تازہ تر ین

احساس انڈر گریجوایٹ وظائف پروگرام کا آغاز ، اب کوئی بھوکا نہیں سوئے گا ،عمران خان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا، حکومت آٹا، چینی، دال اورگھی کی خریداری میں مدد رےگی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کہا گیا کہ 25 ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد کو راشن کی خریداری میں معاونت کی جائےگی، حکومت آٹا، چینی، دال اورگھی کی خریداری میں مدد کرے گی۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے آئندہ بجٹ میں راشن خریداری کے لیے رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا وزیراعظم نے وزارت خزانہ اور معاشی ٹیم کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں کوئی بھوکا نہیں سوئےگا، پہلی حکومتیں ایسے طبقے کا احساس نہیں کرتی تھیں، موجودہ حکومت ایسے سفید پوش طبقے کا سہارا بنے گی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق اور صوبے مل کر فیصلے پر عملدرآمدکریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 15 سے20 فیصد تک کمی کی ہدایت کی تھی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اجناس غیر قانونی طور پرذخیرہ نہیں ہونی چاہئے اور قیمتوں میں ردوبدل کر کے زائد پیسہ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسکالر شپ پروگرام سے ملک کا بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احساس انڈر گریجویٹ وظائف پروگرام کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران نے کہا کہ ثانیہ نشتر کو احساس پروگرام کی مبارکباد دیتا ہوں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرا رول ماڈل ریاست مدینہ ہے، ریاست مدینہ دنیا کاسب سے اچھا نظام تھا، ریاست مدینہ کا ماڈل دنیا کی تاریخ کا سب سے کامیاب ماڈل تھا۔انہوں نے کہا کہ انسانی معاشرہ اپنے کمزور طبقے کا خیال رکھتا ہے، کمزور طبقہ ریاست کی ذمہ داری ہے، ہمارا روڈ میپ ریاست مدینہ کا ہے، مدینہ کی ریاست بہت زیادہ امیر نہیں تھی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست کے پاس وسائل نہیں تھے لیکن احساس تھا، انسانوں اور حیوانوں کے معاشرے میں فرق صرف احساس کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل پر ایک چھوٹے سے ایلیٹ طبقے نے قبضہ کرلیا ہے۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان کا اصل نظریہ جو تھا ہم اس پر عمل کر رہے ہیں، نظریہ تھا جو پیچھے رہ گئے ہیں ان کو آگے لانا، ایک لاکھ 70 ہزار بچوں کو ہنر سکھا رہے ہیں،یہی بچے آئندہ آنے والے سالوں میں پاکستان کو اوپر اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 60 لاکھ خاندانوں کوصحت کارڈ دے چکے ہیں، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے7 لاکھ20 ہزار روپے تک علاج مفت ہوگا، غریب لوگوں کے پاس علاج کے لیے پیسے نہیں ہوتے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اسکالر شپ پروگرام سے ملک کا بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا، تمام اسکالر شپ مکمل طور پر میرٹ پر ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے پیر صاحب پگاڑا نے ملاقات کی جس میں صوبہ سندھ کے سیاسی امور اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ پیر کو وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پیر صدرالدین شاہ بھی ملاقات میں شریک تھے۔ملاقات میں صوبہ سندھ کے سیاسی امور اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔پیر صاحب پگاڑا نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے صوبہ سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبہ کی مجموعی ترقی میں دلچسپی اور وفاقی حکومت کی جانب سے لئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔شرکاءنے وزیراعظم عمران خان سے احساس پروگرام کے تحت ”کفالت پروگرام“ کے صوبہ سندھ میں دائرہ کار میں توسیع کی درخواست کی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان ریلوے کی تنظیم نو اور ریلوے سے متعلقہ معاملات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس میں وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور ریلوے کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں ریلوے سے متعلقہ معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے موجودہ دور میں ریلوے کے مختلف شعبوں مثلاً ریلوے کے خسارہ میں کمی لانے، مسافر کوچز کی تعداد میں اضافے، ریلوے ٹریک کی بہتری، مال بردار گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کرنے، ریلوے کے شعبہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ اور مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اب تک کی جانے والی اصلاحات پر تفصیلی بریف کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اس امر کا بخوبی ادراک ہے کہ ملک کی ترقی کے لئے ریلوے کی ترقی نہایت ضروری ہے اسی لیے موجودہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے منافع بخش اور فعال ادارہ بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ریلوے کے حوالے سے جانی نقصانات قابل تشویش ہیں اور اس ضمن میں فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان ریلویز کو فعال اور منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے ادارے کی تنظیم نو کی ضرورت ہے اس حوالے سے مشیر اصلاحات کی مشاورت سے ایک جامع پلان تشکیل دیا جائے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain