تازہ تر ین

پاکستان نے 88 سے زائد دہشت گرد عناصر پر سخت پابندیاں عائد کر دیں

(ویب ڈیسک) پاکستان  نے دہشتگردی کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے  داعش ،القاعدہ، طالبان اور دیگرکالعدم تنظیموں کے 88 سے زائد دہشتگرد عناصر پر سخت پابندیاں عائد کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق  القاعدہ، داعش اور طالبان سے متعلق دو نوٹیفکیشنزکا اجراء 18 اگست 2020ء کو کیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  کالعدم تنظیموں، دہشتگرد عناصر کے تمام اثاثے، کھاتے فی الفور منجمد کرنے کا حکم دیا گیا ۔ اقدام کے تحت پاکستان میں منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات ضبط کر لیے گئے ہیں۔

بینکوں اور مالیاتی اداروں سے مالیاتی خدمات کی فراہمی، بیرون ملک سفر پر پابندی  بھی عائد کردی گئی۔

کالعدم دہشتگرد تنظیموں، افراد پر ہتھیاروں کے حصول پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی۔

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی پابندیاں کی کمیٹی نے دہشتگردوں کی نئی فہرست کی منظوری دی ہے۔ اقوام متحدہ پابندیوں کی کمیٹی نے متعلقہ دہشتگرد تنظیموں، افراد کو دہشتگردی میں ملوث قرار دیا ہے۔

سابق طالبان حکومت کے وزراء، گورنر اور رہنما بھی دہشتگردی کی مصدقہ فہرست میں شامل ہیں۔پاک، افغان سرحدی علاقوں میں روپوش کالعدم تحریک طالبان کے افراد بھی فہرست میں شامل ہیں۔

پابندی لگنے والوں میں حافظ محمد سعید، مولانا محمد مسعود اظہر، ملا فضل اللہ  (عرف ملا ریڈیو)، ذکی الرحمان لکھوی ، محمد یحیٰ مجاہد، انٹر پول کو مطلوب عبدالحکیم مراد شامل ہیں ۔

کالعدم تحریک طالبان کا نور ولی محسود، ازبکستان آزادی تحریک کا فضل رحیم ، طالبان سے تعلق رکھنے والے جلال الدین حقانی، خلیل احمد حقانی، یحی حقانی، محمد سلیم حقانی، نصیر الدین حقانی، سعید محمد حقانی، سراج الدین حقانی اور جلال الدین حقانی شامل ہیں۔

بھارتی مہاراشٹرہ کا داؤد ابراہیم کاشکر، ہمراہ دیگر عہدیداروں پر بھی پابندی  لگائی گئی ہے۔

کالعدم تحریک طالبان، لشکر طیبہ، جیش محمد، لشکر جھنگوی تنظیموں کی قیادت  پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔تحریک طالبان پاکستان کے ذیلی گروپ طارق گیدار گروپ کے تمام عہدیداران پر بھی پابندیوں کی توثیق کر دی گئی ہے۔

حرکت المجاہدین، الرشید ٹرسٹ پاکستان، الاختر ٹرسٹ انٹرنیشنل پاکستان پر بھی پابندی کی توثیق  کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ  تنظیم جیش المہاجرین الانصار کے تمام عہدیداران بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

کالعدم جماعت الاحرار، خطبہ امام البخاری تنظیم، رابطہ ٹرسٹ لاہور کے تمام عہدیداران  اور قیادت  پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

ریوائیول آف اسلامک ہیریٹیج سوسائٹی پاکستان بشمول عہدیداران بھی پابندی کی فہرست میں شامل ہیں۔

الحرمین فاونڈیشن اسلام آباد پاکستان، حرکت الجہاد اسلامی پاکستان، اسلامی جہاد گروپ پاکستان  بھی پابندی لگنے والی تنظیموں میں شامل ہیں۔

ازبکستان اسلامی تحریک، داعش عراق، روس کے خلاف امارات قفقاض تنظیم، چین کی مسلم آزادی تنظیم کے عبدالحق اوگر پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain