تازہ تر ین

بھارت میں ہاکی ورلڈ کپ کا انعقاد ،پاکستان کو ویزا جاری کرنے کی یقین دہانی

لوزانے(نیوزایجنسیاں) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اسے رواں سال بھارت میں شیڈول ہاکی ورلڈ کپ کے لیے ویزا کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔ہاکی ورلڈ کپ کا 14واں ایڈیشن رواں سال 28نومبر سے 16دسمبر تک بھارت کے شہر بھوبھنیشور میں منعقد ہو گا جس میں پاکستان سمیت دنیا کی 16ٹیمیں شرکت کریں گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سربراہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی مداخلت کی بدولت اس مرتبہ بھارت میں منعقدہ ایونٹ میں پاکستان کی شرکت پر کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ویزا کے حصول کے حوالے سے ایف آئی ایچ کے سربراہ نریندر بترا سے ہماری تفصیلی بات چیت ہوئی اور ان سمیت تمام آفیشلز نے ہمیں ہدایات دیں کہ ورلڈ کپ کے ویزا کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی درخواستیں جمع کرانے کا کام بروقت شروع کردیں تاکہ ویزا کے اجرا میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔واضح رہے کہ دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کھیلوں پر بھی بری طرح اثرانداز ہوتے رہے ہیں اور بھارت اپنی سرزمین پر منعقدہ ایونٹس میں شرکت کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو اکثر ویزا دینے سے انکار کرتا رہا ہے۔دسمبر 2016 میں بھارت نے پاکستان کی ریسلنگ، اسکواش اور کراٹے کی ٹیم کو ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے باعث وہ ایشین گیمز میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔حال ہی میں ختم ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی جانب سے سب سے آخری نمبر پر ایونٹ کا اختتام کرنے کے باوجود خالد سجاد کھوکھر نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔فیڈریشن کے سربراہ نے کہا کہ پی ایچ ایف ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہے، ہم نے ایونٹ کا آخری نمبر پر اختتام کیا لیکن ٹیم بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے خصوصاً ارجنٹائن کے خلاف ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain