تازہ تر ین

پاک پروٹیز دوسرا ون ڈے معرکہ آج ،سرفراز جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے پُر امید

ڈربن (ندیم شبیرسے) پاکستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ (آج)منگل کوڈربن میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان کو سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہو گا۔پاکستان دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی جنوبی افریقا کو شکست دیکر سیریز میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے بیتاب ہے۔ڈربن میں پاکستان ٹیم نے جم کر پریکٹس کی، بلے بازوں نے فاسٹ باﺅلنگ سے نمٹنے جبکہ بولرز نے لائن و لینتھ بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی۔گرین شرٹس پورٹ ایلزبتھ میں فتح کا اعتماد لیے میدان میں اتریں گے اور میزبان ٹیم پہلے میچ میں شکست کا بدلہ چکانے کی کوشش کرے گی، پروٹیز کو رن ریٹ بہتر بنانے جب کہ پاکستان کو بولنگ میں خامیوں پر قابو پانے کی فکر ہوگی، پاکستان غیر متاثر کن کارکردگی پیش کرنےوالے عثمان شنواری کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہے۔ڈربن کے کنگز میڈ اسٹیڈیم میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے، گرین شرٹس نے 6 میچز میں سے 4 میں فتح سمیٹی، 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، فروری 2007 اور مارچ 2013 میں کھیلے جانے والے گزشتہ دونوں میچز میں پاکستان نے میزبان ٹیم پر برتری ثابت کی۔قومی کپتان سرفرازاحمدنے دوسرے میچ میں بھی جیت کے عزم کااظہارکیا ہے،انہوں نے کہا کہ جیت کاتسلسل برقراررکھتے ہوئے دوسرامیچ بھی نام کریں گے۔دونوں ٹیموں کے مابین ابھی تک کھیلے گئے74ایک روزہ میچوں میں میزبان جنوبی افریقہ نے47 جبکہ گرین شرٹس نے 26میچوں میں فتح حاصل کی ،ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ سیریز میں میزبان کے ہاتھوں کلین سوئپ کے بعد اب قومی ٹیم نے ون ڈے سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا اور پہلے ون ڈے میں میزبان کو5وکٹوں سے شکست دی اور5ایک روزہ میچوں کی سیریز میں1-0کی برتر ی حاصل کی۔۔اب دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ون ڈے (آج) منگل کوڈربن میں کھیلا جائیگا۔دوسرے ون ڈے کےلئے شاہینوں نے بھرپور پریکٹس کی ہے۔ون ڈے سپیشلسٹ محمدحفیظ، شعیب ملک، عثمان شنواری اور عماد وسیم کچھ کردکھانے کو بے تاب ہیں۔ میزبان ٹیم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے دو ون ڈے کیلئے ڈیل سٹین اور کوئنٹن ڈی کاک کو ڈراپ کر دیا ہے ۔ون ڈے کرکٹ میں جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری ہے۔74 ایک روز میچوں میں سے 47جیتے جبکہ 26میں گرین شرٹس نے کامیابی سمیٹی۔ سیریزکا تیسرا میچ 25جنوری کو سنچورین میں کھیلا جائیگا، چوتھا میچ 27جنوری کو جوہانسبرگ جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کیپ ٹاﺅن میں کھیلا جائے گا۔اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاﺅن میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 3 فروری کو جاہانسبرگ میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain