عمران کے آنے سے کرکٹ پرمثبت اثرپڑیگا: وسیم خان ، امیدہے بھارت سے سیریزکے حوالے سے برف پگھلے گی : منورحسین کی گگلی میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) فرسٹ کلاس کرکٹر وسیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے آنے سے کھیلوں خصوصاً کرکٹ پر مثبت اثرات پڑیں گے، عمران کا پوری دنیا میں نام ہے ، چینل۵ کے پروگرام ”گگلی“ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے حکومت میں آنے کے بعد عمران خان کرکٹ کےلئے کام کرینگے، گذشتہ حکومتوں نے پاکستان میں بین الاقوامی ٹیمیں لانے میں وہ کوشش نہیں کی جو کرنی چاہئے تھی، سپورٹس جرنلسٹ منور حسین نے کہا کہ پاکستان کی بھارت کےساتھ سیریز 2007کے بعد نہیں ہوئی، ون ڈے سیریز 2003کے بعد سے نہیں ہوئی ، پاک بھارت سیاسی تعلقات کا کرکٹ پر اثر پڑتا ہے ، اب لگتا ہے برف پگھلے گی ، تین اکتوبر سے پاک بھارت کرکٹ کی قانونی جنگ شروع ہوگی ، اب دیکھیں عمران خان کیا رسپانس لیتے ہیں، نوید عالم نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ان کے واجبات ضرور ملیں گے، کھلاڑیوں کو بھی چاہئے کہ ذمہ داری سے کام لیں ، ملک کی بدنامی نہیں ہونی چاہئے۔

سگریٹ سے جلائے جانے کے نشانات ،زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل ،کمسن بچی کی لا ش بر آ مد

کراچی (ویب ڈیسک)گلستان جوہر کے قریب بھٹائی آباد سے گزشتہ روز بچی کی لاش برآمد ہوئی، جسے زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر منیر شیخ نے بتایا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی سے زیادتی کی گئی اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا گیا جبکہ اس کی لاش پر سگریٹ سے جلائے جانے کے نشانات بھی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ بچی کے ساتھ اس سے پہلے بھی زیادتی کی جاتی رہی ہے۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق بچی کے والد نہیں ہیں اور وہ اپنی بہن کے ساتھ رہتی تھی۔ بچی کی لاش گھر سے ہی ملی، جسے اس کے بہنوئی نے اسپتال پہنچایا تھاایس ایس پی ملیر کے مطابق بچی کے بہنوئی اور چچا کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا گیا۔

امین وینس ، حیدر اشرف ، عمر ورک کیخلاف کرپشن انکوائری شروع

اسلام آباد (آن لائن) نیب حکام نے پولیس کے تین اعلیٰ حکام کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع کردی ہیں ان پولیس افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے شہباز شریف دور حکومت میں کرپشن کے ذریعے لاہور میں کروڑوں روپے کی جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق لاہور کے سابق ڈی آئی جی امین واینس‘ سابق ڈی آئی جی پولیس لاہور حیدر اشرف اور کرائم انویسٹی گیشن منیر عمر ورک کے خلاف نیب نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نیب حکام نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو ایک مراسلہ بھیجا ہے اور حکم دیا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں میں ان تین پولیس افسران کے نام پر خریدی گئی اور بیچی گئی اور ٹرانسفر کی گئی جائیدادوں کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔ شہباز شریف دور میں پولیس حکام نے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے تھے اور پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے مختص فندز کو ہضم کر گئے۔ جبکہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث مجرموں سے بھاری رشوت لینا پولیس افسران کی گھٹی میں شامل ہے لاہور سے ہر ماہ ایک ارب روپے کا بھتہ پولیس افسران وصول کرتے ہیں جس سے پولیس افسران اب ارب پتی بن چکے ہیں ان کی جائیدادیں ان کے ذرائع آمدن سے کئی گنا زیادہ ہیں اس لئے نیب حکام نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

 

سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

کراچی(ویب ڈیسک)سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے۔سندھ میں ڈھائی ماہ کی تعطیلات کے بعد آج صوبے بھر کے اسکول کھل گئے تاہم چھٹیوں کے بعد پہلے روز کے باعث اسکولوں میں حاضری معمول سے کم ہے۔محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے موسم گرما کی دو ماہ تعطیلات 15 جولائی کو ختم ہوگئی تھی تاہم انتخابات کے باعث اس میں مزید 15 روز کا اضافہ کیا گیا اور اس طرح صوبے میں ڈھائی ماہ تک اسکول بند رہے۔ بلوچستان کے گرم علاقوں میں بھی موسم گرما کی طویل تعطیلات ختم ہونے کے بعد اسکول کھل گئے، محکمہ تعلیم بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبے کے گرم علاقوں میں 17 اضلاع شامل ہیں جن میں سبی، لسبیلہ، گوادر، تربت، جعفرآباد، نصیرآباد، جھل مگسی سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں۔خیبر پختونخوا میں بھی سرکاری اسکول آج سے کھل گئے اور طلبا و طالبات نے اسکولوں کی جانب رخ کیا۔

درندہ صفت مولوی کی قرآن پاک پڑھنے آئی کمسن بچی سے زیادتی ، ” خبریں ہیلپ لائن “ میں انکشاف

منچن آباد (تحصیل رپورٹر) درندہ صفت اوباش مولوی کی معصوم بچی کے ساتھ زیادتی لوگوں کے آجانے پر ملزم موقع واردات سے فرار، زیادتی کا نشانہ بننے والی معصوم بچی کو خون میں لت پت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بہاولنگر منتقل کر دیا گیا،پولیس رپورٹ کے مطابق تھیڑی پیرووالی میں 8/9 سالہ بچی گھر کے قریب مسجد میں مولوی محمد رفیق کے پاس صبح سویرے قرآن پاک پڑھنے گئی ، جب واپسی میں تاخیر ہوئی تو اس کے والدنے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت اس کا پتہ کیا تو مسجد کو تالا لگا ہوا تھا مزید دریافت پر جب مولوی رفیق کے ملحقہ گھر سے پتہ کرنے پہنچے تو گھر کے اندر سے بچی کی رونے کی آوازیں آرہی تھی، اندر جا کر دیکھا گیا تو مولوی رفیق اپنے کمرے میںمعصوم بچی کے ساتھ زیادتی میں مصروف تھا، لوگوں کو دیکھ کر وہ گھر کی دیوار پھلانگ کر فرار ہوگیا، بچی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، منچن آباد پولیس نے بچی کے والد کی مدعیت میںمقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں،ایس ایچ او منچن آباد فرحان حسین نے میڈیا کو بتایا کہ اس مقدمہ کے ملزم مولوی رفیق کی گرفتاری کے لئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے گی اور اسے 24 گھنٹے کے اند ر پابند سلاسل کیا جائے گا۔

 

مسائل کا حل جنگوں سے نہیں نکلتا پاکستان اور بھارت کے عوام بہتر تعلقات چاہتے ہیں: خالد چودھری ، پاکستان میں جو بھی حکومت سنبھالتا ہے بھارت اس کیلئے تعلقات کے اعتبار سے اہم ہوتا ہے: خالد فاروقی ، دونوں ملکوں میں غربت کی بڑی وجہ تعلقات میں بہتر ی کا نہ ہونا ہے: ضمیر آفاقی ، عمران کی وکٹری تقریر قابل تعریف، ڈالر کی قیمت مزید نیچے آنی چاہیے: روبینہ ثروت ، چینل ۵ کے پروگرام ” کالم نگار “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) کالم نگار خالد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حکومت بنی تب بھی مودی نے مبارکباد کا پیغام دیا تھا۔ نواز شریف بھی مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے تھے۔ چینل ۵ کے پروگرام کالم نگار میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید تہذیب سے ثابت ہوتا ہے کہ مسائل کے حل جنگوں سے نہیں نکلتا۔ بھارت اور پاکستان کے بجٹ کا کثیر حصہ دفاع پر خرچ ہوتا ہے جس کے باعث غریب لوگوں کی زندگی بہتر نہیں ہو رہی۔ چین اور تائیوان نے لمبی تجارتی پابندیوں کو کم کیا۔ پاک بھارت عوام بھی بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔ دہشت گردی کے باعث سیاح آنا بند ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول نے پارلیمنٹ میں جانے کا اشارہ دے کر پختگی کا مظاہرہ کیا۔ کالم نگار خالد فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جو بھی حکومت سنبھالتا ہے بھارت اس کیلئے تعلقات کے لحاظ سے اہم ہوتا ہے۔ اگر ہم غربت کو ایک مسئلہ سمجھیں اور حل نکالیں تو حل ضرور نکلے گا۔ بھارت جب دہشت گردی کو حل کرنے کی بات کرتا ہے تو پھر دیگر مسائل پر بات نہیں ہو پاتی۔ پاکستان کشمیر میں مداخلت نہیں کر رہا اس کے باوجود وہاں تحریک آزادی عروج پر ہے۔ سیاسی غیریقینی کے باعث ڈالر مہنگا ہوا۔ غیریقینی ختم ہونے کے بعد ڈالر نیچے آ رہا ہے اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔ کالم نگار روبینہ ثروت نے کہا کہ الیکشن کے بعد گٹھ جوڑ ہو رہا ہے کہ حکومت کونسا بنائے گا بڑی پارٹیاں سیاسی میدان میں موجود ہیں۔ عمران خان کی وکٹری تقریر سب نے سنی اور دل کھول کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت مزید نیچے آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت کیلئے معیشت سب سے بڑا چیلنج ہو گی کیونکہ موجودہ حالات میں عوام کو بہرحال ریلیف چاہیے۔ پارلیمنٹ مخلص ہوتی تو عمران خان سڑکوں پر احتجاج نہ کرتے۔ کالم نگار ضمیر آفاقی نے کہا کہ ہمسایوں کے ساتھ بہتر تعلقات دونوں کے مفاد میں ہیں بنیادی مسائل کے باعث ہمار اخطہ غربت کا شکار ہے۔ پاک بھارت بنیادی مسائل ایک جیسے ہیں بھارت میں مسلمانوں کی خاصی تعداد رہائش پذیر ہے ۔ تعلقات خراب ہونے پر وہ متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی حکومتوں کو ہمیشہ ضرورت رہی سیاست مفادات کا کھیل ہوتا ہے۔

 

خدا کرے عمران کامیاب ہوں ، ملکی معاملات سیدھے کرنے کیلئے 5 سال کافی : معروف صحافی ضیا شاہد کی چینل ۵ کے پروگرام ” ضیا شاہد کے ساتھ “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں و تبصروں پرمشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں بڑے ذہین لوگوں پر مشتمل ہوتی ہیں، جب چاہے خیالات ملا لیتے ہیں۔ اب بھی بڑی دلچسپ بات ہے کہ بہت ساری سیاسی جماعتیں کہہ رہی ہیں کہ ہمارے تو پہلے ہی خیالات متفق تھے، یہی لوگ چند روز قبل تحریک انصاف پر تنقید کرتے تھے۔ جب نئی حکومتیں آتی ہیں تو یوں لگتا ہے کہ جس طرح جگر مراد آبادی کا شعر ہے:آئی جو ان کی یاد تو آتی چلی گئیہر نقش ماسوا کو مٹاتی چلی گئیاسی طرح اب ہر کوئی اپنے فائدے کے مطابق ڈھل جائے گا۔ نئی حکومت کو کم از کم 6 مہینے ضرور دینے چاہئیں، اتنی دیر میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔ کیا کوئی 6مہینے پہلے سوچ سکتا تھا کہ میاں صاحب کے ساتھ ایسا بھی ہو سکتا ہے۔ الیکشن ایک آزمائش ہوتی ہے اگر یہ اسی طرح مسلسل اور تواتر کے ساتھ ہوتے چلے جائیں تو برسوں کی ایک کی حکومت رہنے کا تصور ختم ہو جائے گا۔ اگر تحریک انصاف نے بھی زیادہ سال دینے کی مہلت مانگی تو اس کے خلاف سب سے پہلے میں کھڑا ہوں گا۔ جو 5 سالوں میں کچھ نہیں کر سکا وہ مزید عرصے میں کیا کر لے گا۔ 5 سالوں میں بخوبی اندازہ ہو جاتا ہے کہ جس کو حکومت ملی وہ کتنے پانی میں ہے۔اب عمران خان کو موقع ملا ہے اگر انہوں نے بھی ماضی کی طرح ہی چلنا ہے تو پھر پولیس و پٹواریوں کی ہی حکومت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے سربراہ پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ عدالتوں سے زیادہ تنقید نیب پر ہوئی ہے، کسی کو پکڑ لیتے ہیں کہ ثبوت مل گئے پھر اس کا کچھ پتہ ہی نہیں چلتا۔ نیب میں کھچوے کی چال چلنے والے لوگ ہیں۔ ان کی رفتار دیکھ کر لگتا ہے کہ 5 سال بعد بھی الیکشن ہو جائیں گے تو بھی یہ کوئی فیصلہ نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کے دور میں ان کی سکیم ”پڑھا لکھا پنجاب“ بہت بہتر تھی، اس کے تحت بہت زیادہ تعلیمی اداروں کو سہولیات ملیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ اور سی پیک کی وجہ سے بہت اہمیت کا حامل ہے لیکن اس منصوبے پر کتنی دیر سے کام بند ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ملائیشیا نے چائنہ پر کڑی تنقید کی ہے کہ ہم نہیں مانتی ساری لیبر، افسر، کمپنیاں سب چائنہ سے آئیں گی، سب کچھ ففٹی ففٹی ہونا چاہئے۔ شہبازشریف سے آخری ایڈیٹروں کی ملاقات میں درخواست کی تھی کہ پاکستان میں اخبارات کا بیڑہ خرق ہو گیا ہے کیونکہ سارا نیوز پرنٹ روس سے 86 روپے فی کلو آتا تھا۔ پورا پاکستان کسی اور ملک کا پیپر استعمال نہیں کرتا تھا۔ چند ماہ پہلے پتہ چلا کہ چین نے روس سے تمام کی تمام چیزیں خرید لی ہیں اور جتنا کاغذ بنتا تھا اپنے پاس جمع کر لیا ہے۔ ہمارے سب کے لائسنس ختم ہو گئے، کوئی شخص اب چین سے کاغذ نہیں منگوا سکتا کیونکہ اس کا آج کا ریٹ 146 روپے فی کلو ہے۔ شہباز شریف سے کہا کہ آپ کے چین سے سب سے زیادہ روابط ہیں آپ ہمارے سفیر بنیں اور چین سے بات کریں کہ کم سے کم پاکستان کو تو چھوڑ دو۔ پاکستان میں اخبارات کا جو حشر ہو رہا ہے ابھی مزید پتہ نہیں کتنے صفحے کم ہوں گے لیکن کسی نے توجہ نہیں دی۔ عظیم ملک چائنہ کے نعرے لگائے جاتے ہیں بالکل ٹھیک ہے لیکن وہ بھی تو ہمارے ساتھ اچھا رویہ رکھے۔ ہماری جرنلزم کا ستیا ناس کر رہے ہیں۔ چین بہت دفعہ گیا ہوں ایک بار شوکت عزیز کے ساتھ شنگھائی گیا تھا، وہاں لوگوں سے بات چیت کی وہ کہتے ہیں آپ دنیا کی ہر چیز یہاں سے بنوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی و عمران خان کے درمیان رابطہ اچھی بات ہے، عمل ہو گا تو پتہ چلے گا کہ دونوں کتنے مخلص ہیں؟دُعا گو ہوں کہ دونوں رہنماﺅں کے درمیان جو باتیں ہوئیں اس پر عمل بھی ہو۔ پیر کے روز میں نے سپریم کورٹ میں ایک رٹ دائر کی ہے جس میں یہ ہے کہ 3 دریاﺅں کا پانی چھوڑو جو پاکستان کے لئے بند کیا ہوا ہے، کیا ہمارے لئے کوئی قانون نہیں؟ مجھے یقین ہے کہ عمران خان بھارت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی ضرور کوشش کریں گے۔جب سے دنیا بنی ہے سب سے زیادہ لڑائیاں پانی پر ہوئی ہیں۔ پاکستان میں یہ کون سا طریقہ ہے کہ پانی سمندر میں گر کر ضائع ہو جائے لیکن ڈیم نہیں بننے دینا۔ الیکشن کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا کہ انتہا پسندوں کی صفائی ہو گئی ہے۔ مولانا فضل الرحمن کو چاہئے کہ اب ایک ٹرم آرام کر لیں، عوام نے ان کے نظریات کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکر ہے نوازشریف کی رپورٹس ٹھیک آئی ہیں ان کی صحت یابی کے لئے دُعا گو ہوں۔ شہباز شریف اگر بڑے بھائی کی ہدایات پر چلیں گے تو وہ بھی پکڑے جائیں گے اور اگر اپوزیشن لیڈر بنتے ہیں تو پروٹوکول اپنی جگہ رہے گا۔ آصف زرداری اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے فیصلہ نہیں کر سکیں گے شاید آخر میں ٹاس کر لیں گے وہ بھی یہ سیٹ چھوڑنے والے نہیں۔ خورشید شاہ اپوزیشن لیڈر تھے تو پروٹوکول میں تیسرے نمبر پر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری جلد ہی باہر چلے جائیں گے۔