عماد وسیم، پانڈیا سے بہتر آل راونڈر ہیں، بریڈ ہوگ

نئی دہلی(ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہوگ نے پاکستان کے عماد وسیم کو بھارتی پلیئر ہردیک پانڈیا سے زیادہ بہتر آل راونڈر قرار دے دیا۔31 سالہ عماد نے 53 ون ڈے اور 43 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے جبکہ ابھی تک ٹیسٹ ڈیبیو نہیں کیا، انھوں نے دونوں فارمیٹس میں بالترتیب 952 اور 257 رنز اسکور کرنے کے ساتھ مجموعی طور پر 42 وکٹیں بھی لی ہیں۔دوسری جانب پانڈیا تینوں فارمیٹس میں بھارت کی نمائندگی کررہے ہیں۔ اس دوران انھوں نے 54 ون ڈے میچز میں 957 رنز بنانے کے ساتھ 54 وکٹیں لیں، 40 ٹی 20 میں 310 رنز اور 38 وکٹیں جبکہ 11 ٹیسٹ میچز میں 532 رنز بنانے کے ساتھ 17 شکار کیے ہیں۔اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ہوگ نے کہاکہ میں بہتر آل راونڈر کے طور پر عماد وسیم کا انتخاب کروں گا، پانڈیا کو انجری سے واپسی کے بعد اپنی اہمیت ثابت کرنا ہوگی۔

عامرخان نے شادی ہال کورونا سے جنگ میں استعمال کرنے کیلیے پیش کر دیا

لندن(ویب ڈیسک) پاکستان نڑاد برطانوی باکسر عامر خان نے بولٹن میں موجود اپنا شادی ہال کورونا وائرس سے جنگ میں استعمال کرنے کیلیے پیش کردیا۔33 سالہ سابق ورلڈ لائٹ ویلٹر ویٹ چیمپئن نے ٹویٹر اکاونٹ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں اس بات سے اچھی طرح واقف ہوں کہ عام لوگوں کیلیے اس وقت اسپتال میں بیڈ حاصل کرنا کتنا مشکل ہے، اسی لیے میں اپنی 60 ہزار اسکوائر فٹ پر قائم 4 منزلہ بلڈنگ نیشنل ہیلتھ سروس کو دینے کو تیار ہوں تاکہ وہ کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کرسکیں۔عامر خان نے واضح کیا کہ ان کی یہ عمارت شادی ہال اور ریٹیل آوٹ لٹ کیلیے استعمال ہونا تھی۔ اس سے قبل پریمیئر لیگ سائیڈ چیلسی نے بھی اپنے اسٹیمفورڈ برج اسٹیڈیم میں موجود ہوٹل میں نیشنل ہیلتھ سروس اسٹاف کو مفت رہائش دینے کی پیشکش کردی تھی۔ اس مشکل وقت میں راجر فیڈرر، کرسٹیانورونالڈو اور لیونل میسی سمیت کئی اسپورٹس اسٹارز بھاری عطیات کا اعلان کرچکے ہیں۔

اپنے بچوں کے خلاف کی گئی بات پرخاموش نہیں رہوں گی

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کی معروف اداکارہ جویریہ سعود نے چند روز قبل اپنے بچوں بیٹی جنت اور بیٹا ابراہیم کے ہمراہ ٹک ٹاک پر چند ویڈیوز بناکر شیئر کیں جو بعدازاں سوشل میڈیا پر خوب وائرل بھی ہوئیں۔ویڈیوزمیں دیکھا جاسکتا ہے کہ جویریہ سعود ان کی بیٹی جنت اور بیٹا ابراہیم سیاہ شرٹس میں ملبوس کسی انگریزی گانے پر پرفارم کرتے نظر آئے۔سوشل میڈیا پر ان ویڈیوز کے وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے اداکارہ اور ان کے بچوں پر کمنٹس کیے اور دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تیزی سے پھیلتی اس وبا کے دوران ایسی ویڈیوز شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔اس کے بعد اداکارہ جویریہ سعود نے ان تمام افراد کی جانب سے کی گئی تنقید کے جواب میں ایک نئی ویڈیو فیس بک شیئر کی۔ جس میں انہوں نے لوگوں کے نفرت بھرے کمنٹس کا جواب دیا ہے۔ویڈیو میں اداکارہ کا لوگوں کوجواب دیتے ہوئےکہنا ہے کہ جب تک ان کے خلاف ایسے نفرت بھرے کمنٹس سامنے آئے وہ خاموش رہیں تاہم اپنے بچوں کے خلاف کی گئی کسی بھی بات پر وہ خاموش نہیں رہیں گی

وزیراعظم کا برطانوی شہزادے اور وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے برطانوی وزیراعظم اور برطانوی شہزادہ چارلس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ شہزادہ چارلس اور وزیراعظم بورس جانس کی جلد صحتیابی اور لمبی زندگی کیلئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور برطانوی شہزادہ چارلس میں کورونا وائرس کی تصدیق پر دونوں کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہزادہ چارلس اور وزیراعظم بورس جانس کی جلد صحتیابی اور لمبی زندگی کے لیے دعا گو ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس نے دنیا بھر میں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ خطرناک وائرس سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مربوط ردعمل کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا برطانوی ہم منصب ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماﺅں نے کورونا کے عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کورونا عالمی وبا کے پھیلا کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے کی جانے والی کاوشوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں اس وبا کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے برطانوی ہم منصب کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی شہزادہ چارلس، وزیر اعظم بورس جانسن اور وزیر صحت کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس مشکل اور دکھ کی گھڑی میں حکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔وزیر خارجہ نے اپنے برطانوی ہم منصب کو صورت حال معمول پر آنے کے بعد برطانوی شہریوں کی جلد وطن واپسی کیلئے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس عالمی وبا کے پھیلاو¿ کو روکنے کیلئے پاکستان کی طرف کیے جانے والے اقدامات سے برطانوی وزیر خارجہ آگاہ کیا۔

ملک میں پاک فوج کے دستے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات کر دیئے گئے

راولپنڈی (ویب ڈیسک) ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ ملک میں پاک فوج کے دستے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات کیے گئے ہیں، ملک بھر میں 182 قرنطینہ مراکز بنائے گئے، پاک فوج کے جوان وفاقی اور صوبائی انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک میں پاک فوج کے دستے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات کیے گئے ہیں۔ پاک فوج کے دستوں کی ملک بھر میں سول انتظامیہ کی معاونت جاری ہے، ملک بھر میں 182 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ تفتان میں 600 لوگوں کے لیے قرنطینہ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے جوان وفاقی اور صوبائی انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں۔ شہروں کے داخلی وخارجی راستوں پر پاک فوج کے دستے سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ تعینات ہیں۔ پنجاب کے34 اضلاع میں بھی فوج سول انتظامیہ کی مدد کیلئے تعینات ہے۔ بلوچستان کے9 اضلاع میں فوج تعینات کی گئی ہے۔ اسی طرح سندھ کے29 اضلاع میں فوج، رینجرز اور پولیس کورونا سے نمٹنے کیلئے کام کررہے ہیں۔

وقار ذکا نے سوشل میڈیا کی تمام کمائی کورونا متاثرین کے نام کردی

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کے نامور سوشل میڈیا آرٹسٹ وقار ذکا نے اپنے سوشل میڈیا کی تمام کمائی کورونا وائرس کے متاثرین کے نام کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق وقار ذکا وہ واحد سوشل میڈیا آرٹسٹ ہیں جو کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے اپنی تمام کمائی دینے کے لیے میدان میں آگئے۔صرف یہی نہیں ، جب سب لوگ کورونا وائرس سے خوفزدہ ہیں اور تمام نیوز چینلز صرف کورونا کی باتیں کررہےہیں ایسے میں وقار ذکا عوام کا ڈپریشن کم کرنے اور ان کی انٹرٹینمنٹ کی کے لیے ’ہیڈ فون شو ‘کے نام سے ایک منفرد شو لے آئے۔وقار ذکا کا ’ہیڈ فون شو‘ دیکھتے ہی دیکھتے عوام میں مقبولیت حاصل کرگیا ہے اور اس وقت ٹرینڈنگ میں رہنے والاواحد انٹرٹینمنٹ شو بن گیا ہے۔وقار ذکا کا’ہیڈ فون شو‘ صرف دو دن میں 862 ڈالرز کی امداد جمع کرچکا ہے جو کہ سب کورونا وائرس کے متاثرین کی امداد کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔وقار ذکا وہ واحد آرٹسٹ ہیں جو امداد کی مد میں جمع ہوئی رقم سو فیصد مستحق افراد تک پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے اس کے لیے ایک ٹرینڈ ’نیکی کر سوشل میڈیا پہ ڈال‘ کے نام سے پانچ سال قبل شروع کیا تھا۔اگرآپ بھی کورونا سے متعلق خبریں سن کر ڈپریشن کا شکار ہوچکے ہیں تو یوٹیوب کھولیے اور ’ہیڈ فون شو‘ سے لطف اندوز ہوئیں۔

برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ کی شوبز میں واپسی

لاہور(ویب ڈیسک)برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل ڈزنی کی ڈاکیومنٹری ’ایلیفینٹس‘ کے ساتھ شوبز میں واپسی کرنے جارہی ہیں۔ میگھن مارکل اس ڈاکیومنٹری میں کوئی کردار ادا نہیں کریں گی بلکہ جانوروں پر مبنی اس ڈاکیومنٹری کو صرف اپنی آواز دیں گی۔ڈزنی اسٹوڈیو نے حال ہی میں اعلان کیا کہ برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ نے رواں سال 3 اپریل کو ریلیز ہونے والی اس فلم کو اپنی آواز دی ہے یہ فلم ڈزنی کی اسٹریمنگ سروس پر ریلیز ہوگی۔اس ڈاکیومنٹری کی کہانی ہاتھیوں کے ایک خاندان کے سفر پر مبنی ہے۔ برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے رواں سال 9 جنوری کو شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جس کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھی کہ میگھن ڈزنی کی ایک فلم کے ساتھ شوبز میں واپسی کریں گی اور اب اس فلم کا نام بھی منظر عام پر آگیا۔

احسن خان کاقرنطینہ کیسےگزررہا ہے

لاہور(ویب ڈیسک)کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاون جاری ہے۔کورونا وائرس سے اپنے آپ کو اور فیملی کو محفوظ رکھنے کے لیے فنکاروں نے خود کو گھروں میں قرنطینہ کرلیا۔قرنطینہ میں جانے کے بعد فنکاروں کی دلچسپ سرگرمیوں کی ویڈیوزمیں خوب وائرل ہورہی ہیں۔بول نائٹز پروگرام کے میزبان احسن خان نے بچوں کیساتھ اصلاح کیلئے قرآن پاک کی تاریخی کتابوں کا مطالعہ شروع کردیا۔

ہالی ووڈ اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ کی کورونا کو شکست دینے کے بعد گھر واپسی

لاس اینجلس(ویب ڈیسک) آسکرایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن نے کورونا کو شکست دے دی۔اداکار ٹام ہینکس نے تقریباً دو ہفتے قبل انسٹاگرام پر ان میں اوران کی اہلیہ ریٹا ولسن میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔ ٹام ہینکس نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو اہلیہ کے ساتھ آسٹریلیا میں قرنطینہ کرلیا تھا اور اس دوران سوشل میڈیا پر مداحوں کو اپنی صحت کے حوالے سے باخبر بھی کررہے تھے۔تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ ٹام ہینکس اور ریٹا ولسن نے کورونا کو شکست دے دی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ٹام اور ریٹا صحت یاب ہونے کے بعد گزشتہ روز آسٹریلیا سے لاس اینجلس اپنے گھر واپس آگئے ہیں۔ٹام ہینکس نے 12 مارچ کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ ان میں اور ان کی اہلیہ میں کووڈ19 کی تشخیص ہوئی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ پہلے ہالی ووڈ فنکار تھے جن میں کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیاتھا۔ یہ خبر سامنے آتے ہی ان کے مداحوں اوردیگر فنکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔ یہ جوڑا دوہفتے قبل آنجہانی گلوکار ایلوس پریسلے کی زندگی پر مبنی فلم میں کام کی غرض سے آسٹریلیا میں موجود تھا۔ تاہم کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں نے آسٹریلیا میں ہی خود کو قرنطینہ کرنےکا فیصلہ کیا۔ ٹام ہینکس کے علاوہ ہالی ووڈ اداکار ادریس البا، ”گیم آف تھرونز“ کے اداکار کرسٹوفر ہیوجو اور سابق بانڈ گرل اولگا کری لینکو میں بھی کوڈ 19 کی تشخیص ہوچکی ہے۔

کوروناکے باوجود سعودی عرب میں امتحانات مقررہ وقت پر ہوں گے

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی مملکت میں کورونا وائرس پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ اسی وجہ سے چند روز قبل مملکت میں تعلیمی سرگرمیاں بند کر دی گئی تھیں۔ مملکت میں لاکھوں طلباء اس وقت اپنے سالانہ امتحانات کے حوالے سے فکر مند ہیں۔ اس بارے میں وزارت تعلیم کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔سعودی وزارت تعلیم کی ترجمان ابتسام الشہری نے کہا ہے مملکت میں امتحانات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔کرونا وائرس کی وجہ سے امتحانات کا شیڈول تبدل نہیں ہوگا۔کسی غیر معمولی تبدیلی پر ہی اس میں ردوبدل ہوسکے گا۔العربیہ نیٹ نیوز کے مطابق وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ فاصلاتی تعلیم کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ طلباءکے امتحانات کے لیے آن لائن امتحانات کے ساتھ مختلف آپشن موجود ہیں۔اس حوالے سے 10 رمضان المبارک کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ فی الحال امتحانات کا شیڈول تبدیل کرنے کا کوئی پروگرام نہیں۔الشہری کا کہنا تھا کہ طلباءکی تعلیم کا تسلسل ان کی پہلی ترجیح ہے۔ وہ کورونا کی وباءکی وجہ سے طلباءکا سال ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ طلباءاور طالبات کو فاصلاتی تعلیم کے طریقہ کار پر سختی سے کاربند رہنا چاہیے۔ایک سعودی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران الشہری نے واضح کیا کہ شاہی حکم کے مطابق مملکت بھر میں آن لائن ایجوکیشن کا سلسلہ رمضان تک جاری رہے گا۔الشہری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر خدانخواستہ مستقبل میں کورونا وائرس کی وبا پھیل گئی تو پھر تعلیمی اداروں کی عمارتوں کو قرنطینہ اور علاج معالجے کے مراکز کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ اسی وجہ سے سکولوں’ کالجوں اور یونیورسٹیوں کی عمارتیں وزارت صحت کے حوالے کردی گئی ہیں- واضح رہے کہ وزارت تعلیم نے محکمہ صحت کی سفارش پر 9 مارچ 2020ءسے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر تا اطلاع ثانی بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔