تازہ تر ین

وزیرِ اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ہے۔

اعلامیے کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی ، کابینہ نے ویکسینیشن بڑھانے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ماسک پہننے کی ضرورت پر زور دیا۔

جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان میں 2کروڑ افراد نے کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز نہیں لگوائی ، کابینہ نے اپیل کی کے یہ تمام باشندے جلد سے جلد دوسری ڈوز لگوا لیں تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے ، ویکسین کی دوسری ڈوز لگوانے کے بعد قوت مدافعت میں 17گنا زیادہ اضافہ ہوتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے وفاقی وزراء اسد عمر اور محترمہ زبیدہ جلال کو جلد گوادر کا دورہ کرنے کی ہدایت دی ، گوادر کے عوام کے مسائل کے جلد حل کے لیے سفارشات مرتب کی جائیں ، اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ نے اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ، کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ملک کے تمام پولنگ اسٹیشنز تک ترسیل و استعمال اور عملہ کی ٹریننگ کے حوالے سے شیڈیول پر تفصیلی بریفنگ دی۔

جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ نے  الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے کے قوانین لاگو ہونے کے بعد آئندہ انتخابات  الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے منعقد کرانے کے عظم کا اظہار کیا ، مشیر خزانہ نے وفاقی کابینہ کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.07فیصدکمی آئی ہے ، چینی، آٹا اور گھریلو استعمال کی اشیاء میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے ، 09 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ، 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ، خطے میں گھی اور چائے کی پتی کی قیمتوں کے علاوہ  دیگر تمام گھریلو استعمال کی اشیا کی قیمتیں پاکستان میں کم ہیں ، ان اشیاء میں آٹا، چنے، دال ماش، دال مونگ، ٹماٹر، پیاز، چکن اور پیٹرول شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق سندھ میں اشیائے ضروریہ بشمول آٹا، چینی، دودھ، گھی  اور دالوں کی زیادہ قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ، کابینہ نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ فضائی روٹ میں تبدیلی کی منظوری دی ، اس فیصلے سے فضائی فاصلے اور سفری اخراجات میں کمی آئے گی ، کابینہ نے پاکستان اور قازقستان کے مابین فضائی سفر کے آغاز کیلئے قازق ائیر کمپنی کوپاکستان میں کام کرنے کی اجازت دی ، اس فیصلے سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان براہ راست ہوائی سفر ممکن ہوگا اور باہمی تجارت میں مدد ملے گی۔

جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے مابین تجارت کے فروغ کی خاطر کابینہ نے ہوابازی ڈویژن کو  تمام وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ فضائی سفر کے معاہدے کرنے کے حوالے سے کام شروع کرنے کی ہدایت دی ، کابینہ نے پاکستان اور عراق کے مابین فضائی سفر معاہدے میں ترمیم کی اجازت دی ، اس فیصلے سے پاکستان اور عراق کے درمیان کمرشل فلائیٹس میں اضافہ ممکن ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ نے پاکستانی 10، 50، 100 اور 1000 کے پرانے کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کی مدت میں 31 دسمبر2022 تک توسیع کی اجازت دی۔

 اعلامیے کے مطابق کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں یوریا کی کوئی کمی نہیں ہے ، کابینہ نے ملک میں ربیع فصل کیلئے یوریا کھاد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے منظوریاں دیں ، سوئی ناردرن گیس کمپنی یوریا پلانٹس کو جنوری 2022 ء تک  گیس فراہم کرے گی۔

جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک عرب اور فاطمہ فرٹیلائیزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا  جائے گا ، اضافی 50,000ٹن  یوریا  درآمد کرنے کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جائے ، پاکستان میں فی بوری یوریا کی قیمت تقریبا 1864 روپے ہے ، دوسرے ممالک میں فی بوری10,000 روپے کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے ، موجودہ حکومت نے زراعت اور کاشتکاروں کی ترقی کے لیے سب سے زیادہ  اقدامات اٹھائے۔

کابینہ کو ملک میں چینی کی پیداوار اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ، کابینہ نے  چینی کے موجودہ اسٹاک  اور قیمت پر اطمینان کا اظہار کیا ، چینی کے اسٹریٹجک ریزروز کو برقرار رکھا جائے تاکہ قیمتوں میں استحکام رہے ، کابینہ نے چینی سیکٹر اصلاحات کے حوالے سے قائم خصوصی کمیٹی کی رپورٹ کی سفارشات عوامی رائے کے لیے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانی باشندوں کیلئے پاکستانی ویزے کے حصول کے طریقہ کار میں مزید آسانی کی اجازت دی گئی ، اس فیصلے کے بعد ویزے کے حصول کیلئے درکار سیکورٹی کلیرنس کی مدت 30 دن سے کم کر کے 15 دن کر دی گئی ہے ، افغان عوام کی فلاح و بہبود اور امداد کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی این جی اوز کے رجسٹریشن کے طریقہ کار کو سہل بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ انسانی ہمدردی اور افغانستان کے عوام کو امداد کی فراہمی کے پیش نظر کیا گیا ہے ، پاکستان کے راستے دوسرے ممالک میں نقل مکانی کرنے والے افغان باشندوں کیلئے دی گئی سہولت کیلئے مزید 60 دن کی توسیع دی گئی ، اس سہولت میں زمینی اور فضائی راستوں سے سفر شامل ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain