نامور اداکارہ سے تفتیش ….40اداکاروں پر پابندی….

لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور پولیس نے اداکارہ قسمت بیگ قتل کیس کی تفتیش مکمل ہونے تک اداکارہ نرگس‘ اداکار نسیم وکی‘ آفرین اور پروڈیوسر علی رضا کو لاہور سے باہر جانے سے روک دیا ہے۔ یہ اداکار اور اداکارائیں ان 40 افراد میں شامل ہیں جن سے پوچھ گچھ کی گئی ہے اور انہیں بھی لاہور چھوڑ نے سے روک دیا گیا ہے۔ ان میں اداکارہ قسمت کے خاندان کے افراد اور بہن ستارہ بھی شامل ہے۔ ستارہ کے کہنے پر پولیس نے ماہ نور ‘ نسیم ‘ آفرین اور نرگس سے پوچھ گچھ کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے قسمت کے قریب رہنے ان سے ملنے جلنے اور چاہنے والے تمام افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ان کے نام بھی ستارہ نے ہی بتائے ہیں۔ ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انگریزی اخبار ایکسپریس ٹربیون کو بتایا کہ ہم ملزموں کیخلاف ٹھوس ثبوت ‘ شواہد اور شہادتوں کی تلاش میں ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس افسروں کی لاہور کے تمام تھیٹروں میں ڈیوٹی لگا دی گئی ہے تاکہ وہ اداکارہ قسمت کی آخری چند روز کی مصروفیات کی تفصیلات اکٹھی کرسکیں۔ موبائل ڈیٹا کی مدد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اداکارہ قسمت کا قتل سے تھوڑی دیر اداکارہ ماہ نور سے جھگڑا ہوا تھا۔ قتل کے روز پولیس اور سی آئی اے کے حکام نے ماہ نور سے پوچھ گچھ کی تھی اور اسے گھر جانے کی ادجازت دیدی گئی تھی۔ پولیس قسمت کے سابق شوہر رضا مزمل کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری طرف سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تاہم باخبر ذرائع کے مطابق سی آئی اے نے ملزم گرفتار کرلئے ہیں۔ قتل کا محرک پیشہ ورانہ رقابت بتایا ہے۔ سی سی پی او لاہور ایک دو روز میں پریس کانفرنس کے دوران ملزموں کو میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کو 9وکٹوں سے پچھاڑ دیا

بنکاک (آئی این پی) ویمن ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ میں پاکستان ویمنزکرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو 9وکٹوں سے شکست دے کر اتوار کو کھیلے جانے والے کے فائنل کیلئے راہ ہموار کر لی ہے ۔پاکستان ویمنز ٹیم نے44رنز کا معمولی ہدف 10ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا،پاکستان کی جانب سے جویریہ خان 26اورارم جاوید 17رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔پاکستان ویمنز ٹیم اپنا اگلا میچ3دسمبر کو تھائی لینڈ ویمنز کیخلاف کھیلے گی۔تفصیلات کے مطابق بنکاک میں جاری ویمن ایشیا کپ کے میچ میں بنگلہ دیش ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا ۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش ویمنز کی پوری ٹیم16ویں اوور میں صرف 44رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ بنگلہ دیش کی جانب سے صرف 2 کھلاڑی جہاں آرا عالم اور رومانہ احمد ڈبل فیگر میں پہنچ سکیں ۔پاکستان کی جانب سے ثنا میر نے 3، ایمن انور نے 2،عالیہ ریاض،انم امین ،جویریہ خان اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔جواب میں پاکستان ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 10ویں اوور میں صرف ایک وکٹ پر پورا کر لیا ۔ جویریہ خان نے 26 اورارم جاوید نے 17رنز اسکور کیے جبکہ عائشہ ظفر2رنز بنا کر آﺅٹ ہوئیں۔

سمیعہ کی پر اسرار موت ….تشویش میں ڈرامائی موڑ ….پولیس افسران سمیت سیاستدان ملوث

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چنبہ ہاﺅس میں 40 سالہ خاتون سمیعہ چودھری کی پراسرار موت کی تفتیش میں ڈرامائی موڑ آیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کیس میں 3پولیس افسران، 9 سیاستدان ملوث ہو سکتے ہیں جس کا فون کال ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے جس کی مدد سے معاملہ کسی نتیجہ تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا اعلیٰ سیاسی شخصیات کو بچانے کے لیے کیس بند کرنے کی کوشش تیز کردی گئی ہیں۔ اس کیلئے ورثاءسے لکھوایا جائے گا کہ وہ کیس کی پیروی ہی نہیں کرنا چاہتے۔

جیالے ایک ایسی ”چیز“ پر ٹوٹ پڑے کہ خدا کی پناہ۔۔۔

لاہور (لیڈی رپورٹر) پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر لاہور میںبلاول ہاوس کے باہر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس دوران کارکنان کیک پر ٹوٹ پڑے۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت لاہور میں ان کی رہائش گا ہ پر یوم تاسیس منایا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو آصفہ بھٹو کی وہیل چیئر کو خود دھکیل کر تقریب میں لائے ،آصفہ بھٹو چند روز قبل بلاول ہاوس میں گر گئی تھیںجس کے باعث ان کے پاوں میں شدید چوٹ آئی تھی، کارکنان کی جانب سے بلاول بھٹو کا جلسہ گاہ میں شاندار استقبال کیا گیا،یوم تاسیس کی تقریبات چھ ستمبر تک جاری رہیں گی۔لاہور بلاول ہاوس میںیوم تاسیس کی تقریب میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ،قمر زمان کائرہ سمیت دیگر سینئر رہنماوں و کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماوں اور کارکنان سے ملاقاکتیں کیں اور سیلفیاں بھی بنوائیں، جلسہ گاہ میں پارٹی ترانوں پروالہانہ رقص اور جئے بھٹو کے نعرے گونجتے رہے، بلاول ہاوس کے باہر اس وقت نظمی پیدا ہوئی جب یوم تاسیس کے حوالے سے کیک کاٹا گیا، کیک کاٹنے کی دیر تھی کہ جیالوں نے پر جوش انداز میں کیک پر یلغار کر دی، اور کیک حاصل کرنے کے لئے خوب جوہر دکھائے، کارکنوں نے کیک کھانے کیلئے ٹیبلوں پر پڑے چمچوں اور پلیٹوں کو زحمت نہ دی ،جس کے ہاتھ جتنا کیک آیا لے اڑے۔

راحیل شریف کا دیوانہ دنیا چھوڑ گیا, آرمی چیف کی توسیع کیلئے بھوک ہڑتال کر رکھی تھی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کیخلاف بھوک ہڑتال کرنیوالے لطیف شبلی چل بسے، بیٹے کا دعویٰ ہے کہ ان کے والد نے زہر کھا کر خودکشی کرلی۔ کراچی پریس کلب پر ایک ماہ سے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کیخلاف بھوک ہڑتال کرنیوالے لطیف شبلی دنیا میں نہ رہے۔ لطیف شبلی کے بیٹے کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے زہر کھا کر موت کو گلے لگایا۔ واضح رہے کہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے آرمی چیف کے عہدے کی مدت میں توسیع نہ لینے کا اعلان کیا تھا، 29 نومبر کو ایک پروقار تقریب میں انہوں نے فوج کی کمان نئے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے حوالے کی۔ جس پر دلبرداشتہ ہو کر اس نے زہر کھا لیا۔ اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ گزشتہ روز جانبر نہ ہو سکا اور انتقال کر گیا۔

عابد شیر علی بارے نوازشریف کا اہم نوٹس۔۔۔

اسلام آباد (نیٹ نیوز) وزیر اعظم نواز شریف نے عابد شیر علی کے بیانات کا نوٹس لے لیا،بیانات دینے سے روک دیا۔دنیا نیوز کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے عابد شیر علی کے بیانات کا نوٹس لے لیا ہے،وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ عابد شیر علی کو ایسے بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے،وزیر مملکت آئندہ ایسا کوئی بیان نہ دیں۔

ڈیئر نواز شریف آپ کی اچھی ساکھ ہے، جب چاہیں فون کریں

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران انہوں نے نو منتخب امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ،اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے نوازشریف سے کہا کہ میری طرف سے پاکستانیوں کوبتادیجیے کہ وہ بہت اچھے لوگ ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلیفونک رابطے کے دوران الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور پاکستان کے دورے کی دعوت دی جس پر نومنتخب امریکی صدر نے نوازشریف کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شاندار شہریوں کا ملک ہے آناپسند کروں گا۔اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ آپ جب چاہیں مجھے فون کر سکتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلیفونک رابطے میں نوازشریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک اچھی ساخ کے مالک ہیں ،اور آپ بہت عمدہ کام کررہے ہیں جو ہر طرح سے عیاں ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ میں آپ سے جلد ملاقات کا خواہاں ہوں ،مجھے آپ سے بات کر کے ایسے محسوس ہورہاہے جیسے میں آپ کو بہت پرانا جانتاہوں۔پاکستان انتہائی شاندار ملک ہے اور یہاں پر بہت سے مواقع موجود ہیں۔ٹرمپ کا کہناتھا کہ میری طرف سے آپ پاکستانیوں کو بتا دیجے گا کہ پاکستانی قوم بہت ذہین اور محنتی ہے،میں جن پاکستانیوں کو جانتا ہوں وہ بہت منفرد پاکستانی ہیں۔انہوں نے وزیراعظم نوازشریف کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ تصفیہ طلب معاملات کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔

”بلاول اپنے نانا اور والدہ کی طرح مینار پاکستان یا ناصر باغ جلسہ کریں“ معروف صحافی ،کہنہ مشق تجزیہ کار ضیا شاہد کی چینل ۵ کے پروگرام میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) خبریں گروپ کے چیف ایڈیٹر سینئر صحافی و تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے کہ اگر بلاول بھٹو پنجاب کو فتح کرنا چاہتے ہیں تو اپنے نانا اور والدہ کی طرح مینار پاکستان میں جلسہ کریں۔ ہو سکتا ہے کہ 2018ءکے انتخابات میں پنجاب میں پی پی اور (ن) لیگ کی آپس میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو جائے لیکن اگر نہیں بھی ہوتی تو دونوں کے درمیان مفاہمت موجود ہے۔ پیپلزپارٹی سسٹم کو بچانے اور جمہوری طرز عمل کو آگے بڑھانے والی فورس ہے جبکہ تحریک انصاف موجودہ نظام کو جمہوریت تسلیم ہی نہیں کرتی۔ چینل ۵ کے تجزیوں و تبصروں پر مشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کبھی حکومت بھی رہے اور نہ ہی کبھی دھاندلی کی۔ اس لئے یہ سیاست میں زیادہ موزوں رہیں گے۔ البتہ پی پی کا ورکرز کنونشن مینار پاکستان یا ناصر باغ میں ہونا چاہئے تھا، بند کمروں یا محلوں میں جلسہ نہیں جلسیاں ہوتی ہیں۔ ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر نے جب مینار پاکستان جلسہ کیا تو وہاں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 1970 میں جب بھٹو نے پارٹی منشور بنایا تھا تو اس میں سب سے پہلے یہ تھا کہ اسلام ہمارا دین ہے، جمہوریت ہماری سیاست ہے، سوشلزم ہماری معیشت ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں لیکن آصف زرداری بہت دیر پہلے پی پی منشور سے اسلام ہمارا دین ہے اور سوشلزم ہماری معیشت کو داخل دفتر کر چکے ہیں۔ اب زرداری کا بیان آیا ہے کہ جمہوریت ہماری سیاست ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بلاول بھٹو اپنے منشور میں کن پرانی چیزوں کو شامل کرتے ہیں اور کس کو نکالتے ہیں۔ پیپلزپارٹی اپنا نیا نعرہ کیا لاتی ہے۔ ضیا شاہد نے کہا کہ عمومی طور پر ملک میں تحریک انصاف کو ووٹ لینے میں دوسرے نمبر پر دیکھا جاتا ہے لیکن خورشید شاہ کہتے ہیں کہ انہوں نے ان کو کنٹینر پر بچایا ورنہ یہ ختم ہونے والے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میثاق جمہوریت کے تحت 2018ءتک پرسکون طریقے سے چلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوانی میں جب پیپلزپارٹی کو دیکھا تھا، پہلی دفعہ ذوالفقار بھٹو سے ملنے ان کے گھر گیا تو اس وقت وہ وزیر نہیں تھے لیکن ان کے گھر کے باہر لوگوں کا جم غفیر تھا۔ پی پی نے لاہور میں علامہ اقبال کے صاحبزادے جاوید اقبال کے خلاف امیدوار کھڑا کیا تھا جس میں فتح پیپلزپارٹی کی ہوئی تھی۔ پیپلزپارٹی ماضی کی شاندار جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سیاست میں نوجوانوں کو دیکھنا چاہتے ہیں، نہ کہ بوڑھوں کو بلاول کا سیاست میں آنا خوش آئند ہے۔ بے نظیر کو بھی انکل پسند نہیں تھے۔ ذوالفقار بھٹو نے ملک معراج خالد، معراج محمد خان اور مصطفی کھر کو جانشین مقرر کیا تھا لیکن محترمہ پسند نہیں کرتی تھیں۔ آصف زرداری کا ذاتی طور پر مداح ہوں وہ بڑے مزاحیہ آدمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اطلاع کے مطابق نوازشریف نے زرداری کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے مشورہ مانگا تھا۔ پانامہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ضیا شاہد نے کہا کہ عدالتوں کا احترام کرتا ہوں، فیصلہ آنے تک کوئی رائے نہیں دوں گا اور عدالتوں کو چاہئے کہ وہ ان میڈیا کے خلاف ایکشن لیں جو آرمی چیف یا جج صاحبان کی تقرری، تبدیلی یا ریٹائرمنٹ کے حوالے سے خبریں دیتے ہیں۔ بعض ٹی وی چینلز کے بارے میں سنا ہے کہ ان کے خلاف ایسی خبریں چلانے پر ایکشن ہوا لیکن طاقتور میڈیا ہاﺅسز ابھی بھی خبریں چلا رہے ہیں اور ان کے خلاف کوئی ایکشن بھی نہیں ہوتا۔ یہ انتہائی قابل اعتراض بات ہے، سب کے ساتھ انصاف ہونا چاہئے۔ صدر سپریم کورٹ بار رشید رضوی نے کہا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کو ضرورت سے زیادہ آزادی مل گئی ہے۔ بغیر تصدیق عدالتی خبریں دیتے رہتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے بھی سینئر وکیل حامد خان کے حوالے سے میڈیا پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ایسی خبریں دینے والے میڈیا ہاﺅسز پر توہین عدالت لگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جج کسی ایک ریمارکس پر فیصلے کا دارومدار نہیں ہوتا۔ لیکن میڈیا فیصلہ آنے سے پہلے ہی فیصلہ اخذ کر لیتا ہے۔ تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے بھی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے یہ کہہ کر بات کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ وہ جو بات کریں گے عدالت میں کریں گے اور ہونا بھی اسی طرح چاہئے۔ پرنٹ میڈیا ایسا نہیں کرتا تھا لیکن الیکٹرانک میڈیا آﺅٹ آف کنٹرول ہو چکا ہے۔ 80,70 چینلز کھل گئے ہیں، بغیر تصدیق کے جج صاحبان بارے میں خبریں دیتے رہتے ہیں۔ نمائندہ چینل ۵ عطیہ زیدی نے کہا ہے کہ بلاول ہاﺅس میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر جنوبی پنجاب اور سندھ کے عوام زیادہ جبکہ لاہور سے بہت کم تھے۔ پہلا یوم تاسیس ہے جس پر سب سے زیادہ خرچہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلاول بھٹو کو پنجاب میں فول پروف سکیورٹی نہیں دے رہی تھی لیکن آصف زرداری نے نوازشریف کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں کہا کہ وہ یوم تاسیس پر بلاول ہاﺅس میں کنونشن کرنا چاہتے ہیں شاید اس وجہ سے فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی۔ ہو سکتا ہے کہ 2018ءکے انتخابات میں پنجاب میں پی پی اور نون لیگ کی آپس میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی ہو جائے۔

ببرک شاہ کی’ ’مولا وے“ 23دسمبرکو ریلیز ہوگی

لاہور(کلچرل رپورٹر)اداکار ببرک شاہ کی ڈائریکشن اور پروڈکشن میں بننے والی فلم”مولا وے “23دسمبرکو نمائش کےلئے پیش کی جائے گی جس کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔اس فلم کی انفرادیت یہ ہے کہ اس میں ببرک شاہ نے فلم کی کہانی سے لے کر ایکٹنگ اور ڈائریکشن سے بیک گراﺅنڈ میوزک تک پندرہ سے زیادہ شعبوں میں اکیلے کام کیا جو ایک طرح سے دنیا بھر میں منفردریکارڈ ہے۔فلم کی کہانی ایک نوجوان لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو جعلی ادویات کے خلاف جنگ کا آغاز کرتا ہے جس میں اسے منفی طاقتوں سے بھی ٹکرانا پڑتا ہے۔فلم کا مرکزی کردار ببرک شاہ نے کیا جبکہ دیگرکاسٹ میں تیمورشاہ ،راحیلہ آغا ،اورنگزیب لغاری،راشدمحمود،محمدحسین،جہانگیر خان اور اچھی خان شامل ہیں۔

کرن تعبیرکا آئٹم گرل بننے سے انکار

لاہور(کلچرل رپورٹر)اداکار کرن تعبیرنے فلم میں آئٹم گرل بننے سے انکار کردیا ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ کرن تعبیرکو حال ہی میں لاہورسے تعلق رکھنے والی یک نئی کمپنی نے اپنی فلم میں آئٹم گرل بننے کی پیشکش کی جس پر انہوں نے انکار کردیا ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ فلم کا پروڈیوسر اس کےلئے کرن تعبیرکو منہ مانگا معاوضہ بھی دینے کےلئے تیار تھا لیکن اس کے باوجود بھی وہ کام کے لئے راضی نہ ہوئیں۔ اس بارے میں کرن تعبیر کا کہنا ہے کہ میری کبھی بھی یہ خواہش نہیں رہی کہ میں فلموں میں گلیمرس کردارکروں یا صرف آئٹم گرل بنوں۔ میں اچھی فلموں میں بامقصدکردار ضرورکرتی رہوں گی لیکن آئٹم سانگ یا آئٹم گرل بننے کی خواہش نہیں ہے ،جو لوگ مجھے فلموں میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہیئے کہ مجھے صرف اچھے کردار کی پیشکش ہی کریں۔