دبئی میں واقع پاکستانی ریسٹورنٹس کے مالک نے انسانیت کے دِل جیت لیے

دبئی(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ جس کے باعث کئی افراد معاشی تنگی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ان افرادکو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہو رہی۔ ایسے پریشان حال افراد کی مدد کا بیڑہ ایک پاکستانی شخص نے اٹھا لیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق دبئی میں مقیم 35 سالہ شہباز قریشی نے اپنے ریسٹورنٹس سے سینکڑوں لوگوں کو مفت کھانا پہنچانا شروع کر دیا ہے۔شہباز قریشی نے بتایا کہ اس کے ہزارہ گروپ کے نام سے دبئی میں انٹرنیشنل سٹی میں چار ریسٹورنٹس ہیں۔ گزشتہ بدھ کے روز جب سے اماراتی حکومت کی جانب سے لوگوں کو گھروں پر رہنے کا پابند کیا ہے، اس وقت سے اس کے چاروں ریسٹورنٹس کا عملہ بڑی مقدار میں کھانا پکا کر ضرورت مندوں لوگوں تک پہنچا رہا ہے۔گزشتہ تین روز کے دوران اب تک 350 پریشان حال افراد کو کھانا کھلایا جا چکا ہے۔جن میں دبئی، شارجہ اور عجمان سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر کارکن ہیں یا وہ بیچارے لوگ ہیں جو نوکری کی تلاش میں امارات آئے تھے، تاہم پروازوں کی بندش کے باعث وہ امارات میں ہی پھنس کر رہ گئے ہیں۔انسانیت کا درد رکھنے والے قریشی نے مزید بتایا کہ جب سے انہوں نے واٹس ایپ کے ذریعے لوگوں کو مفت کھانا پہنچانے کی مہم شروع کی ہے تب سے ان کے چاروں ریسٹورنٹس ڈولفینا، ہزارہ دربار، موال اور الفریج کچن میں ٹیلی فونز کی گھنٹیاں لگاتار بج رہی ہیں، جس میں لوگ اپنی رہائش کی مقامات بتا کر کھانا پہنچانے کی درخواست کر رہے ہیں۔
حتیٰ کہ ہم آج کی رات دو بجے بھی مشکلات کے شکار افراد کو کھانا پہنچایا ہے۔ یہ پانچ افراد ستوا کے علاقے میں مقیم ہیں جنہیں کافی عرصے سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی، جس کے باعث وہ مالی مشکلات کا شکار ہو گئے تھے۔قریشی نے بتایا کہ ان کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ہزارہ ریجن کے شہر ایبٹ آباد سے ہے۔ اس وقت لوگوں کو جو کھانا پہنچایا جا رہا ہے، وہ چنا پلاو اور چکن بریانی پر مشتمل ہے۔ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مدد کرنے کے لیے بڑی مقدار میں کھانا بنا رہے ہیں جس کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔ ہمارا سٹاف ضرورت مندوں کو کھانا ڈلیور کرتے وقت ان سے محفوظ فاصلے پر کھڑا ہوتا ہے۔ ہم کسی کو کھانا پہنچانے سے پہلے اس بات کی تسلّی کر لیتے ہیں کہ وہ واقعی برے حالات کا شکار ہے۔ یہاں تک کہ اسے دن میں دو وقت کی روٹی بھی مشکل سے نصیب ہو رہی ہے۔اس وقت ہمارے کارکن زیادہ تر انٹرنیشنل سٹی اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے ضرورت مند افراد کو کھانا پہنچا رہے ہیں تاہم ہم نے شارجہ کے علاقے رولا اور عجمان کے لیبر کیمپس میں بھی کھانا بھجوایا ہے۔ قریشی کا کہنا ہے کہ وہ یہ سب اللہ کی خوشنودی کی خاطر کر رہا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے تمام انسانیت اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہے۔ کئی ممالک اپنی سرحدیں بند کر رہے ہیں، کروڑوں گھر میں قید ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ عالمی معیشت بھی بری طرح ڈگمگا رہی ہے۔ اس عالمی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم سب متحد ہیں۔ ایسے موقع پر اپنے آس پاس موجود نادار اور غریب لوگوں کی امداد کر کے ہی ہم اس وبا سے پیدا ہونے والی صورت حال میں اپنے حصے کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پاکستان امریکا کی کورونا امداد کے حقدار ممالک کی ترجیحی لسٹ میں شامل

لاہور(ویب ڈیسک) امریکا نے پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے والے امداد کے حقدار ممالک کی ترجیحی لسٹ میں شامل کرلیا ہے، امریکا نے کورونا سے متاثرہ بین الاقوامی کمیونٹی کیلئے 274 ملین ڈالر کا فنڈ قائم کیا ہے، کورونا ریلیف فنڈ لینے والے ممالک میں پاکستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ سینئر امریکن حکام کا کہنا ہے کہ امریکا نے عالمی وباءکورونا وائرس کے انتہائی مہلک اثرات سے متاثر ہونے والی بین الاقوامی کمیونٹی کیلئے 274 ملین ڈالر کا فنڈ قائم کردیا ہے، قائم کردہ فنڈ میں جن ممالک کو امداد دی جائے گی ان میں پاکستان کو بھی حق دار قرار دیا گیا ہے۔ امداد دینے کیلئے امریکا کی ترجیحی لسٹ کے ممالک میں افغانستان، بنگلا دیش، انڈونیشیاء، قازکستان، ازبکستان، تھائی لینڈ ، برماشامل ہیں، ان ترجیحی لسٹ والے ممالک میں پاکستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح امریکا نے پاکستان کو کورونا ریلیف کیلئے1ملین ڈالر نئے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ کورونا کیخلاف ہنگامی امداد کیلئے پاکستان کو ترجیحی ملک میں رکھا ہے۔ کورونا وائرس پاکستان میں پاکستانی شہریوں سمیت امریکی شہریوں کو بھی متاثر کررہا ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا لیب اور کورونا وائرس کی نشاندہی کیلئے1ملین ڈالرکے نئے فنڈز فراہم کرے گا۔ خیبرپختونخوا میں صحت حکام کو 13 جدید ایمبولینسیں بھی فراہم کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت کو جیکب آباد انسٹیٹیوٹ میڈیکل سائنسز کے قیام کیلئے 18ملین ڈالرفراہم کیے گئے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا اور پاکستان عالمی سطح پر صحت سے متعلق چیلنجزسے نمٹنے کیلئے دیرینہ شراکت دار ہیں۔

پنجاب حکومت کا 25 لاکھ گھرانوں کو4 ہزارروپے ماہانہ دینے کا اعلان

لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے25 لاکھ گھرانوں کو4 ہزارروپے ماہانہ دینے کا اعلان کردیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ انڈر ٹرایل قیدیوں کی 90 دن سزاو¿ں میں کمی کا فیصلہ بھی کیا ہے، ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دیں گے۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں کورونا وائرس کے82 مریض سامنے آئے۔ پنجاب کی جیلوں میں معمولی جرائم کے قیدیوں کی سزا میں 90 روز کی کمی کی جارہی ہے۔ انڈرٹرائل قیدیوں سے متعلق سفارشات جلد وفاقی حکومت کو دی جائیں گی۔ ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز ہمارے ہیروز ہیں۔ پنجاب حکومت ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کوسلام پیش کرتی ہے۔ ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہاڑی دارطبقہ مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت پنجاب انہیں اکیلا نہیں چھوڑے گی۔10ارب لاگت سے 25 لاکھ گھرانوں کو4 ہزار روپے امدادی رقم دی جائے گی۔ اسی طرح 18 ارب روپے کے صوبائی ٹیکسز معاف کیے جارہے ہیں۔ اسی طرح گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تمام جیلوں کے قیدیوں اور سٹاف کو ماسک ،سینی ٹائرز ، صابن اور پنجاب کے 1لاکھ غر یب خاندانوں کو مفت راشن کی فراہمی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک میں شامل12 فلاحی تنظیموں کے ساتھ ملکر ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں سٹاف اور قیدیوں کو بھی کورونا سے بچانے کیلئے بھر پور اقدامات کر یں گے جسکے لیے ہم نے تمام جیلوں میں قیدیوں کی تعداد اور انکو درپیش مسائل کے حوالے سے ریکارڈ جمع کر لیا ہے۔ ا±نہوں نے کہا کہ آج پہلے مرحلے لاہور کی جیلوں کے سٹاف اور قیدیوں کو کورونا سے بچانے کیلئے سامان کی پہلی کھیپ آئی جی پنجاب کے حوالے کردی ہے اور انشاءاللہ پنجاب کی جیلوں میں46 ہزار قیدیوں سمیت جیلوں کے سٹاف کو کورونا سے بچانے کیلئے ماسک ،سینی ٹائزر ،صابن ،دستانے اور جراثیم کش شیمپوفراہم کیے جائیں گے او ر جیلوں میں موجود تما م سٹاف کوہر صورت کوروناسے بچا جائیگا۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے ایک روز میں 919 افراد ہلاک، دنیا میں ہلاکتیں 27 ہزار سے تجاوز

پاکستان (ویب ڈیسک)دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 27ہزار 365 جبکہ مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ 97 ہزار ہوگئی ہے جبکہ اٹلی میں صرف ایک روز میں 919 افراد موت کی نیند سوگئے۔ جان لیوا کورونا وائرس 199ممالک میں پھیل چکا ہے۔ اب تک اس خطرناک وائرس سے 27ہزار 365 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور پانچ لاکھ 97 ہزار مریضوں میں اس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے 1 لاکھ 33 ہزار افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔اس وائرس سے سب سے متاثرہ ممالک میں امریکا اوپر آگیا ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 4 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے اور 1700 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ہلاکتوں کے اعتبار سے سب سے متاثرہ ملک اٹلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 919 افراد ہلاک ہوگئے جو وبا پھیلنے کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ اس ملک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 9 ہزار 134 اموات ہوچکی ہیں۔اسپین میں 5 ہزار 138، چین میں 3 ہزار 295، ایران میں 2378 اور فرانس میں 1995 افراد کورونا وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔برطانیہ میں 759، نیدرلینڈز میں 546، جرمنی میں 350، بیلجیئم میں 289، سوئٹزرلینڈ میں 231 اور جنوبی کوریا میں 244 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔کورونا وائرس کے سبب پاکستان سمیت متعدد ممالک میں لاک ڈاون ہے، سڑکیں اور بازار سنسان پڑے ہیں، سیاحتی مقامات پر ہو کا عالم ہے، تجارتی مراکز بند ہیں اور کاروبار زندگی مفلوج ہے، جبکہ عالمی معیشت کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

لاہور میں گھروں سے باہر نکلنے والے سینکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج

لاہور(ویب ڈیسک) پولیس نے بلاضرورت گھروں سے باہر نکلنے پر 403 شہریوں کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔ سی سی پی او ذوالفقار حمید نے خبردار کیا کہ شہری بلاوجہ گھروں سے باہر آئے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی، کورونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لئے گھروں میں ہی رہیں۔ لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس نے لاک ڈاو¿ن میں مجموعی طور پر 25632 گاڑیوں کو چیک کیا جن میں 15056 موٹرسائیکلز، 4262 رکشے، 4075 کار اور 557 ٹیکسیاں شامل ہیں۔ سی سی پی او ذوالفقار حمید کی ہدایت پر لاہور میں 229 پولیس ناکے لگائے جہاں پر 35376 افراد کی چیکنگ کی گئی۔ وارننگ کے باوجود گھروں سے باہر آنے والے 403 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 33571 افراد کو پولیس نے وارننگ دے کر چھوڑ دیا اور 1394 افراد سے آئندہ حکومتی ہدایات کی پاسداری کے حلف نامے لئے۔ علاوہ ازیں سی سی پی او لاہور نے گڈز ٹرانسپورٹ میں شہریوں کی نقل و حرکت کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ایس ایچ اوز اور ناکہ انچارج کو گڈزٹرانسپورٹ کو چیک کرنے کی ہدایت کی۔ ذوالفقار حمید نے کہا کہ ٹرانسپورٹ میں سواریاں لے جانے والی ٹرانسپورٹ کو تھانے میں بند کرکے مقدمہ درج کیا جائے اور سواریوں کو بھی گرفتار کیا جائے، گزشتہ روز بھی راوی روڈ پولیس نے ٹرک میں شہر سے باہر فرار کی کوشش میں درجنوں افراد گرفتار کیے تھے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کرگئی

پاکستان(ویب ڈیسک) کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کرگئی جب کہ 27 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، 199 ممالک میں پھیل جانے والے اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ ایک لاکھ 33 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ چین اور اٹلی کے بعد امریکا وباء کا نیا مرکز بن رہا ہے جہاں کورونا کے ایک لاکھ ایک ہزار سے زیادہ مریض سامنے آئے ہیں جب کہ 1600 سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔اٹلی میں کورونا سے مزید ہلاکتیں سامنے آئی ہیں، جہاں 919 افراد ایک ہی دن میں زندگی کی بازی ہارگئے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار سے بھی بڑھ چکی ہے جب کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 86 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ برطانیہ میں بھی مجموعی طور پر مریضوں کی تعداد 14579 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 759 تک پہنچ گئی ہیں۔ اسپین میں کورونا وائرس سے مزید 773 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد5138 ہوگئی ہے۔فرانس میں 1995، ایران میں 2 ہزار 378، جاپان میں 49، فلپائن میں 54، عراق میں 40 اور بھارت میں 20 افراد اب تک کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

طالبان سے بات چیت؛ افغان حکومت نے مذاکراتی ٹیم تشکیل دیدی

کابل(ویب ڈیسک) افغانستان کی وزارت امن نے ایک بیان میں بتایا کہ افغان حکومت نے ملک میں تنازعات کے حل کیلیے طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کیلیے 21 رکنی ٹیم تشکیل دیدی۔وزارت امن نے بیان میں کہا ہے کہ ٹیم کی سربراہی کاو¿نٹر انٹیلی جنس کے سابق سربراہ محمد معصوم ستانکزی کریں گے۔ سیاسی جماعتوں سمیت معاشرے کے ہر طبقہ کے ساتھ مشاورت کرنے کے بعد کمیٹی کے ارکان کا انتخاب کیا گیا ہے، کمیٹی کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلیے اسلامی جمہوریہ افغانستان کی نمائندگی کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔امریکا کی تاریخ کی طویل ترین جنگ ختم کرنے، افغانستان سے ہزاروں فوجی نکالنے اور قومی مفاہمت یقینی بنانے کیلیے مسلح گروپوں اور افغان حکومت کے مابین امن مذاکرات کیلیے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کیلیے امریکہ اور طالبان کے مابین 29 فروری کو امن معاہدہ طے پایا تھا۔اس معاہدے کے تحت امریکہ نے طالبان کویقین دہانی کرائی تھی کہ افغان حکومت کی جیلوں میں قید5 ہزار عسکریت پسندوں کی رہائی یقینی بنائی جائے گی جبکہ بدلے میں طالبان ایک ہزار افغان قیدی رہا کریں گے۔ امن مذاکرات شروع کرنے اور قیدیوں کی رہائی یقینی بنانے کیلیے دونوں افغان حکومت اور طالبان نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 2 طویل ٹیلی کانفرنسوں کا انعقاد کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق طالبان وفد کابل کے شمال میں واقع بگرام جیل کا جلد ہی دورہ کرے گا تاکہ رہائی کیلیے فہرست میں شامل کئے گئے قیدیوں کی پہچان کی جاسکے۔

سامان، طبی امداد اور ڈاکٹرز بھیجنے پر چین کے مشکور ہیں: وزیر خارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چین کی طرف سے پاکستان سامان، طبی امداد اور ڈاکٹرز بھیجنے پر دوست ملک کے شکر گزار ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کاساتھ دیا، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں، کوروناوائرس کو مل کرشکست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ ورکرزکومحفوظ رکھنااولین ترجیح ہے، ملک میں وینٹی لیٹرزکی تعداد بڑھا رہے ہیں، چینی طبی ماہرین کی ٹیم کوروناسے متعلق ہماری رہنمائی کریگی۔ اس سے قبل چینی طیارہ امدادی سامان لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا، طیارے میں طبی سامان، ادویات، سرجیکل ماسک اور 217 وینٹی لیٹر شامل ہیں۔ چین کے طبی ماہرین کی 8 رکنی ٹیم بھی خصوصی طیارے پر پاکستان پہنچی، چینی طبی ماہرین کی ٹیم 2 ہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گی۔ خیال رہے چین کی طرف سے اب تک 12 ہزار کٹس، 3 لاکھ ماسک فراہم کیے جاچکے ہیں، چین نے 10 ہزار حفاظتی لباس بھی پاکستان بھجوائے، چین نے قرنطینہ سینٹر کی تعمیر کیلئے 40 لاکھ ڈالر پاکستان کو عطیہ کیے۔

کورونا وائرس؛ افغان حکومت کا 10 ہزار قیدی رہا کرنے کا اعلان

کابل(ویب ڈیسک) کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر افغانستان نے 55 سال سے زائد عمر کے کم از کم 10 ہزار قیدی رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔افغان حکومت کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان کے مطابق ان میں طالبان قیدی شامل نہیں ہیں جبکہ آئندہ دس روز میں یہ عمل مکمل کر لیا جائیگا۔ افغانستان میں ابھی تک کورونا کے 91کیس سامنے آئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد تین ہے۔انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے حکومتوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ وائرس کے پھیلاو کے پیش نظر چھوٹے جرائم میں ملوث افراد کو جیلوں سے رہا کر دیں۔
ا

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا برطانوی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا برطانوی ہم منصب ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماو¿ں نے کورونا کے عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کورونا عالمی وباءکے پھیلاو¿ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے کی جانے والی کاوشوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں اس وباءکے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے برطانوی ہم منصب کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی شہزادہ چارلس، وزیر اعظم بورس جانسن اور وزیر صحت کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس مشکل اور دکھ کی گھڑی میں حکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے برطانوی ہم منصب کو صورت حال معمول پر آنے کے بعد برطانوی شہریوں کی جلد وطن واپسی کیلئے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس عالمی وباءکے پھیلاو¿ کو روکنے کیلئے پاکستان کی طرف کیے جانے والے اقدامات سے برطانوی وزیر خارجہ آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری مسلسل کرفیو کے باعث وہاں ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ 80 لاکھ کشمیری، بھارتی استبداد سے نجات کیلئے عالمی برادری کی توجہ کے منتظر ہیں۔ وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اس عالمی وبائی چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے کم وسائل کے حامل ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لئے وزیر اعظم عمران خان نے تجویز دی ہے کہ ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کیا جائے تاکہ وہ اپنے وسائل قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لیے بروئے کار لا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور مینجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے بھی اس حوالے سے حوصلہ افزا بیانات دئے ہیں۔ توقع ہے کہ برطانیہ جی 7 اور جی 20 کا اہم ممبر ہونے کے ناطے ہماری اس تجویز کو آگے بڑھانے میں اپنا موثر کردار ادا کریگا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کی تجویز کو زیر غور لانے اور مناسب فورم پر اٹھانے کا عندیہ دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کا اس عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے، مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔