(ن) لیگ نے چوہدری نثار کے مقابلے میں امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کردیے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) نے ناراض پارٹی رہنما چوہدری نثار کے مقابلے میں قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی بھی 2 نشستوں پر اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کردیے۔مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 اور پی پی 10 کے لیے راجہ قمرالاسلام کو ٹکٹ جاری کر دیا جب کہ ممتاز خان کو این اے 63 کے لیے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ (ن) لیگ کی جانب سے پی پی 13 سے چوہدری سرفراز افضل، پی پی 19 سے ذیشان صدیق بٹ کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔مسلم لیگ (ن) نے پی پی 20 سے راجا سرفراز اصغر اور پی پی 12 کے لیے فیصل قیوم ملک کو پارٹی ٹکٹ دیا ہے۔ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ مسلم لیگ (ن) چوہدری نثار کے مقابلے میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کرے گی۔یاد رہے کہ چوہدری نثار علی خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59، این اے 63 اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 10 اور پی پی 12 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

چیف جسٹس کا لاپتہ افراد سے متعلق جمع تمام درخواستوں پر کارروائی کا حکم

کراچی (ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ رجسٹری میں لاپتہ افراد کے اہلخانہ کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تمام درخواستوں پر کارروائی کا حکم دیا ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران آئی جی سندھ امجد جاوید اور حساس اداروں کے افسران پیش ہوئے۔سماعت کے دوران کئی لاپتہ افراد کے اہلخانہ بھی سپریم کورٹ رجسٹری پہنچ گئے، اس موقع پر ان کی جانب سے درخواستیں دی گئیں۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے آئی جی سندھ و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے مکالمے کے دوران کہا کہ لاپتہ افراد پر مجھے بڑا افسوس ہو رہا ہے، جوان نہیں57 سالہ شخص بھی لاپتہ ہو رہا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکا کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرائیں، اگر ان کے پیاروں کے ساتھ حادثہ ہو چکا تو وہ بھی بتا دیں تاکہ کم ازکم ان کے پیاروں کو صبر تو آسکے۔پچاس سے زائد لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے کمرہ عدالت میں آہ و بکا کی جس کے شور شرابہ ہونے پر خاتون اہلکار نے لاپتہ شہری کی رشتہ دار کو کمرہ عدالت سے باہر نکالنے کی کوشش کی جس پر لیڈی پولیس اہلکار کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے رویے پر چیف جسٹس نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور اپنی نشست سے اٹھ کر چلے گئے، تھوڑی دیر وقفے کے بعد چیف جسٹس دوبارہ کمرہ عدالت میں آئے اور کہا کہ آپ لوگوں نے عدالت کا تقدس پامال کیا، میرا کہنا بھی آپ لوگ نہیں مانے اور شور شرابا کرتے رہے۔ایک خاتون کی جانب سے ڈائس پر مکہ مارنے پر چیف جسٹس نے کہا کہ کمرہ عدالت میں ڈائس پر ا?پ گھونسے مار رہی ہیں، چیف جسٹس کے ڈائس پر مکے مارے گئے، آپ کی ہمت کیسے ہوئی۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ لوگوں نے پولیس اہلکار پر ہاتھ کیسے اٹھایا، میں آپ لوگوں کے لیے نکلا مگر آپ لوگوں نے توہین عدالت کی، مجھے قوم کی بیٹیوں سے اس بدتہذیبی کی توقع نہیں تھی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بیٹی ہیں اس لیے معاف کررہا ہوں ورنہ جیل بھیج دیتا جس پر ڈائس پر ہاتھ مارنے والی خاتون نے غیر مشروط معافی مانگ لی۔چیف جسٹس نے لاپتہ افراد کے اہلخانہ کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تمام درخواستوں پر کارروائی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لاپتہ افراد کے لئے خصوصی سیل قائم کرنے کا حکم دے دیا۔

 

سابق وزیراعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک کے اثاثے منظر عام پر

پشاور(ویب ڈیسک)سابق وزیراعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک کے اثاثے بھی منظر عام پر آگئے جن کے مطابق پرویزخٹک12کروڑ96لاکھ46ہزارروپے زرعی زمین کے مالک ہیں۔دستاویزات کے مطابق پرویزخٹک حیات آباد میں کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر ہیں اور 2012 ماڈل کی گاڑی کے مالک ہیں جس کی ملکیت13لاکھ67ہزارروپے ہے۔ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی اہلیہ 53 تولے سونے کی مالک ہیں جبکہ پرویز خٹک خود12کروڑ96لاکھ46ہزارروپے زرعی زمین کے مالک ہیں۔پرویزخٹک کے اثاثہ جات کی تفصیل کے مطابق انہوں نے2کروڑ52 لاکھ روپے قرض کی ادائیگی کرنی ہے جبکہ پرویزخٹک نے ایک دوست کو40 لاکھ روپے قرضہ بھی دیا ہے۔

افغان سرحد پر باڑ لگانے والے جوانوں پر سرحد پار سے فائرنگ، سپاہی نیاز شہید

اولپنڈی(ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے والے جوانوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سپاہی نیاز شہید ہوگئے۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ملک کے لیے قوم کے ایک اور بیٹے نے جان قربان کردی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے سرحد پر باڑ لگانے والی پارٹی پر فائرنگ کی جس سے سپاہی نیاز علی شہید ہوگئے۔29 سالہ سپاہی نیاز علی کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع مردان سے تھا جو پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے لیے سیکیورٹی کی ذمہ داری پر مامور تھے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان انشائ اللہ ہر حال میں سرحد پر باڑ لگائے گا جس کے لیے افغانستان کا تعاون دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان سرحد پر 2611 کلو میٹر پر باڑ لگانی ہے

کبڈی ماسٹرز کپ، افتتاحی میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں مات

دبئی(ویب ڈیسک) کبڈی ماسٹرز کپ کے افتتاحی میچ میں بھارت کیخلاف پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔کبڈی ماسٹرز کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو بھارت کیخلاف 20-36 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 6 ملکی ٹورنامنٹ کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے ہاتھوں ہوا، ٹاس بھارتی فلمسٹار ابھیشک بچن نے کیا ، وہ بھارت کی پرو کبڈی لیگ میں جے پور پنک پینتھرز کبڈی ٹیم کے اونر بھی ہیں، اس موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ا?فیسر ڈیوڈ رچرڈسن بھی مدعو تھے۔واضح رہے کہ 9 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں کوریا، ایران، ارجنٹائن اور کینیا کی ٹیمیں بھی شریک ہیں۔

پاکستان نےمقامی وسائل سے سیٹلائٹ تیار کرلیا، دفتر خارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مقامی وسائل سے پاک ٹیس ون سیٹلائٹ تیار کرلیا ہے جو آئندہ ماہ جولائی میں خلا میں چھوڑا جائے گا۔دفترِخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے مقامی وسائل سے ایک سیٹلائٹ تیار کرلیا ہے جس کے پاک ٹیس ون اے کا نام دیا گیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے سیٹلائٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیٹلائٹ کا وزن 285 کلوگرام ہے جو ریموٹ سینسنگ کیلیےاستعمال ہوگا، سیٹلائٹ زمین کے جغرافیے، موسم، ماحول اور سائنسی تحقیق میں معاون ثابت ہوگا۔ڈاکٹرمحمد فیصل کے مطابق پاک ٹیس ون اے سیٹلائٹ آئندہ ماہ خلا میں چھوڑا جائے گا جو 610 کلومیٹرکی بلندی پر مدارمیں چکر لگائے گا۔

پڑھیے حکمران طبقے نے قومی دولت پر کیسے ڈاکہ ڈالا: عمران خان کا برطانوی رپورٹ پر تبصرہ

لاہور( ویب ڈیسک ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے برطانوی میڈیا کی رپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران طبقے نے قوم کی دولت پر کیسے ڈاکہ ڈالا اس حوالے سے مزید پڑھئے۔عمران خان نے برطانوی میڈیا ڈیلی میل کی ایک خبر کو سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیا اور اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘مزید پڑھیے کیسے کرپٹ حکمرانوں اور انکے خاندانوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پاکستانی قوم کی دولت پر ڈاکہ ڈالا’۔برطانوی میڈیا رپورٹ میں لندن کے علاقے مے فیئر میں موجود ایون فیلڈ پراپرٹیز کا ذکر کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ وہاں موجود 4 فلیٹس شریف خاندان کی ملکیت میں ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف 1993 سے جب بھی وہ لندن آتے ہیں تو انہیں فلیٹوں میں قیام کرتے ہیں جن کی مالیت کم از کم 7 ملین پاو¿نڈ ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں زیرسماعت تین ریفرنسز میں سے ایک لندن پراپرٹیز سے متعلق ہے جو ٹرائل کے آخری مرحلے میں ہے۔

 

مسلم لیگ (ن) کل کراچی سے باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کرے گی

کراچی( ویب ڈیسک ) مسلم لیگ (ن) کل کراچی سے انتخابی مہم کا آغاز کرے گی جس کے لیے پارٹی صدر شہباز شریف خصوصی طور پر شہرقائد آئیں گے۔ آج سے ملک بھر میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے تاہم (ن) لیگ کل کراچی سے مہم کا آغاز کرے گی اور شہباز شریف اپنے حلقوں کا دورہ بھی کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے مطابق پارٹی قائد شہباز شریف کل دو روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے جس کے دوران وہ مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے۔ (ن) لیگ کے مطابق شہباز شریف تاجروں اور میڈیا نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے اور اپنے حلقے این اے 249 اور لیاری کا بھی دورہ کریں گے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مفتاح اسماعیل کے حلقے این اے 244 کا بھی دورہ کریں گے اور کارکنان سے خطاب کریں گے۔مسلم لیگ لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے امیدواروں نے اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج سے اپنی الیکشن مہم کا آغاز کریں گے جس کے لیے وہ کلر سیداں میں جلسہ کریں گے۔شاہد خاقان عباسی این اے 53 اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے جہاں آج کہوٹہ آمد سے قبل ناراض لیگی کارکنان نے احتجاج کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے ہم سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا، پنڈی کہوٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے کا وعدہ وفا نہ ہوسکا جب کہ کہوٹہ اور کلر سیداں کی یونین کونسلز کو بجلی و گیس دینے کا وعدہ بھی پورا نہ ہوسکا۔

 

گورنر سندھ اور اسد عمر کے بڑے بھائی طارق عمر انتقال کرگئے

کراچی (ویب ڈیسک ) گورنر سندھ محمد زبیر اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد عمر کے بڑے بھائی طارق عمر طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ترجمان گورنر سندھ کے مطابق محمد زبیر اور اسد عمر کے بڑے بھائی طارق عمر طویل عرصے سے پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے جس کا علاج جاری تھا تاہم آج (اتوار کو) انہوں نے اپنی جان جانِ آفریں کے سپرد کردی۔ طارق عمر کی نماز جنازہ کل (پیر کو) بعد نماز عصر ڈیفنس کراچی میں اد ا کی جائے گی جبکہ ان کی تدفین چنیسر گوٹھ محمود آباد قبرستان میں کی جائے گی۔

 

سینکڑوں سال پرانی روائتیں بھارتی ریاست میں آج بھی زندہ ، ناک کو اس طرح بنانے کی کہانی کیا ہے؟

نئی دلی(ویب ڈیسک )قدیم دور کے انسان کے رسوم و رواج بھی الگ ہی انداز کے تھے جس کی مثالیں آج بھی دنیا کے بعض خطوں میں دیکھنے کو ملتی ہیں تو انسان حیران رہ جاتا ہے۔ ایک ایسی ہی عجیب و غریب مثال بھارتی ریاست اروناچل پردیش کی زائرو وادی میں بسنے والی یہ خواتین ہیں۔ ان کا تعلق قدیم قبیلے آپاتانی سے ہے، جو آج کے جدید دور میں بھی دنیا سے الگ تھلگ اروناچل پردیش کے دور دراز پہاڑی علاقوں میں آباد ہے۔ یہاں کی بوڑھی خواتین کی سب سے حیران کن بات ان کے چھدے ہوئے نتھنے ہیں جن میں یہ بڑے بڑے چپٹے کوکے ڈالتی ہیں۔ اس حیرتناک روایت کی وجہ بھی بہت عجیب ہے۔یہ قبائلی کہتے ہیں کہ پرانے دور میں جب دشمن قبائل ایک دوسرے پر حملہ کرکے خواتین کو اغواءکر لے جایا کرتے تھے تو اس دور میں خوبصورت شکل و صورت والی خواتین کو بدنما بنانے کیلئے ان کے نتھنوں کو دونوں جانب سے چھید کر اس میں کوئی بدنما چیز ڈال دی جاتی تھی تاکہ یہ دیکھنے میں اچھی نہ لگیں۔ اس کا مقصد یہ ہوتا تھا کہ جب دشمن قبیلہ حملہ کرے تو ان لڑکیوں کو بدنما دیکھ کر اغوائ کرنے کی بجائے وہیں چھوڑ جائے۔ آج کے دور میں قبائل کی یہ رسم ختم ہوچکی ہے لیکن چھدے ہوئے نتھنوں والی خواتین کی آخری نسل ضرور ابھی باقی ہے۔