورزی کرنیپر معطلی کا سامنا کرنیوالے نیروشن ڈکویلا، کوشل مینڈس اور دنوشکا گوناتلکے بھی ٹیم سے دوری اختیار کیے ہوئے ہیں، سری لنکا کا انحصار نوجوان پلیئرز پر ہے، اس میں 24 سالہ چیراتھ ایسالینکا، اویشکا فرنانڈو، کیمینڈو مینڈس اور سیمر چمیکا کرونا رتنے اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔

دنیش چندیمل اور کوشل پریرا کی موجودگی سے کپتان ڈوسان شناکا کا کام آسان ہوسکتا ہے، ونندو ہارا سنگھا بھی دنیا کے ٹاپ بولر بنے ہوئے ہیں، سری لنکن ٹیم 2003 کے ایڈیشن کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ مرحلے پر واپس آرہی ہے، افریقی ٹیم کی حالیہ پرفارمنس بہتر رہی ہے اور حریف ٹیموں کے لیے کسی طور پرآسان ہدف نہیں ہے۔

کپتان ایرسمس نے 3 نصف سنچریاں بنائیں، آل راؤنڈر جے جے سمٹ 168 کے اسٹرائیک ریٹ سے 190 رنز بنارکھے ہیں، کریگ ولیمز اور اسٹیفن بارڈ بھی ٹاپ آرڈر میں قیمتی رنز بنانے کی اہلیت رکھتے ہیں، نمیبیا نے سابق جنوبی افریقی انٹرنیشنل ڈیوڈ ویسی کو منتخب کیا ہے، پیر کو دن کا پہلا میچ دوپہر 3 بجے آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جائیگا۔

امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی روایات کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور مسز اینجلا کی ملاقات ہوئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور مسز اینجلا کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراور افغانستان کی حالیہ صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق  ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک امریکہ دو طرفہ تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق اس مو قع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دیرپا تعلقات اور دو طرفہ روابط کی روایت برقرار رکھنے کا خواہشمند ہے۔

آرمی چیف نےافغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی ناظم الامورمسز اینجلا نے افغان صورتحال اورعلاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

اس اہم ملاقات میں پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے امریکی ناظم الامورمسز اینجلا نے کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔

کوئٹہ سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب دھماکا

کوئٹہ میں ایک دھماکا سنا گیا ہے جس کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے تصدیق کررہے ہیں کہ اس کی نوعیت کیا تھی۔

پولیس کے مطابق دھماکا  سریاب روڈ پربلوچستان یونیورسٹی کے قریب ہوا ہے۔ اب تک دھماکے کی نوعیت اور اس سے ہونے والے نقصان کی کوئی اطلاع  موصول نہیں ہوئی ہے۔

مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں

بھارت میں بھوک کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ

بھارت میں بھوک کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔

بھارت ’گلوبل ہنگر انڈیکس‘میں شامل 116 ممالک میں 101 نمبر پر آگیا۔

بھارت میں بھوک کی شرح میں خطرناک اضافے پر اپوزیشن پارٹی کانگریس کے سینئر رہنما کپل سبل نے بھارتی وزیراعظم مودی کو طنزیہ مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ مودی جی آپ نے غربت اور بھوک کا خاتمہ کردیا، بھارت کو عالمی طاقت بنادیا۔

’گلوبل ہنگر انڈیکس‘ فہرست کے مطابق بھارت اپنے پڑوسی ملکوں نیپال، بنگلا دیش اور پاکستان سے بھی کافی نیچے آچکا ہے جب کہ اس فہرست میں پاکستان 92 نمبر پر ہے۔

امریکاکا کابل ڈرون حملےمیں جانبحق افرادکے لواحقین کومعاوضہ دینےکا اعلان

امریکی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ وہ ان 10 افراد کے لواحقین کو معاوضہ دینے کے لیے پر عزم ہے جو رواں برس اگست میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔

پینٹاگون کے ترجمان جان کربی کا جمعے کو جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ وزارتِ دفاع اس حملے میں بچ جانے والے افراد کی امریکہ منتقلی کے لیے وزارتِ خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق جان کربی کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ رواں ہفتے جمعرات کو وزارتِ دفاع کے انڈر سیکریٹری برائے پالیسی ڈاکٹر کولن کاہل اور غیر منافع بخش تنظیم کے صدر ڈاکٹر اسٹیون کون کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران اٹھایا گیا۔

جان کربی کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر کاہل نے امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن کو ان خاندانوں کی مدد کرنے کا اعادہ ظاہر کیا جس میں ان خاندانوں کو دیا جانے والا معاوضہ بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ 29 اگست کو امریکہ کے ڈورن حملے میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا تھا اس حملے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک ہوئے تھے جس میں سات بچے بھی شامل تھے۔

اس حملے کے کچھ دن بعد امریکہ کی فوج کے اعلیٰ ترین افسر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے بھی اس حملے کا دفاع کرتے ہوئے اسے درست قرار دیا تھا۔

جنرل ملی کا کہنا تھا کہ انہیں دیگر ذرائع سے بھی یہ معلوم ہوا تھا کہ اس حملے میں ہلاک ہونے والے افراد میں سے کم از کم ایک فرد داعش کا سہولت کار تھا۔

تاہم کچھ ہفتوں بعد امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل فرینک مکینزی نے اس حملے کو سنگین غلطی قرار دے کر کہا تھا کہ اس حملے میں معصوم شہری ہلاک ہوئے تھے۔

مائیکرو سافٹ کا ’لنکڈن‘ کو چین میں بند کرنے کا اعلان

کمپیوٹر ٹیکنالوجی کمپنی ’مائیکرو سافٹ‘ نے اپنی پروفیشنل مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’لنکڈن‘ کو دنیا کے سب سے بڑے چین میں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے ’ایجنسی پریس فرانس‘ (اے ایف پی) کے مطابق امریکی کمپنی نے اپنی بلاگ پوسٹ میں تصدیق کی کہ رواں برس کے اختتام تک چین میں وہ اپنی سوشل ویب سائٹ بند کردے گی۔

مائیکرو سافٹ کے مطابق چین میں ’لنکڈن‘ کو بند کرکے اس کی جگہ مقامی مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ان جابس‘ متعارف کرائی جائے گی۔

کمپنی نے اگرچہ تصدیق کی کہ لنکڈن کو چین میں رواں سال کے اختتام تک بند کردیا جائے، تاہم مائیکرو سافٹ نےاس کی بندش کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

اے ایف پی کے مطابق لنکڈن نے چینی حکومت کی جانب سے سخت قوانین بنائے جانے اور چینی صارفین کے ڈیٹا کی چوری کے الزامات کے بعد مذکورہ فیصلہ کیا۔

تاہم مائیکرو سافٹ نے اپنے بلاگ میں واضح طور پر اس بات کا ذکر نہیں کیا کہ انہوں نے چینی حکومت کی سختیوں کی وجہ سے مذکورہ فیصلہ کیا۔

لنکڈن کے آفیشل بلاگ میں بتایا گیا کہ کمپنی نے 2014 میں ہی چین میں مقامی ورژن کی ویب سائٹ بنانے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر رواں برس کے اختتام پر عمل کیا جائے گا۔

یہاں یہ بھی بات یاد رہے کہ چین میں عام سوشل اور مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹس جیسا کہ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور اسنیپ چیٹ کی جگہ وہاں کی مقامی ویب سائٹس زیادہ مقبول ہیں اور امریکی کمپنیوں پر وہاں سخت پابندیاں عائد ہیں۔

’لنکڈن‘ دنیا بھر میں پروفیشنل افراد کی سب سے بڑی ویب سائٹ تسلیم کی جاتی ہے، جسے لوگ اپنا پروفیشنل نیٹ ورک بڑھانے یا اس پر نوکری کی تلاش کا کام سر انجام دیتے ہیں۔

مائیکرو سافٹ نے ’لنکڈن‘ کو جون 2016 میں 2 ارب ڈالر سے زائد کی رقم میں خریدا تھا۔