تازہ تر ین

کراچی صرف بلاول بھٹو اور پاکستان پیپلزپارٹی کو چاہنے والوں کا شہر ہے ، شازیہ مری

شازیہ مری نے کہا ہے کہ کراچی صرف بلاول بھٹو اور پاکستان پیپلزپارٹی کو چاہنے والوں کا شہر ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے ایم کیوایم اور پی ایس پی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال یہ کیوں نہیں بتاتے کہ جس فنڈ سے انہوں نے کراچی میں ترقیاتی کام کرائے، وہ پی پی کی وفاقی حکومت نے دئیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم اور پی ایس پی کو یہ ڈر ہے کہ سندھ کے نئے بلدیاتی نظام کے بعد انہوں نے بلدیاتی محکموں میں جو کرپشن کی ہے، اس کا پول کھل جائیگا ، کراچی کے لسانی ٹولے نے 30 برس میں بلدیاتی اداروں کو تباہ کردیا اور اب گھوسٹ ملازمین کے پول کھلنے کے ڈر سے موجودہ بلدیاتی نظام کی مخالفت کررہے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی ترجمان نے کہا ہے کہ ایم کیوایم، پی ایس پی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کو میرا کھلا چیلنج ہے کہ موجودہ بلدیاتی نظام کی کوئی ایک خامی بیان کرکے دکھائیں ، گورنر اور اپوزیشن کے کہنے پر بلدیاتی نظام میں ترامیم ہوچکی ہیں ، اتنا شور اگر اس بات کا ہے کہ نچلی سطح تک عوامی نمائندوں کو اختیارات منتقل نہ ہوں ہم اسے برداشت نہیں کریں گے۔

شازیہ مری نے کہا ہے کہ جو لوگ اپنے محسنوں سے غداری کرسکتے ہیں، اردو بولنے والے ایسے نوسر بازوں کو گھاس بھی نہیں ڈالیں گے ، سب سن لیں! کراچی صرف بلاول بھٹو اور پاکستان پیپلزپارٹی کو چاہنے والوں کا شہر ہے ، ایم کیوایم اور پی ایس پی والے یوسی کا الیکشن تو جیت نہیں سکتے اور تبصرے کرتے ہیں ملکی سیاست پر۔

انہوں نے کہا کہ اگر مصطفیٰ کمال اور عامر خان اپنے محلے سے بھی ووٹ مانگنے جائیں گے تو کوئی انہیں ووٹ نہیں دے گا ، پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیوایم میں اتنے لوگ بھی نہیں ہیں جو کراچی میں بقرعید پر گائے دیکھنے کے لئے جمع ہوجاتے ہیں ، لسانی آگ بھڑکا کر اگر ایم کیوایم اور پی ایس پی مقبول ہونے کی کوشش کررہے ہیں تو یہ بہت ہی گھٹیا طریقہ ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain