ممبئی (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور اور اداکار سیف علی خان کے درمیان شادی کے بعد اب تک کوئی بھی ناخوشگوار خبر سننے میں نہیں آئی اور دونوں ہی بہت پرسکون زندگی گزارنے میں مصروف ہیں۔تاہم کرینہ کپور نے ایک انکشاف کرکے سب کو حیران کردیا ہے بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران کرینہ کپور نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے مجھے کہا کہ شادی کے بعد کسی بھی اداکارہ کا کیرئیر ختم ہو جاتا ہے اور ابھی سیف علی خان کے ساتھ شادی نہ کرنا لیکن میں اپنے فیصلے سے پیچھے نہ ہٹی۔ اب جب میں ایک ماں بننے جا رہی ہوں، میں جانتی ہوں کہ لوگ اس پر بھی ایک لیبل لگا دیں گے لیکن اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ کوئی چیز مجھے کام کرنے سے نہیں روک پائی اور میں اچھی طرح جانتی ہوں کہ ذاتی اور پیشہ وارانہ زندگی کو ایک دوسرے سے الگ کیسے رکھنا ہے۔ میں جانتی ہوں کہ یہ بہت ہی بہترین تجربہ ثابت ہو گا لیکن میں یہ نہیں چاہتی کہ گھر بیٹھوں، ہم ہر آنیوالے دن کو نئے دن کی طرح ہی لیں گے۔کرینہ کپور نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ کام کروں اور چھٹیاں بھی مناﺅںگی، اس لیے کچھ بھی تبدیل نہیں ہونے جا رہا۔ جب میں بچے کیساتھ ایک روٹین میں آ جاﺅں گی تب ہی جان پاﺅں گی کہ میں کیا محسوس کرتی ہوں۔ فی الحال میں تو میں ایک اسکرپٹ پڑھ رہی ہوں جو بہت ہی زبردست ہے۔ لوگوں نے کہا تھا کہ شادی کے بعد مجھے کام نہیں ملے گا لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ میں نے زیادہ کام کیا۔ سیف نے ہمیشہ مجھ سے کہا کہ دیکھا تم نے شادی کے بعد زیادہ کام کیا اور بچہ پیدا ہونے کے بعد بھی ایسا ہی ہو گا۔