تازہ تر ین

دبئی میں واقع پاکستانی ریسٹورنٹس کے مالک نے انسانیت کے دِل جیت لیے

دبئی(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ جس کے باعث کئی افراد معاشی تنگی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ان افرادکو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہو رہی۔ ایسے پریشان حال افراد کی مدد کا بیڑہ ایک پاکستانی شخص نے اٹھا لیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق دبئی میں مقیم 35 سالہ شہباز قریشی نے اپنے ریسٹورنٹس سے سینکڑوں لوگوں کو مفت کھانا پہنچانا شروع کر دیا ہے۔شہباز قریشی نے بتایا کہ اس کے ہزارہ گروپ کے نام سے دبئی میں انٹرنیشنل سٹی میں چار ریسٹورنٹس ہیں۔ گزشتہ بدھ کے روز جب سے اماراتی حکومت کی جانب سے لوگوں کو گھروں پر رہنے کا پابند کیا ہے، اس وقت سے اس کے چاروں ریسٹورنٹس کا عملہ بڑی مقدار میں کھانا پکا کر ضرورت مندوں لوگوں تک پہنچا رہا ہے۔گزشتہ تین روز کے دوران اب تک 350 پریشان حال افراد کو کھانا کھلایا جا چکا ہے۔جن میں دبئی، شارجہ اور عجمان سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر کارکن ہیں یا وہ بیچارے لوگ ہیں جو نوکری کی تلاش میں امارات آئے تھے، تاہم پروازوں کی بندش کے باعث وہ امارات میں ہی پھنس کر رہ گئے ہیں۔انسانیت کا درد رکھنے والے قریشی نے مزید بتایا کہ جب سے انہوں نے واٹس ایپ کے ذریعے لوگوں کو مفت کھانا پہنچانے کی مہم شروع کی ہے تب سے ان کے چاروں ریسٹورنٹس ڈولفینا، ہزارہ دربار، موال اور الفریج کچن میں ٹیلی فونز کی گھنٹیاں لگاتار بج رہی ہیں، جس میں لوگ اپنی رہائش کی مقامات بتا کر کھانا پہنچانے کی درخواست کر رہے ہیں۔
حتیٰ کہ ہم آج کی رات دو بجے بھی مشکلات کے شکار افراد کو کھانا پہنچایا ہے۔ یہ پانچ افراد ستوا کے علاقے میں مقیم ہیں جنہیں کافی عرصے سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی، جس کے باعث وہ مالی مشکلات کا شکار ہو گئے تھے۔قریشی نے بتایا کہ ان کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ہزارہ ریجن کے شہر ایبٹ آباد سے ہے۔ اس وقت لوگوں کو جو کھانا پہنچایا جا رہا ہے، وہ چنا پلاو اور چکن بریانی پر مشتمل ہے۔ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مدد کرنے کے لیے بڑی مقدار میں کھانا بنا رہے ہیں جس کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔ ہمارا سٹاف ضرورت مندوں کو کھانا ڈلیور کرتے وقت ان سے محفوظ فاصلے پر کھڑا ہوتا ہے۔ ہم کسی کو کھانا پہنچانے سے پہلے اس بات کی تسلّی کر لیتے ہیں کہ وہ واقعی برے حالات کا شکار ہے۔ یہاں تک کہ اسے دن میں دو وقت کی روٹی بھی مشکل سے نصیب ہو رہی ہے۔اس وقت ہمارے کارکن زیادہ تر انٹرنیشنل سٹی اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے ضرورت مند افراد کو کھانا پہنچا رہے ہیں تاہم ہم نے شارجہ کے علاقے رولا اور عجمان کے لیبر کیمپس میں بھی کھانا بھجوایا ہے۔ قریشی کا کہنا ہے کہ وہ یہ سب اللہ کی خوشنودی کی خاطر کر رہا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے تمام انسانیت اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہے۔ کئی ممالک اپنی سرحدیں بند کر رہے ہیں، کروڑوں گھر میں قید ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ عالمی معیشت بھی بری طرح ڈگمگا رہی ہے۔ اس عالمی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم سب متحد ہیں۔ ایسے موقع پر اپنے آس پاس موجود نادار اور غریب لوگوں کی امداد کر کے ہی ہم اس وبا سے پیدا ہونے والی صورت حال میں اپنے حصے کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain