وفاقی حکومت کا وزیراعظم ہاﺅس کی اضافی گاڑیاں فوری نیلام کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے وزیراعظم ہاﺅس کی اضافی گاڑیاں فوری نیلام کرنےکا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت اضافی گاڑیوں کی نیلامی کا حکم دیا ہے جس کے بعد مجموعی طور پر 33 گاڑیاں نیلام کرنے کے لیے اشتہار جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلامی کے لیے پیش گاڑیوں میں 8 جدید لگڑری بی ایم ڈبلیو اور 4 جدید مرسیڈیز بینز گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ نیلام کی جانے والی گاڑیوں میں 16 ٹویوٹا کرولا، 3 سوزوکی، ایک ہنڈا اور ایک ایچ ٹی وی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق باقی گاڑیاں کابینہ ڈویڑن کے کنٹرول میں ہیں جو غیر ملکی مہمانوں کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ماضی میں سارک کانفرنس اور ڈونر کانفرنس کے لیے بھاری رقوم پر کرائے پر گاڑیاں لی گئیں تھیں۔یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے پہلے خطاب میں بھی وزرائے اعظم کے زیر استعمال لگڑری گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کیا تھا۔

رکشہ کھینچنے والے کی بیٹی کا طلائی تمغہ

جکارتہ(ویب ڈیسک) بھارت میں رکشہ کھینچنے والے محنت کش کی بیٹی سواپنا برمن نے ایشین گیمز کے ویمنز ہیپٹاتھلون ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔سواپنا کے والدین کیلیے اپنی بیٹی کو اسپورٹس ٹریننگ دلانا ممکن نہیں تھا،ان کے والد نہ صرف رکشہ کھینچتے بلکہ چائے پلانے کا کام بھی کرتے تھے، سواپنا کی صلاحیتیں اسپورٹس حکام کی نگاہوں میں آئیں تو ان کے لیے اسکالرشپ کا بندوبست کیا گیا۔ایشین گیمز میں مقابلے کے آخری روز سے ایک رات قبل ان کے مسوڑھے میں سخت تکلیف شروع ہوئی جس کی وجہ سے شرکت ہی مشکوک ہوگئی تھی، تاہم انھوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیت لیا۔