ویب ڈیسک : کوہاٹ کے علاقے ہنگو روڈ پر قاتلانہ حملے میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکار کو قتل کردیا گیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی کانسٹیبل وزیر خان اپنے آبائی گاؤں نوے کلے سے کوہاٹ شہر کی جانب جارہے تھے کہ انہیں موٹر سائیکل پر سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں سی ٹی ڈی اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
مزید پڑھیں: کراچی کے علاقے لیاقت آباد 10 نمبر میں احساس پروگرام کے دفتر پر نامعلوم افراد کے دستی بم حملے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
سی ٹی ڈی کانسٹیبل ضلع کرم میں ڈیوٹی ادا کر رہے تھے اور وہ چھٹیوں پر کوہاٹ جارہے تھے۔
مقامی سی ٹی ڈی اسٹیشن میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: گھوٹکی میں دھماکا، 2رینجرز اہلکار شہید
ان کی نماز جنازہ کوہاٹ میں فرید حسین بنگش پولیس لائنز میں ڈی آئی جی کوہاٹ ڈویژن طیب حفیظ چیمہ، ضلعی پولیس افسر منصور امان، ڈپٹی کمشنر عبدالرحمٰنم سی ٹی ڈی حکام اور دیگر عمائدین و پولیس اہلکاروں نے پڑھی۔
ڈی آئی جی اور دیگر حکام نے شہید اہلکار کو سلامی پیش کی اور اس کی قبر پر پھول بھی چڑھائے۔
انہیں ان کے آبائی قبرستان میں عزت و وقار کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملے ہوتے رہے ہیں۔
رواں ہفتے ہی کراچی، گھوٹکی اور لاڑکانہ میں رینجرز پر علیحدہ علیحدہ واقعات میں قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 رینجرز اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد 10 نمبر میں احساس پروگرام کے دفتر پر نامعلوم افراد کے دستی بم حملے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا جبکہ ایک رینجرز اہلکار سمیت 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔
گھوٹکی میں گوشت کی دکان میں دھماکے میں 2 رینجرز اہلکار شہید ہوگئے تھے جبکہ اس دوران ایک شہری بھی زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔
اسی روز لاڑکانہ میں چانڈکا پل کے مقام پر واقع رینجرز کے اسکول پر کریکر حملہ کیا گیا تاہم اس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔