All posts by Sultan Malik

جمشید اقبال چیمہ این اے 133لاہورکے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار نامزد

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 لاہور کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا امیدوار نامزد کردیا گیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہبازگل کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت لاہور کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں  ضمنی الیکشن کے لیے متفقہ طور پر جمشید اقبال چیمہ کو پاکستان تحریک انصاف کا امیدوار  نامزدکردیا گیا۔

خیال رہےکہ این اے 133 لاہور کی نشست گذشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے پرویز ملک کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔

2018 کے عام انتخابات میں پرویز ملک پی ٹی آئی کے اعجاز چوہدری کو ہرا کرکامیاب ہوئے تھے۔

پاکستان میں مزید 1236 افراد میں کورونا کی تشخیص

پاکستان میں آج مزید 1236 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1259718 تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آج مزید 1236 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جن میں سندھ سے 431 ، بلوچستان میں 8، گلگت بلتستان میں 2، خیبرپختونخوا میں 172 ، اسلام آباد میں 88، آزاد کشمیر میں 12 جبکہ پنجاب میں 523 کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد اس وقت سندھ میں 463248 ، بلوچستان میں 32117 ، خیبرپختونخوا میں 176366 ، اسلام آباد میں 106289 ، گلگت بلتستان میں 10361 ، پنجاب میں 436965 اور آزاد کشمیر میں 34372 مریض موجود ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے آج مزید 38 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 28201 ہوگئی جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 4058 ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس سے 9 ، اسلام آباد میں کورونا سے 3 ، خیبرپختونخوا  میں کورونا سے 9 ،بلوچستان میں کورونا سے 2 جبکہ  پنجاب میں کورونا وائرس سے 15 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 28201 ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق مریضوں کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سندھ 7514، بلوچستان میں 352، خیبرپختونخوا میں 5666 ، آزاد کشمیر میں 740 ،اسلام آباد میں 936 ، گلگت بلتستان میں 186 ، پنجاب میں 12807 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

گاڑی کھڑی کرنے پر جھگڑا، ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر عمران شاہ فائرنگ سے زخمی

گوجرہ میں قومی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر اولمپیئن عمران شاہ اور ان کے بھائی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گوجرہ کے علاقے قائداعظم روڈ پردکان کےسامنےگاڑی کھڑی کرنےپر اولمپیئن عمران شاہ کا جھگڑا ہوا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ  3 دکان داروں نے اولمپیئن عمران شاہ اور ان کے بھائی پر تشدد کیا اور فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

پولیس کے مطابق اولمپیئن عمران شاہ اور ان کے بھائی کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی گئی جبکہ واقعے کے بعد دکان دار فرارہوگئے۔

طالبان کا آپریشن، داعش سے تعلق رکھنے والے 4 جنگجو ہلاک

طالبان نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش خراساں کے خلاف آپریشن تیز کردیا۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے افغان صوبے ننگر ہار میں دہشتگرد تنظیم داعش خراساں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ طالبان فورسز  نے صوبہ ننگر ہار کے دارالحکومت جلال آباد میں 2 الگ الگ مقامات پر آپریشن کیا۔

رپورٹس کے مطابق طالبان کے آپریشن میں داعش سے تعلق رکھنے والے 4 جنگجو مارے گئے ہیں۔

طالبان کے آپریشن کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سابق ترجمان اور اقوام متحدہ میں افغانستان کے نامزد سفیر سہیل شاہین نے کہا تھاکہ داعش کے خلاف کارروائی کیلئے کسی ملک کی مدد کی ضرورت نہیں، ہم خود دہشت گرد حملوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں داعش کی جانب سے طالبان فورسز پر بھی اسی صوبے میں حملے کیے گئے تھے۔

ناروے میں مسلح شخص نے تیر کمان سے حملہ کرکے کئی افراد کو ہلاک کردیا

ناروے میں مسلح شخص نے تیر کمان سے حملہ کرکے کئی افراد کو ہلاک اور زخمی کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق  ناروے کے جنوب مشرقی قصبے کونگسبرک (Kongsberg) میں مسلح شخص نے  تیر کمان سے  حملہ کرکے کئی افراد کو ہلاک اور زخمی کر دیا۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک ہلاکتوں کی تعداد واضح نہیں ہے جبکہ  زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور نے علاقے کے متعدد مقامات پر شہریوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد اسےگرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے محرکات کا فوری طور پر علم نہیں ہو سکاجبکہ واقعہ سے متعلق تفتیش جاری ہے ۔

جی 20 اجلاس افغانستان کی مالی امداد کا فیصلہ

نیویارک (نیٹ نیوز) افغانستان کو مدد درکار ہے، لیکن طالبان کو فنڈز نہیں ملیں گے۔ دنیا کی20 بڑی معیشتوں کے سربراہان حکومت اور وزرائے خارجہ نے ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران افغانستان میں مزید سرمایہ فراہم کرنے پر اتقاق کیا۔تاہم طالبان کو فنڈز دینے کی بجائے دیگر طریقوں پر غور کیا گیا۔اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے انتباہ کیا تھا کہ جنگ سے متاثرہ ملک افغانستان کی معیشت، جو اب طالبان کے کنٹرول میں ہے، انسانی تباہی کے دہانے پر پہنچ رہی ہے۔ اس عالمی کانفرنس کی میزبانی اٹلی کے وزیر اعظم ماریو ڈراگی نے کی۔گوتیرس نے جی-20 کے رہنماوں کے افغانستان سے متعلق ایک غیر معمولی اجلاس سے چند گھنٹے قبل نیویارک میں کہا تھا کہ اگر ہم نے اس ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے افغان باشندوں کی مدد نہ کی تو جلد ہی اس کی بھاری قیمت نہ صرف افغانستان بلکہ پوری دنیا کو چکانی پڑے گی۔یہ اجلاس طالبان کی جانب سے اگست کے دوران افغانستان پر قبضہ کرنے کے بعد پہلی بار ہوا جس میں افغانستان کی صورت حال پر اظہار خیال کیا گیا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے نیویارک میں کہا کہ افغان شہریوں کے پاس کھانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ ان کے پاس روزگار نہیں ہے، انہیں اپنے حقوق کا تحفظ حاصل نہیں ہے جس کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ افغان باشندے اپنے ملک سے فرار ہو کر دوسرے علاقوں کی طرف جائیں گے۔ موجودہ صورت حال میں وہاں غیر قانونی منشیات، مجرمانہ سرگرمیاں بڑھنے اور دہشت گرد نیٹ ورکس مضبوط ہونے کےخطرے میں اضافہ ہو گا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے انتباہ کا جی -20 کانفرنس پر فوری اثر ہوا اور اٹلی کے وزیر خارجہ لوئجی ڈی ماریو نے کہا کہ افغان ریاست کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے اقدامات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔یورپی یونین نے سربراہی اجلاس کے دوران افغانستان کو ایک بڑی انسانی اور سماجی و معاشی تباہی سے بچانے کے لیے ایک ارب 15 کروڑ ڈالر کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا۔کانفرنس کے رہنماوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان آبادی کے لیے فوری انسانی امداد کیسے فراہم کی جائے اس کے علاوہ رہنماوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور لوگوں کو ملک کے اندر اور باہر نقل و حرکت کی آزادی کے لیے طالبان کو قائل کرنے بھی بات کی۔اقوام متحدہ کے تازہ ترین اعداد و شمارکے مطابق صرف اس سال کے دوران لڑائیوں کے باعث بے گھر ہونے والے افغان باشندوں کی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ ہے۔ تقریبا ایک کروڑ 70 لاکھ افغان باشندوں کو خوراک کی قلت کا سامنا ہے اور پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کی نصف تعداد کو نہ تو مناسب غذا میسر ہے اور نہ ہی کرونا وائرس کی وبا کے دوران علاج معالجے کی سہولت۔اگست کے وسط میں طالبان کے افغانستان پر کنٹرول سے پہلے افغانستان کے سرکاری اخراجات کا تین چوتھائی حصہ دوسرے ممالک اور بین الاقوامی امدادی ادارے پورا کرتے تھے۔ بین الاقوامی امداد افغانستان کی مجموعی قومی پیداوار کا 43 فیصد تھی اور یہ سلسلہ گزشتہ دو دہائیوں سے جاری تھا۔لیکن عالمی سطح پر طالبان حکومت تسلیم نہ کیے جانے کے نتیجے میں افغانستان کے بین الاقوامی فنڈز منجمد ہو گئے ہیں۔ امریکہ نے طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد امریکی بینکوں میں موجود افغانستان کے ساڑھے 9 ارب ڈالر کے ذخائر منجمد کر دیے ہیں۔جب تک فنڈز اور ذخائر جاری نہیں کیے جاتے، افغانستان کے لیے خود کو معاشی تباہی سے بچانا ممکن نہیں ہو گا۔ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور آزاد تجزیہ کاروں نے ایک بڑے انسانی بحران کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عشروں سے غربت اور جنگ میں گھرے ہوئے افغان باشندوں کے مصائب اور مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔اٹلی کے وزیراعظم نے کانفرنس کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے پہلے ہمیں افغانستان میں انسانی بحران پر قابو پانے کے لیے کام کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں معیشت کو تباہی سے بچانے اور بینکنگ نظام کو زندہ رکھنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان پناہ گزینوں کی امداد سمیت اس بات کو یقینی بنانے پر بات چیت کی کہ افغانستان کو دوبارہ بین الاقوامی دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے سے روکنے کے لیے کن اقدامات کی ضرورت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افغانستان میں لوگوں بالخصوص خواتین کے حقوق اور تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔اٹلی کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں طالبان کو فنڈز دیئے بغیر ریاست کو سرمایہ فراہم کرنے کا طریقہ کار ڈھونڈنا ہو گا، تاکہ اسے معاشی تباہی سے بچایا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے، کیونکہ اس حکومت میں شامل 17 افراد کے نام دہشت گردوں کی عالمی فہرست میں شامل ہیں۔

طالبان حکومت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ، پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بند کرنے پر غور

اسلام آباد: طالبان حکومت اور افغان سول ایوی ایشن کے غیر پیشہ ورانہ رویہ کے خلاف پی آئی اے انتظامیہ نے افغانستان کے لئے فلائٹ آپریشن بند کرنے پر غور شروع کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان حکام کی جانب سے پی آئی اے فلائٹ آپریشن میں مداخلت اورافغان سول ایوی ایشن کے عدم تعاون کے سبب معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ اس ضمن میں عدم تعاون کے سبب قومی ائیر لائن کا افغانستان کیلئے فلائٹ آپریشن معطل کرنے پر غور بھی کیا جا رہا ہے اور افغانستان کے لئے جاری فلائٹ آپریشن معطلی کا فیصلہ آئندہ چند روز کیے جانے کا امکان۔

ذرائع کے مطابق افغان سول ایوی ایشن اور طالبان حکومت کا رویہ غیر پیشہ ورانہ ہے عدم تعاون کے باعث پی آئی اے کو افغانستان کیلئے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیراعظم سے ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں  پاک ایران دوطرفہ تعلقات کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے تجارتی، معاشی اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے پاک ایران بارڈر کو ‘امن اور دوستی‘ کی سرحد قرار دیا اور دونوں اطراف کی سکیورٹی بڑھانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

سرحد پر مارکیٹس کے قیام کے معاہدے پر بھی بات چیت پر وزیراعظم نے کہا کہ ان مارکیٹوں سے خطے میں روزی روٹی میں آسانی ہوگی۔

وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازع پر ایران کی مثبت کردارکو سراہا۔

ملاقات میں افغانستان میں تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس حوالے سے وزیراعظم کا کہناتھا کہ افغانستان کے پڑوسیوں کی حیثیت سے پاکستان اور ایران کا امن اور استحکام سے براہ راست تعلق ہے، پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان اور پائیدار معیشت کا خواہشمند ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغانستان میں بین الاقوامی برادری مثبت طور پر اپنا کردار ادا کرے، افغانستان میں معاشی تباہی کو روکنے کیلئے اقدامات کرنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے قومی مفاہمت اور جامع سیاسی تصفیے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے صدر رئیسی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی صدر کی دورہ پاکستان کی دعوت کو دہرایا۔

طالبان حکومت نے کابل کے مشہور ’بش بازار‘ کا نام تبدیل کردیا

افغانستان میں برسر اقتدار آنے والی طالبان حکومت نے کابل کے مشہور ’بش بازار‘ کا نام تبدیل کر دیا۔

یہ بازار 2001 میں افغانستان پر امریکی حملے کے بعد قائم ہوا تھا اور اس کا نام اُس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے نام پر ’بش بازار‘ رکھا گیا تھا۔

طالبان کی جانب سے بازار کے نئے جام کا بینر لگایا جارہا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
طالبان کی جانب سے بازار کے نئے جام کا بینر لگایا جارہا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے اب اس بازار کا نام ’مجاہدین بازار‘ رکھ دیا ہے اور بازار کے داخلی دروازے پر نئے نام کا بینر بھی لگا دیا ہے۔

اس سے قبل طالبان کابل کے ہوائی اڈے اور کابل یونیورسٹی کا نام بھی تبدیل کر چکے ہیں۔

سندھ میں 12 ربیع الاول کو عام تعطیل کا اعلان

حکومت سندھ نے 12 ربیع الاول کے موقع پرصوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 12ربیع الاول 19 اکتوبر بروز منگل جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صوبے میں عام تعطیل ہوگی۔

خیال رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے 12 ربیع الاول کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظرکراچی سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر  بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

خواتین، بزرگ ، بچے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار اور صحافیوں پر ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔