ایشوریہ نے ابھیشک کو پریانکا چوپڑا کے ساتھ کام سے روک دیا

ممبئی(شوبزڈیسک )ایشوریہ رائے بچن نے شوہر ابھیشیک بچن کو پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم میں کام کرنے سے روک دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف ہدایتکارہ سونالی بوس نے اپنی نئی فلم میں ابھیشیک بچن کو کام کی پیشکش کی تھی، فلم کا مرکزی کردار دنگل کی اداکارہ زائرہ وسیم ادا کریں گی جب کہ ابھیشیک بچن کو ان کے والد کا کردار ادا کرنا تھا۔ ابھیشیک بچن کے مدمقابل پریانکا چوپڑا اداکاری کے جوہر دکھانے والی تھیں، تاہم اب خبریں یہ ہیں کہ ایشوریہ رائے بچن نے ابھیشیک کو فلم میں کام کرنے سے روک دیا ہے۔سابق ملک حسن کا خیال ہے کہ فلم کی کہانی زائرہ وسیم اور پریانکا چوپڑا کے گرد ہی گھومتی ہے اور ابھیشیک کا کردار ثانوی ہے، اس لئے بہتر ہے کہ ابھیشیک فلم میں کام کرنے کے بجائے کسی اور اچھی پیشکش کا انتظار کریں۔ دوسری جانب ایشوریہ رائے بچن کی جانب سے اس خبر کو بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ابھیشیک کو ایسی کوئی پیشکش نہیں ہوئی۔واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیہ بہادری جیسے سپر اسٹارز کی اولاد ہونے کے باوجود ابھیشیک بچن کا فلمی کیرئیر کامیاب نہیں رہا اور ان کی زیادہ تر فلمیں ناکامی کا شکار ہوئی ہیں۔

 

راحت فتح علی دنیا بھر مداحوں کو دیکھ کر قسمت پر نازکرنے لگے

لاہور (شوبزڈیسک) گلوکار استاد راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ کامیابی ہمیشہ محنت اور دعاﺅں کی بدولت ملتی ہے ، میں خوش قسمت ہوں جس کے چاہنے والے پوری دنیا میں موجود ہیں ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ آج میں جس مقام پر ہوں اس میں استاد نصرت فتح علی خان کا بڑا ہاتھ ہوں میں ان کا مرید بھی ہوں اور شاگرد بھی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی ہمیشہ محنت اور دعاﺅں کی بدولت ملتی ہے اور شکر ہے کہ میں محنت کرتا رہا اور مجھے دعائیں ملتی رہیں۔ جس کی وجہ سے آج شہرت کی بلندیوں پر ہوں ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فلموں میں میری آواز بالی ووڈ کے سٹار سلمان خان اور لالی ووڈ کے شان پر فٹ آتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں میرے پرستاروں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور یہ اعزاز چند لوگوں کے حصے میں آتا ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خاص طور پر عید کے دن والدہ کی کمی کا احساس سب سے زیادہ ہوتا ہے ۔

 

نسیم وکی کا ڈرامہ ”عاشق رنگ باز نکلا “ چھاگیا‘عید پرریکارڈ بزنس

لاہور (شوبزڈیسک)ڈائریکٹر ‘ اداکار اور رائٹرنسیم وکی کے تماثیل تھیٹر میں عید کے ڈرامہ ”عاشق رنگ باز نکلا “کی عید کے دنوں میں زبردست پذیرائی۔ تفصیلات کے مطابق نسیم وکی کے عید الفطرکے ڈرامہ” عاشق رنگباز نکلا“نے عید پر ریکارڈ بزنس کیا ہے۔ جس کی وجہ سے ان کو ڈرامہ کی کامیابی پر مبارکبادو ںکا سلسلہ شروع ہو ا۔مداحوں نے رش کے باعث کھیل کو کھڑے ہو کر بھی دیکھا ۔ اس موقع پر اداکار اور ڈائریکٹر نسیم وکی نے کہا کہ و ہ ہمیشہ بامقصد کامیڈی سے سجا ڈرامہ لے کر آتے ہیں جس وجہ سے لوگ ان کے نئے ڈرامہ کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں اور میں مداحوں کا مشکور ہوں جنہوں نے میرے کھیل کو پسند کیا۔ تماثیل تھیٹر کے چئیر مین قیصر ثنا ءاللہ خان نے کہا ہے کہ ڈرامہ شائقین کیلئے سکیورٹی کا انتظام اور ائیر کنڈیشنڈ نے ماحول کو پرلطف بنا دیا ہے۔اس ڈرامہ کی ٹکٹیں ایک روز پہلے ہی فروخت ہو جاتی ہیں۔

 

سٹرکوں پررنگ کرنیوالابرازیلین لڑکاعالمی فٹبالربن گیا

ماسکو(نیوزایجنسیاں) فٹ پاتھ پر رنگ کرنے والا معمولی برازیلین لڑکے نے انٹرنیشنل فٹ بال ٹیم میں شامل ہوکر ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور فٹبال سے متعلق تمام خبروں اور من پسند فٹبالرز کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ ایسی ہی وائرل ہونے والی ایک تصویر ورلڈ کپ 2018ءمیں شامل برازیلین ٹیم کے کھلاڑی گیبرل جیسس کی ہے جو 4 سال قبل برازیل کی سڑکوں پر بطور پینٹر کام کرتا تھا۔گیبرل جیسس 3 اپریل 1997ءمیں پیدا ہوا اور غربت کی وجہ سے صرف 13 سال کی عمر میں ہی مزدوری کرنے لگا۔ 2014ءمیں اس کے وطن برازیل میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران لی گئی اس کی ایک تصویر میں وہ واضح طور پر رنگ کا کام کرتا ہوا نظر آرہا ہے۔ یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور گیبرل سوشل میڈیا پر اپنی پرانی تصویر کے سبب لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

گیبرل 2016ءمیں اولمپک گیمز میں اپنی قومی ٹیم کا حصہ بنا اور خوش قسمتی سے اس کی ٹیم نے سونے کا تمغہ بھی حاصل کیا جس کے بعد گیبرل کو اولمپک میں شاندار کارکردگی دکھانے پر انگلش کلب مانچسٹر سٹی نے بطور فارورڈر خرید لیا۔

گیبرل اس وقت روس میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں برازیلین ٹیم کا حصہ ہے۔

بال سے چھیڑ چھاڑ،چندیمل کو چارج شیٹ جاری

سینٹ لوشیا(سی پی پی) آئی سی سی نے سری لنکن کپتان دنیش چندیمل پر ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔ سینٹ لوشیا میں جاری سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکن کپتان دنیش چندیمل پر بال ٹیمپرنگ کے الزامات عائد کیے ہیں، آئی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیش چندیمل پر آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی شق 2.2.9 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ضابطہ اخلاق کی شق نمبر 2.2.9 بال سے چھیڑچھاڑ پر عائد کی جاتی ہے، اس سے قبل آسٹریلین کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ پر بھی اسی شق کے تحت الزام عائد کیا گیا تھا۔سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے ٹیموں کے درمیان سینٹ لوشیا میں جاری دوسرے کے تیسرے دن میچ امپائرز علیم ڈار اور ای این گولڈ نے سری لنکن کھلاڑیوں کی جانب سے گیند سے مبینہ چھیڑ چھاڑ پر گیند تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد سری لنکن ٹیم نے احتجاجا گرانڈ میں آنے سے انکار کردیا تھا۔

ٹینس سٹارثانیہ مرزا نے عید کی تیاری سوشل میڈیا پر شیئر کردی

حیدر آباد (این این آئی) پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے عید کی تیاری سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا پر اپنے فینز کو عید کی خوشیوں میں شریک کرلیا ،انہوں نے عید اپنے شوہر اور خاندان کے ساتھ منائی۔ ،لائٹ گرین کلر میں مام ٹوبی ثانیہ مرزا کافی گلو کرتی نظر آئیں۔انہوں نے پہلے شعیب ملک کے ساتھ پکچر پوسٹ کی ،پھر اپنی فیملی کے ساتھ اور آخر میں کچھ اپنی پکس جس میں انہوں نے سب کو ہی عید کی ڈھیر ساری مبارکباد دی ۔

 

کلے کورٹ کے سخت سیزن سے تھک گیا، ومبلڈن کیلئے تیار نہیں، نڈال

پیرس(آئی این پی)عالمی نمبر ون اور 11ویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے والے ہسپانوی ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے کہا ہے کہ کلے کورٹ کے سخت اور مشکل سیزن کے بعد ایک اور گرینڈ سلام ٹورنامنٹ ومبلڈن میں شرکت کے حوالے سے وہ ابھی پوری طرح تیار نہیں۔نڈال فرنچ اوپن سے پہلے کلے کورٹ پر مونٹی کارلو ، روم اور بارسلونا میںہو نے والے 3دیگر ٹورنامنٹس بھی جیت چکے ہیں۔ پیرس میں اپنے اعزاز میں ہونے والی تقریب کے بعد انہوں نے کہا کلے کورٹ سیزن ان کے لئے ذہنی اور جسمانی لحاط سے بہت سخت ثابت ہوا ہے اور وہ کچھ آرام کرنے اور سنبھلنے کے بعد فیصلہ کریں گے ومبلڈن میں شرکت کریں یا نہیں۔نڈال کا کہناتھا کلے کورٹ (کچی مٹی) کے کورٹ سے گھاس والے کورٹ پر کھیل کی منتقلی کھلاڑی کے لئے آسان نہیں ہوتی ۔اپنی کوچنگ ٹیم سے مشورے کے بعد ہی میں کوئی حتمی فیصلہ کر سکوں گا۔یاد رہے کہ ایک اور سابق عالمی نمبر ون نوواک ڈوکووچ بھی فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ومبلڈن میں شرکت پر شکوک کا اظہار کر چکے ہیں۔

 

آسٹریلیا کی تنزلی،پاکستان پانچویں پوزیشن پر قابض

دبئی ( نیوزایجنسیاں ) پانچ بار کی ورلڈ چیمپئن ٹیم آسٹریلیا روایتی حریف انگلینڈ سے ہار کر چونتیس سال بعد ون ڈے رینکنگ کی بدترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئی، پاکستان کو پانچواں نمبر مل گیا۔آئی سی سی کی جاری کردہ تازہ ون ڈے رینکنگ کے مطابق پاکستانی ٹیم کو پانچویں پوزیشن مل گئی جبکہ روایتی حریف انگلینڈ سے ہار کر پانچ بار کی ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا چھٹے نمبر پر پہنچ گئی۔کینگروز کو چونتیس سال بعد اس بدترین پوزیشن پر جانا پڑا، پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرنے کا انعام میزبان انگلش ٹیم کو مل گئی۔ آٹھ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بھارت کو پیچھے دھکیل کر نمبر ون بن گئی۔انگلینڈ سے ہاتھوں دونوں میچز میں شکست کے بعد کینگروز 102 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ گرین شرٹس اعشاریائی فرق کے ساتھ ایک قدم آگے نکل گئے ہیں۔اپنی پوزیشن واپس لینے کیلئے آسٹریلیا کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے باقی 3 میچز میں سے کم از کم ایک جیتنا ہوگا، یاد رہے کہ کینگروز کو گزشتہ 15 میں سے 13 میچز میں شکست ہوئی ہے۔

برازیلین ٹیم کوبڑاجھٹکا،نیمارانجری کاشکار

ماسکو(نیوزایجنسیاں)ورلڈ کپ فٹ بال کے پہلے ہی میچ میں برازیل کو شدید نوعیت کے دو دھچکے لگے ، ایک تو ٹیم سوئٹزرلینڈ کو شکست دینے میں ناکام رہی، پھر مرکزی سٹرائیکر نیمار جونئیر بھی انجری کا شکار ہو گئے۔میگا ایونٹ میں پانچ بار کی عالمی چیمپئن ٹیم برازیل اور سوئٹزرلینڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میچ کے 14ویں منٹ میں برازیل کے مین سٹرائیکر نیمار کے پاوں میں شدید چوٹ لگی۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیمار فٹنس مسائل سے دوچار ہو گئے ہیں۔ پورے میچ میں ان کے خلاف 10 بار فاول پلے کیا گیا، اگلے ٹریننگ سیشن میں نیمار کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا اور ممکن ہے جمعہ کو کوسٹاریکا کے خلاف ہونے والے میچ میں انہیں آرام دیا جائے۔

سویڈ ن نے کوریا کو 1-0سے شکست دیدی

ماسکو(نیوزایجنسیاں) روس میں کھیلے جارہے فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں سوئیڈن نے جنوبی کوریا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔گروپ جی کے میچ میں بلجیم نے پاناماکوباآسانی3-0سے مات دیدی،گروپ ‘ایف’ میں شامل سوئیڈن اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا اور دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کیے گئے لیکن کسی ٹیم کو کامیابی نہ ملی۔دوسرے ہاف میں میچ کے 65ویں منٹ میں سوئیڈن کے کپتان اینڈریو گرینڈوسٹ نے پینلٹی پر گول کر کے مخالف ٹیم پر سبقت حاصل کی جو میچ کے اختتام تک برقرار ہی۔سویڈش ٹیم 1958 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈکپ کا اپنا افتتاحی میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔گروپ ‘ایف’ میں شامل دیگر دو ٹیموں جرمنی اور میکسکو کے درمیان گزشتہ روز ہونے والا مقابلہ میکسکو کے نام رہا اور دفاعی چیمپئن جرمنی کی ٹیم میکسیکو کے ایک گول کے جواب میں کوئی گول نہ کرسکی۔گروپ جی میں بلجیم نے پاناماکو3-0سے قابوکیا۔فاتح سائیڈکےلئے رومیلولوکوکونے2 بارگیندکوجال میں پہنچایا،مرٹینزنے بھی 1گول کیا۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے فٹ بال کے میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 32 ٹاپ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنھیں 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ایونٹ میں گروپ ایف میں عالمی چیمپئن جرمنی کو رکھا گیا ہے۔ میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی 32ٹیموں میں گروپ اے میں میزبان روس، سعودی عرب، مصر اور یوروگوئے شامل ہیں، گروپ بی میں پرتگال، سپین، مراکش اور ایران شامل ہیںِ، گروپ سی میں فرانس، آسٹریلیا، پیرو اور ڈنمارک شامل ہیں، گروپ ڈی میں ارجنٹائن، آئس لینڈ، کروشیا اور نائیجریا شامل ہی، گروپ ای میں برازیل، سوئٹزرلینڈ، کوسٹاریکا اور سربیا شامل ہیں، گروپ ایف میں دفاعی چیمپئن جرمنی، میکسیکو، سویڈن اور کوریا شامل ہیں، گروپ جی میں بیلجیئم، پانامہ، تیونس اور انگلینڈ شامل ہیں جبکہ گروپ ایچ میں پولینڈ، سینیگال، کولمبیا اور جاپان شامل ہیں۔