جونی ڈیپ کو سابق بیوی کے خلاف دائر مقدمے میں پیش ہونے کا حکم

امریکی عدالت نے ہولی وڈ اداکار 57 سالہ جونی ڈیپ کو سابق اہلیہ کے خلاف دائر کیے گئے اپنے ہرجانے کے مقدمے کی سماعت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ 2 ستمبر کو جونی ڈیپ نے امریکی عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ ان کی سابق اہلیہ کے خلاف دائر کیے گئے مقدمے کی سماعت کچھ ماہ کے لیے ملتوی کردی جائے۔

جونی ڈیپ نے ریاست ورجینیا کے شہر فیئر فیکس کی عدالت میں دائر کردہ درخواست میں کہا تھا کہ جن دنوں میں ان کے مقدمے کی سماعت شروع ہوگی، ان ہی دنوں میں وہ اپنی آنے والی فلم کی شوتںگ کے لیے برطانیہ جائیں گے، اس لیے فی الحال سماعت ملتوی کی جائے۔

اداکار نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کے ہرجانے کے دعوے کی سماعت مئی یا جون 2021 تک مؤخر کی جائے۔

جونی ڈیپ نے درخواست میں کہا تھا کہ جلد ہی ان کی آنے والی فلم فانٹیسٹک بیٹس تھری کی شوٹنگ شروع ہوگی، جس وجہ سے وہ سماعتوں میں پیش نہیں ہوسکیں گے۔

امریکہ کورونا کیلئے پاکستان جیسے اقدامات کرتا تو کھربوں ڈالر بچالیتا، عالمی ماہرِاقتصادیات

عالمی ماہرِاقتصادیات لیری سمرز نے کہا ہےکہ  اگر امریکہ کورونا  کے لیے پاکستان جیسے اقدامات کرتا تو کھربوں ڈالر بچالیتا۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان کی کورونا حکمت عملی پر عالمی سطح پر شاندار تعریف کی جارہی ہے۔

عالمی بینک کے سابق چیف اکانومسٹ و سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کی اکنامک کونسل کے صدر لیری سمرز  نے پاکستان کے کورونا اقدامات کو زبردست قراردیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ پاکستان کی طرح  کے اقدامات کرتا تو دس ٹرلین ڈالرز بچاے جا سکتے تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل عالمی ادارہ صحت، عالمی اقتصادی فورم اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹر نیشنل پالیسی سنٹر فار انکلوسیو گروتھ کی جانب سے بھی پاکستان کے کوروناوائر س کی روک تھام کے لیے   کیے گئے اقدامات کو دنیا کے لیے قابل تقلید قرار دیا جا چکا  ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب خطے اور دنیا میں اکثر ممالک کو تنقید کا سامنا ہے پاکستان کی کورونا حکمت عملی کی تعریف اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو کر چیلیجز کو کامیابیوں میں بدل سکتے ہیں۔

امريکی صدارتی انتخاب:71 فیصد مسلمان ٹرمپ کے مخالف

رواں سال نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب کیلئے امریکا میں مقیم 71 فیصد مسلمانوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کی مخالفت کردی۔

شکاگو میں موجود نمائندہ خصوصی سما یاسر فیروز کے مطابق امریکی صدارتی انتخاب کے تناظر میں مسلم ووٹ بینک پر سروے کیا گیا۔ جس میں مسلمانوں کی اکثریت نے ڈيموکريٹ صدارتی اميدوار جو بائيڈن کو ووٹ دينا کی خواہش کا اظہار کیا۔

یہ سروے کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز کی جانب سے کیا گیا۔ اس سروے میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ اسلام مخالف بیانات کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلمانوں ميں مقبوليت 17 سے بڑھ کر 19 فیصد ہوگئی۔

سروے میں مسلمانوں کا ووٹ جو بائیڈن کی جانب بڑھتا دکھایا گیا ہے۔ سروے کی مطابق اس بار سب سے زیادہ 89 فیصد مسلمان ووٹ دینے کا عزم رکھتے ہیں، جس میں سے 71 فیصد ووٹ ٹرمپ مخالف ہے۔

دوسری جانب ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی امریکن نائب صدر کی امیدوار کو لے کر خوش نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کاملا ہیرس کا جھکاؤ پاکستان سے زیادہ بھارت کی طرف ہوگا۔ ماضی کے سروے ظاہر کرتے ہیں کہ امریکی مسلمان ری پبلکن امیدواروں کے مقابلے میں ڈیموکریٹک امیدواروں کی حمایت کی طرف مائل رہے ہیں۔

امریکا کی مجموعی آبادی کو دیکھا جائے تو مسلمان امریکی اس کا محض ایک فی صد حصہ ہیں، تاہم یہ ایک فیصد تناسب بھی ووٹنگ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ امریکا میں رہنے والے مسلمان یہ امید کرتے ہیں ٹرمپ ہوں یا جو بائیڈن، کسی ایک مخصوص قوم کو کسی بھی صورت نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

حکومت کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی وزراء کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن کے اداروں کے خلاف بیانیے پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطبق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرت ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے،حکومت کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کرپشن کیسز کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا جبکہ اپوزیشن کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی۔

نواز شریف کی طلبی کیلئے قومی اخبارات میں اشتہار شائع

سابق وزیراعظم نواز شریف کی نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کے عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہو گیا۔

حکومت نے العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات اخبارات میں شائع کرا دیے۔

دونوں اشتہارات عدالتی احکامات پر روزنامہ جنگ اور ڈیلی ڈان میں شائع کرائے گئے۔

اخبارات میں شائع اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 6 جولائی 2018 کو 10 سال قید اور 8 ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا ہوئی۔

اس کے علاوہ اخباری اشتہارات میں یہ بھی کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نا اہل قرار دیا گیا۔

اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں 19 ستمبر 2018 کو نواز شریف سزا معطل ہونے پر ضمانت پر رہا ہوئے، ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل زیر سماعت ہے اور نواز شریف عدالت میں پیش ہونے کے پابند تھے۔

اشتہار میں کہا گیا ہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور ڈیڑھ ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں 8 ہفتوں کی ضمانت منظور کی گئی۔

قومی اخبارات میں شائع اشتہار میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے جن کی تعمیل نہ ہو سکی، نواز شریف 24 نومبر کو عدالت میں پیش ہوں۔

افغانی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، گلبدین حکمت یار

افغانستان کے تجربہ کار سیاست دان حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاکستان کو ہم اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے وفد کے ہمراہ دفترخارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاک افغان دو طرفہ تعلقات، افغانستان میں قیام امن کے لیے جاری بین الافغان مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی ایمبیسڈر محمد صادق بھی موجود تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار اور ان کے وفد کو دفتر خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا۔

کیپٹن(ر)صفدر کی ضمانت منظور ہوگئی، مریم نواز کا دعویٰ

کراچی : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم اورنگزیب نے ابھی بتایا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منظورہوگئی ہے، کوئی سمجھتا ہے دھمکیوں سے مرعوب ہوجائیں گے تویہ خام خیالی ہے۔

‌تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سب اورپی ڈی ایم قیادت کی شکر گزارہوں، جو یہاں موجود نہیں انھوں نے بھی فون پر تشویش کا اظہار کیا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ 6 بجے کےقریب کسی نے زور زور کر دروازہ پیٹناشروع کیا اور دروازہ توڑنےکی کوشش کی گئی ، بلاول بھٹو نے فون کیا وہ غصے میں تھا انھوں نے کہا یہ برا واقعہ ہوا،ہماری بہن اورمہمان کیساتھ ایسا سلوک ہوگا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی فون کرکے کہا کہ ہم شرمندہ ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ایک لمحےکیلئے بھی نہیں لگا کہ سندھ حکومت معاملے میں ملوث ہے، سب سمجھ آرہا ہے کہ کیا کھیل کھیلا گیا ، پی ٹی آئی کارکنوں نے مزار قائد پر ہلڑ بازی کی اس پر کوئی پوچھنے والا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو ایسا نعرہ نہیں، جس سے کسی کی بےحرمتی ہوئی ہو، ووٹ کو عزت دو قائداعظم کے فرمودات کی وضاحت ہے، مزار قائد پر نوازشریف، مریم نواز کے نعرے نہیں لگے، یہ جو نامعلوم افراد ہیں انھیں سب جانتے ہیں، کیا نوازشریف نے جو سوال اٹھائے کیا ان کے جوابات یہ ہیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ایف آئی آر درج کرانے والا دہشت گردی عدالت سے مفرور ہے،دہشت گردی،غداری کے پرچے کرانیوالوں کے مدعی ایک جیسے کیوں ہوتے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو دھمکیاں بہت وقت سے مل رہی تھیں، کوئی سمجھتاہے دھمکیوں سے مرعوب ہوجائیں گے تویہ خام خیالی ہے، اردگرد کارروائی سے بہتر ہے میں یہاں موجود ہوں آؤ گرفتارکرو۔

انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے کہاریاست سے بڑھ کر ریاست والی باتیں سچ ثابت ہورہی ہیں، ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے کوئی بھی کام کریں گے، سوچ سمجھ کر کریں گے ، سندھ حکومت نے کہا دیا ہم میں سے کوئی نہیں تو پھر وہی بچ گئے۔

پاکستان میں ٹک ٹاک بحال کرنے کا فیصلہ

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی  ( پی ٹی اے ) نے پاکستان میں ویڈیو ایپ ٹک ٹاک کو بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پاکستان ٹيلی کمينيکيشن  کے ترجمان کے مطابق ٹک ٹاک نے مقامی قوانین پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کچھ دیر میں حکم نامہ جاری کریں گے۔ ٹک ٹاک انتظامیہ نے غیراخلاقی مواد پر بھی قابو پانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

ٹک ٹاک پر سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ پی ٹی اے اجلاس میں اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔

ترجمان پی ٹی اے کا مزید کہنا ہے کہ ٹک ٹاک انتظامیہ غیر اخلاقی اور غیرمناسب مواد کی روک تھام کا میکانزم بنانے پر آمادہ ہوگئی ہے۔

ایک ماہ میں ادویات کی قیمتوں میں دوسری بار اضافہ ، 22 سے35 فیصد مہنگی ہوگئیں

مجموعی طور پر253 ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں ، نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا

لاہور ویب ڈیسک : حکومت کی طرف سے ایک ماہ میں ادویات کی قیمتوں میں دوسری بار اضافہ کردیا گیا ، ادویات کی قیمتوں میں 22 سے35 فیصد اضافے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مقامی فارماسسٹ نور مہر نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے پہلا نوٹی فکیشن گزشتہ ماہ کی 17تاریخ کو جاری کیا گیا جوکہ 27 کو منظر عام پر آیا جب کہ رواں ماہ کی 5 تاریخ کو جاری کیا گیا نوٹی فکیشن آج سامنے آیا جن کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں 22 سے 35 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، اور مجموعی طور پر253 ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں، جب کہ پاکستان میں ادویات کی قیمتیں پہلے ہی زیادہ ہیں ، اس صورتحال میں حکومت کی طرف سے کیا گیا نیا اضافہ مریض کش ہے۔

دوسری طرف ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد دوائیاں بنانے والی کمپنیوں کا منافع بھی بڑھ گیا ، ادویہ ساز کمپنیوں کے خالص منافعے میں 69 فیصد اضافہ ہوگیا ، بتایا گیا ہے کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں 5 بڑی کمپنیوں نے خالص منافع کی مد میں 6 ارب روپے سے زائد کا فائدہ اٹھایا ، کورونا کے باعث روایتی ادویات کی فروخت میں کمی ہوئی تاہم اس عرصے میں وٹامنز اور سپلیمنٹ کی مانگ میں اضافہ ہوچکا ہے ، پچھلے دو سالوں میں ادویات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے نتیجے میں کمپنیوں کا منافع بھی 69 فیصد تک بڑھ چکا ہے ، حالاں کہ اس عرصے میں ادویات کی فروخت صرف 4 فیصد بڑھی ، تاہم دوائیں مہنگی ہونے کی وجہ سے 5 بڑی کمپنیوں کے منافع میں 6 ارب 21 کروڑ 70 لاکھ روپے اضافہ ہوا ، جب کہ تازہ خبر کے مطابق حکومت کی طرف سے ایک ماہ میں ادویات کی قیمتوں میں دوسری بار اضافہ کردیا گیا ، ادویات کی قیمتوں میں 22 سے35 فیصد اضافے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا

سرفراز اور ملک ڈراپ، زمبابوے کے خلاف 22 رکنی پاکستان ٹیم کا اعلان

لاہور(ویب ڈیسک): پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا۔

پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا ہے کہ شعیب ملک سمیت کچھ سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کوآسان نہیں لیناچاہیے، کوشش ہے،اچھی اور بیلنس ٹیم بنائیں۔

مصباح نے کہا کہ ون ڈےکرکٹ کھیلے ایک سال ہو گیا اس لیے زیادہ تجربات نہیں کریں گے لیکن کوشش کی ہے ٹی ٹوئنٹی میں نوجوانوں کو زیادہ موقع دیں۔

انہوں نے بتایا کہ حیدر علی اور خوشدل جیسے کھلاڑیوں کو مزید موقع دیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ان 22 کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی:

بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، عابد علی، فخرزمان، حارث سہیل، محمد حفیظ، امام الحق، خوشدل شاہ، حیدر علی، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد حسنین، روحیل نذیر، موسیٰ خان، فہیم اشرف، حارث روف، ظفر گوہر ، عثمان قادر اور وہاب ریاض

‘سرفراز کے لیے چانس نہیں بنتا تھا’

مصباح الحق نے کہا کہ محمد رضوان اچھا کھیل رہا ہے اس لیے سرفراز احمد کے لیے اس اسکواڈ میں چانس نہیں بنتا تھا۔

ہیڈکوچ کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کا چانس مشکل بن رہا تھا اب وہ ڈومیسٹک کھیل کر نیوزی لینڈ کے لیے تیار ہوں گے۔

زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین تیوانگا موکلانی قائم مقام ایم ڈی کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جب کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم آج شب اسلام آباد پہنچے گی ۔

مہمان ٹیم اپنے دورے کے دوران 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی ۔

32 رکنی اسکواڈ کوویڈ 19 کی ٹیسٹنگ کے عمل سے گزرے گا اور آئسولیشن کے دوران مہمان اسکواڈ کو ٹریننگ کی سہولت میسر ہو گی ۔

پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز 30 اکتوبر ، یکم اور تین نومبر کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے میچز لاہور میں 7 ، 8 اور دس نومبر کو ہوں گے ۔