لاہور(شوبز ڈیسک) معروف گلوکار علی عظمت اورعلیسیا ڈائس نے بھارتی مظالم کیخلاف اورکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آئی کیو جینئس میڈیا پروڈکشن کے تحت خصوصی گیت ریکارڈ کرلیا جسکے پراجیکٹ ڈائریکٹر عمر احسن ہیں گانے میں گلوکار عمیر جیسوال بھی پرفارم کر رہے ہیں۔ علی عظمت کاکہناتھا بھارت مقبوضہ وادی کشمیر میں عرصہ دراز سے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیے ہوئے ہے۔اس نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا جیسے فلسطین انسانوں کی جیل بنا ہوا ہے۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تیار ہونیوالے گانے میں بھارت کو بھی پیغام دیا گیا کہ وہ اس طرح کے مظالم سے باز آجائے۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ پاکستان کیلئے کام کریں اور کشمیری بھائیوں کی مدد کریں، خطے کا استحکام کشمیر میں امن سے ہی منسلک ہے اگر کشمیر میں یونہی خون بہتا رہے گا تو اس خطے میں امن نہیں آسکتا۔