لاہور (خصوصی رپورٹ) پی آئی اے کا حج آپریشن ختم ہو گیا‘ مگر واپس وطن پہنچنے کے بعد بھی حاجیوں کے مسائل ختم نہ ہو سکے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مدینہ منورہ سے واپس لاہور پہنچنے والی پی آئی اے کی آخری حج پرواز پی کے 3242کے ذریعے لاہور پہنچنے والے 382حجاج کرام میں سے 5حجاج کا قیمتی سامان‘ تبرکات اور آب زم زم مدینہ منورہ ہی میں رہ گیا۔ حجاج کرام نے پی آئی اے انتظامیہ کو تحریری شکایت درج کروا دی۔ دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ نے اگلی پروازوں کے ذریعے حاجیوں کا سعودی عرب میں رہ جانے والا سامان اور آب زم زم منگوانے کا وعدہ کر لیا جس کے بعد حجاج کرام اپنے قیمتی سامان اور آب زم زم کے بغیر ہی اہل خانہ کے ہمراہ خالی ہاتھ گھروں کو روانہ ہو گئے۔






































