صدف کنو ل، نادیہ حسین عیدکے ملبوسات پر ماڈلنگ کرینگی

لاہور(شوبزڈیسک) فیشن ڈیزائنر ز کے تیار کردہ عید کے ملبوسات کی تعارفی تقریب و فیشن شو کراچی کے شاپنگ مال میں آئندہ ہفتے کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جبکہ فیشن ڈیزائنر ثانیہ مسقطیہ نے عید کلیکشنز 2018 کایا کے عنوان سے انہیں تیار کیا ہے۔ ڈیزائنر یاسر شکیل (چیری) نے نمائندہ دنیا کو بتایا اپنی مصنوعات کو غیر ملکی برانڈز کے مقابلے میں آگے لانے کیلئے ہمیں میدان میں آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا نادیہ حسین ، فوزیہ ا مان، فلک شیخ، صبا سکندر ، ثنا خان، ماہا علی، فائزہ انصاری، آمنہ الیاس، عبیر ہ ، اریبہ حبیب، سارہ خان، رابعہ چودھری ، مناہل، صدف کنو ل و دیگر ماڈلز سے رابطے جاری ہیں۔

 

ان شوز میں مذکورہ ماڈلز ملکی ملبوسات زیب تن کرکے کیٹ واک کریں گی علاوہ ازیں فیشن ڈیزائنرز نے فلم و ٹی وی فنکاروں ثنا ، صنم سعید، ماورا حسین ، ماہرہ خان ، سجل علی ، فہد مصطفی، فیصل قریشی ، اعجاز اسلم ، معمر رانا، مانی، حرا مانی، عائشہ عمر، ہمایوں سعید، مہوش حیات، ڑالے سرحدی، دانش تیمور، جاوید شیخ، بابر علی و دیگر سے بھی رابطے شروع کردئیے ہیں۔

آواز کے جادوگر محمد رفیع کی38 ویں برسی منائی گئی

لاہو(شوبزڈیسک)برصغیر پاک و ہند کے مایہ ناز گلوکار سروں کے بادشاہ محمد رفیع کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 38برس ہوگئے۔ تاہم اس موقع پر ان کے پرستار اور شوبز سے متعلق تنظیمیں ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پروگراموں کا انعقاد کریں گی اور ان کی یاد میں متعدد تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ 24دسمبر 1924 کو کوٹلہ سلطان سنگھ امرتسر میں پیدا ہونے والے محمد رفیع سات بہن بھائیوں میں سے سب سے چھوٹے تھے۔ بچپن میں ہی گلوکاری کا شوق رکھنے والے محمد رفیع نے پہلی بار1941 میں لاہور میں پنجابی فلم گل بلوچ کیلیے گانا گایا۔محمد رفیع کی زندگی میں سب سے بڑا موڑ اس وقت آیا جب موسیقار اعظم نوشاد نے انھیں گانے کاموقع دیا۔ نوشاد کیساتھ محمد رفیع کی جوڑی بہت کامیاب رہی۔ گائیکی کے ساتھ محمد رفیع کو اداکاری کا بھی شوق تھا۔انھوں نے سماج کو بدل ڈالا اورہدایت کارشوکت حسین رضوی کی فلم جگنو میں اداکاری کی۔چالیس سال سے زائد عرصے تک آواز کا جادو جگانے والے محمد رفیع نے تیس ہزار کے قریب فلمی اور غیرفلمی نغمات ریکارڈ کروائے۔31 جولائی 1980کومحض 56برس کی عمر میں محمد رفیع اس دنیا کو الوداع کہہ گئے تھے۔

 

شمالی میکسیکو میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 85 افراد زخمی

میکسیکو سٹی(ویب ڈیسک) شمالی میکسیکو میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 85 افراد زخمی ہوگئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق میکسیکو کی ریاست ڈورنگو کے ایک ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے 5 منٹ بعد ہی ایرو میکسیکو کا طیارہ زمین پر آگرا۔طیارے میں 2 شیرخوار بچوں اور عملے کے 4 ارکان سمیت 103 افراد سوار تھے۔تاہم طیارے کے گرتے ہی اس میں آگ لگنے سے قبل مسافروں اور عملے نے جہاز سے چھلانگ لگا دی اور محفوظ رہے۔میڈیا پر نشر کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاز بالکل تباہ ہوچکا ہے اور اس میں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔

عمران خان کی تقریب حلف برداری میںمو دی کو مدعو کرنے پرغور: بھارتی میڈیا

نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی عمران خان کی تقریب حلف برداری میں بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی سمیت تمام سارک ممالک کے سربراہان کو مدعو کرنے پر غور کررہی ہے، امید ہے کور کمیٹی جلد ہی اس پر فیصلہ کرلے گی، کور کمیٹی متفق ہونے کے بعد وزارت خارجہ سے بھی مشاورت کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے تحریک انصاف کے رہنما کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ عمران خان وزیراعظم کے عہدہ کا حلف اٹھانے کی تقریب میں سارک ممالک کے دیگر سربراہان کے ساتھ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو بھی مدعو کرنا چاہتے ہیں تاہم اس معاملے پر ابھی کور کمیٹی میں بحث جاری ہے۔ امید ہے کور کمیٹی جلد ہی اس پر فیصلہ کرلے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے بھی بھارتی وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم کو بھی سارک ممالک کے دیگر سربراہان کی طرح مدعو کیا جا سکتا ہے تاہم اس کے لیے کور کمیٹی متفق ہونے کے بعد وزارت خارجہ سے بھی مشاورت کرے گی۔

 

نواز شریف کو بیرون ملک بھجوانے کی سعودی تجویز عمران خان نے مسترد کر دی

ملتان (میاں غفار خان) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عمران خان نے نواز شریف کو بیرون ملک بھجوانے کیلئے سعودی عرب کی تجویز قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ سعودی سفیر نے تین روز قبل عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان تک اپنی حکومت کا پیغام پہنچایا تھا کہ عمران خان کے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے سے قبل ہی علاج کی غرض سے نواز شریف کو بیرون ملک بھجوا دیا جائے۔ بعد میں انسانی ہمدردی کے تحت ان کی صاحبزادی مریم نواز کو بھی انسانی ہمدردی کے تحت رہا کرا کے بیرون ملک بھیج دیا جائے لیکن عمران خان نے یہ کہتے ہوئے سعودی تجویز قبول نہیں کی کہ سعودی عرب چند دن کے اندر اپنے شہزادوں سے لوٹ مار کے اربوں، کھربوں ڈالر واپس لے سکتی ہے تو نواز شریف کی لوٹ مار کی رقم کی واپسی میں کیوں رکاوٹ ڈالی جائے حالانکہ نواز شریف کی بیرون ملک بلیک منی ہے جس کیلئے دنیا کے کسی بھی قانون کے تحت وہ رعایت کے مستحق نہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں نگران حکومت سے بھی رابطہ کیا گیا مگر اس نے تمام دباﺅ عمران خان کی طرف منتقل کر دیا کہ انہیں چند روز تک اقتدار سنبھالنے ہے لہٰذا فیصلہ بھی وہی کرینگے لیکن عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں پیغام دیا کہ رقم واپس کیے بغیر نوازشریف کو جیل سے رہائی نہیں ملے گی۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کی طرف سے امریکہ میں کام کرنے والی لابنگ فرم نے امریکی حکومتی عہدیداروں کو بھی یہ باور کرایاہے کہ نوازشریف کے ملتان میں سرل المیڈا کے انٹرویو میں عائد کئے گئے الزامات کے بعد ہی ساری مشکلات پیدا ہوئی ہیں اور اگراس موقع پر نوازشریف کی مدد نہیں کی جاتی تو اس خطے میں امریکہ کو سیاسی حمایت کے لئے کوئی بھی سیاستدان نہیں ملے گا۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کے کہنے پر ہی رہائی کی تجویز دی تھی۔

انگلش کرکٹ ٹیم آج منفرد ریکارڈ اپنے نام کریگی

دبئی(آئی این پی) 1000ویں ٹیسٹ تک رسائی نے انگلش دھڑکنیں تیز کردیں۔انگلش ٹیم بھارت کے خلاف بدھ کے روز پہلے ٹیسٹ کیلیے میدان میں اترتے ہی نئی تاریخ رقم کردے گی۔ یہ اس کا ایک ہزارواں ٹیسٹ ہوگا، مارچ 1877میں میلبورن کرکٹ گرانڈ پر آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو سے اب تک کھیلے گئے 999ٹیسٹ میچز میں انگلش ٹیم کو 357میں فتح حاصل ہوئی، 297میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ 345کا اختتام ڈرا پر ہوا۔ بھارت سے پہلے ٹیسٹ کے میزبان وینیو ایجبسٹن پر انگلش ٹیم 50 میچز کھیل چکی، یہاں پر اس کا پہلا مقابلہ مئی 1902میں آسٹریلیا کے خلاف ہوا تھا۔ اس اسٹیڈیم میں انگلش ٹیم کو 27 فتوحات اور 8 ناکامیاں ہوئیں جبکہ 15میچز ڈرا ہوئے۔انگلش ٹیم نے بھارت سے پہلا ٹیسٹ جون 1932میں کھیلا تھا جس کے بعد اب تک کھیلے گئے 117طویل طرز کے مقابلوں میں اسے 43میں فتح، 25میں شکست ہوئی ہے۔

اپنے ملک میں انگلش ٹیم نے اس حریف کے خلاف 30میچز جیتے جبکہ بھارتی سورما صرف 6بار ہی یہاں پر کامیابی حاصل کرپائے جبکہ 21ڈرا ہوئے۔ یہ اعدادوشمار 5ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے انگلش ٹیم کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں، اس وقت ٹیسٹ رینکنگ میں کوہلی الیون ٹاپ اور انگلش ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے۔اگر میزبان ٹیم 5-0سے کلین سوئپ کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو پھر وہ سیدھی 10پوائنٹس اضافے کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ جائے گی جبکہ اس کا بھارت سے 28پوائنٹس کا فاصلہ صرف 5پوائنٹس تک سمٹ آئے گا لیکن دوسری جانب اگر بھارت نے اپنی پوری قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلین سوئپ کیا تو پھر اس کی ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم ہوجائے گی اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 129تک پہنچ جائے گی۔اس صورت میں انگلش ٹیم کو 3 پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہ سری لنکا کی جگہ 94پوائنٹس کے ساتھ پانچویں سے چھٹے نمبر پر چلا جائے گا۔ اس تنزلی کے باوجود اس کو ساتویں نمبر پر موجود پاکستان پر 6پوائنٹس کی برتری حاصل رہے گی۔ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں اس وقت بھارت کے پوائنٹس 125ہیں، دوسرے نمبر کی جنوبی افریقی ٹیم کے آسٹریلیا کے برابر ہی 106پوائنٹس ہیں تاہم وہ اعشاریائی فرق کی وجہ سے کینگروز سے آگے ہے۔ نیوزی لینڈ 102پوائنٹس کے ساتھ چوتھا نمبر سنبھالے ہوئے ہے۔ انگلینڈ اور سری لنکا فی الحال 97، 97پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں، اعشاریائی فرق ہی انگلینڈ کو ایک قدم آگے رکھے ہوئے ہے۔ساتویں نمبر پرموجود پاکستان کے 88پوائنٹس جبکہ اس سے نیچے آٹھویں پوزیشن کا حامل ویسٹ انڈیز اس سے 11پوائنٹس پیچھے ہیں۔ بنگلہ دیش کے 67اور دسویں نمبر کی ٹیم زمبابوے کے صرف دو پوائنٹس ہیں۔

ترکی کے صدر کا عمران خان کو ٹیلی فون ،عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

انقرہ (ویب ڈیسک)ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ترک صدر نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور آئندہ حکومت کے لیے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔دونوں رہنماو¿ں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر اتفاق کیا گیا۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماو¿ں نے بھرپور گرم جوشی کا مظاہرہ کیا اور عمران خان نے مبارکباد دینے پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

عمران خان کا میانوالی کی نشست برقرار رکھنے کا فیصلہ : ذرائع

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان قومی اسمبلی کی پانچ میں سے چار نشستیں چھوڑ دیں گے۔عمران خان نے عام انتخابات 2018ءمیں قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن انھیں ان میں سے چار نشستیں چھوڑنا پڑیں گی، اس سلسلے میں انہوں نے اپنے پارٹی رہنماو¿ں سے مشاورت کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا اپنے آبائی حلقہ میانوالی کی نشست برقرار رکھنے کا امکان ہے کیونکہ وہ انتخابی مہم کے دوران میانوالی کی نشست پاس رکھنے کا وعدہ بھی کر چکے ہیں۔عمران خان اسلام آباد کے حلقہ این اے 53، لاہور کے حلقہ این اے 131، بنوں کے حلقہ این اے 35 اور کراچی سے این اے 243 کی نشست چھوڑنے کو تیار ہیں۔ذرائع کے مطابق پارٹی کے بعض رہنماو¿ں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو لاہور کی سیٹ نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ ان کے خیال میں ان کے مخالف امیدوار سے ووٹوں کا فرق کم ہے، ضمنی انتخاب ہوئے تو اسے جیتنا مشکل ہو گا۔

ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کا بائیکاٹ ختم کر دیا

لاہور(آئی این پی) پاکستان ہاکی ٹیم نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایچ ایف کے خلاف اعلان بغاوت واپس لے لیا۔کپتان رضوان سینئرسمیت دیگرسینئرزکے ہمراہ قومی کھلاڑیوں نے 24گھنٹے کے اندر ہی پریس کانفرنس میں اپنا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کردیا۔ ایشین گیمزکے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا اعلان ہوتے ہی ان کھلاڑیوں نے واجب الادا رقم کے لیے بھرپوراحتجاج کرتے ہوئے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کپتان رضوان سینئر نے کہا کہ صدر پی ایچ ایف بریگیڈیر (ر)خالد کھوکھر نے معاملات سلجھانے کی یقین دہانی کرائی ہے اوریہاں تک کہہ دیا ہے کہ میں اپنے گھر کا سامان بیچ کر بھی کھلاڑیوں کے واجبات ادا کروں گا۔ قومی کپتان نے کہا کہ ہم نے بائیکاٹ نہیں کیا تھا بلکہ اپنا حق مانگ رہے تھے، اسی لے ٹریننگ جاری رکھی ہوئی ہے لیکن اگر وعدے کے مطابق پیسے نہ ملے تو ہمارا متفقہ فیصلہ ہے کہ ایشین گیمز میں شرکت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہربڑے ایونٹ سے قبل ٹریننگ کیمپ اوراس کے بعد پی ایچ ایف نے ڈیلی الاونس ادا نہیں کیا، جس سے کھلاڑیوں ذہنی مسائل سے دوچارہیں، یہ عمل درست نہیں، انہوں نے کہا کہ یہ درست نہیں کہ ہم نے یہ سب کچھ پی ایچ ایف کی جانب سے حکومت پردبا ڈالنے کے لیے کیا، قومی کپتان نے کہا کہ یہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ہی سے پوچھا جائے کہ اس نے 50 کروڑ روپے کہا خرچ کرڈالے۔

 

غیرملکی دروں پرغیرضروری لوگوں کو سرکاری خرچ پرلے جانے کا جواب بھی فیڈریشن ہی دے سکتی ہے لیکن حکومت روکے جانے والی 20 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کرے۔اس موقع پرعرفان سینئیر اورعمران بٹ نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہماری رینکنگ تنزلی کی جانب بڑھ رہی ہے۔

، دباو میں آکر نہیں ہم نے قدم نہیں اٹھایا تھا,مشترکہ فیصلے کے بعد ہم نے پریس کانفرس کی ہے,ملک ریاض سے گزارش ہے کہ وہ پہلے کے اعلان کردہ انعام بھی جاری کریں، ہمارا جو حق ہے وہ ادا کردیں یہی سب کی درخواست ہے، 6 ماہ سے ہمیں ایک پیسہ نہیں دیا گیا۔واضح رہے کہ عام خیال ہے کہ پی ایچ ایف کے سیکریٹری سابق اولمپئین شہباز سینئر کی ایما پر قومی ہاکی کھلاڑیوں نے اس فیصلہ کا اعلان کیا تھا جسے سرعت کے ساتھ واپس بھی لے لیا گیا، 22 برس قبل 1996 کے اٹلانٹا اولپمپکس سے قبل شہباز احمد ہی کی قیادت میں پاکستان ہاکی ٹیم نے پیسوں میں اضافہ کے لیے بغاوت کی تھی، پریس کانفرنس سے قبل شہباز احمد کے دست راست اولمپئین کامران اشرف کھلاڑیوں کے ساتھ موجود تھے۔

کیویز کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان سے انکار کر دیا

آکلینڈ(آئی این پی) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی) کی ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے ٹیم بھیجنے سے معذرت کرلی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3ٹیسٹ،3ون ڈے اور3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شیڈول ہیں جس پر پاکستان کر کٹ بورڈکی جانب سے اصرار کیا گیا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کم از کم 3ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز پاکستان آکر کھیلے تاہم نیوزی لینڈ میڈیا کے مطابق پاکستان میں سیریزکھیلنے کےلئے مشاورت کی گئی جس کے بعد نیوزی لینڈکرکٹ نے پی سی بی کی درخواست پر معذرت کرلی ۔ اب اکتوبر2018میں یواے ای میں ہی3ٹیسٹ،3ون ڈے اور3ٹی ٹوینٹی میچزکھیلے جائیں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین گریگ بارکلے کا کہنا تھا کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ جیسی ایک بڑی ٹیم کا دورہ پاکستان سوچ رکھا تھا جس سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں مزیدمدد ملتی اور ہمارے انکار سے انہیں مایوسی ہو گی لیکن کچھ مشکل اوقات میں ایسے فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔چیئرمین نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کرس مولر کے مطابق سیکیورٹی رپورٹ کی بنیاد پر ٹیم پاکستان نہیں بھیج رہے۔ نیوزی لینڈ کے انکار کے بعد پاکستان متحدہ عرب امارات میں کیویز ٹیم کی میزبانی کرےگا۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان فیوچر ٹور پروگرام کے تحت رواں سال اکتوبر سے دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں 3ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز، 3 ٹیسٹ اور 3ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز شیڈول ہے۔ واضح رہے کہ 2003میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور گزشتہ 15سال میں نیوزی لینڈ کو یہ پہلی بار دورہ پاکستان کی پیشکش کی گئی تھی جسے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے مسترد کر دیا ہے ۔