بہاول پور (سٹی رپورٹر) بہاو ل وکٹوریہ ہسپتال کا ایم آر آئی سیکشن کرپشن اور مریضوں سے فحش حرکات کی آماجگاہ بن گیا۔ گزشتہ روز افشاں زوجہ عبدالوہاب نامی ایک خاتون مریض ایم آر آئی کرانے کیلئے گئی تو وہاں موجود اٹینڈنٹ مدثر اسے اندر لے گیا۔ مرےضہ سے ایم آر آئی کرانے کی فیس 3400روپے وصول کرلی اور مریضہ کو ایم آر آئی کمرے میں لے جاکر وہاں اس کے کپڑے اتروا دیئے اور مریضہ سے چھیڑچھاڑ شروع کردی۔ مریضہ کے شور پر اس کا شوہر عبدالوہاب وہاں پہنچ گیا جس پر مدثر وہاں سے فرار ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ بعدازاں مریضہ کو ایم آر آئی کی رپورٹ بھی تھمادی گئی جس پر ڈاکٹر فریال کے دستخط ہیں جبکہ ایم آر آئی کی جو فیس وصول کی گئی تھی اس کی رسید بھی نہیں دی گئی۔ جب اس سلسلہ میں ایم ایس بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹر عزیزالرحمن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے وقوعہ کی تصدیق کی اور کہاکہ اٹینڈنٹ مدثر کو معطل کردیا گیا ہے اور مریضہ کے خاوند عبدالوہاب کی درخواست پرایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ شکایات ڈاکٹر فرحت عباس کو تحقیقات پر مامور کردیا ہے۔ معلوم ہواہے کہ یہ سلسلہ کافی عرصہ سے جاری تھا اور خواتین مریضوں سے چھیڑچھاڑ اور ان کے کپڑے اتروانا معمول بن گیا تھا۔ متاثرین نے کہاکہ ایم آر آئی سیکشن میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگے ہیںکیونکہ یہاں خواتین کی نازیبا فلمیں بھی بنائی جاتی ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے اس کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔