ری پبلکن کے 12ارکان کا جوبائیڈن کیخلاف ووٹ دینے کا اعلان

امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں قدامت پسند قانون سازوں نے ایک اور کوشش کا آغاز کردیا جس کے ذریعے وہ نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کو 20 جنوری کو حلف اٹھانے سے روکنا چاہتے ہیں سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کو انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے کے لیے سینیٹر اور ایوان نمائندگان کے ممبران کی ضرورت ہے جبکہ ایک ریپبلکن سینیٹر مسوری کے جوش ہولی نے اس کوشش کی حمایت کرنے کی پیش کش کردی.

ایوان میں قدامت پسند قانون سازوں کے ایک گروپ نے صدارتی انتخابات کے نتائج کو ختم کرنے کے ٹرمپ کے اقدام کی حمایت کرنے کا وعدہ پہلے ہی کر رکھا ہے اگرچہ سینیٹر جوش ہولی کی توثیق اس عمل کو مکمل کرتی ہے تاہم دوسرے ریپبلکن سینیٹرز نے بھی صدر ٹرمپ کے اس اقدام کی پشت پناہی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے. کانگریس کے الاباما ری پبلیکن کے رکن مو بروکس جنہوں نے ایوان اور سینیٹ کی قیادتوں کو خط بھیجا، اس پر 18 کانگریس اراکین کے دستخط ہیں خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ کانگریس 6جنوری کے الیکٹورل کالج ووٹ جمع کروانے سے قبل انتخابی دھوکہ دہی کی سماعت کرے.سینیٹر جوش ہولی نے اپنے بیان میں کہا کہ چند ریاست بالخصوص پینسلوانیا اپنے ریاستی انتخابی قانون پر عمل کرنے میں ناکام رہے، میں اس حقیقت پر بات کیے بغیر 6 جنوری کو الیکٹورل کالج کے نتائج کی تصدیق کے لیے ووٹ نہیں دے سکتا واضح رہے کہ کو 14 دسمبر کو جب تمام 538 منتخب نمائندگان نے اپنے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اپنے ریاستی دارالحکومتوں میں اکھٹے ہوئے تھے اس کارروائی پر ایوان کے تمام 438 ممبران اور 100 سینیٹرز 6 جنوری کو توثیق کرنے کے لیے اکٹھے ہوں گے.

فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ ہواتو 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ: پی ڈی ایم

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بہاولپور میں ریلی کے دوران فارن فنڈنگ کیس پر 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرے کا اعلان کردیا۔

ریلی سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے تبدیلی کو مذاق بنادیا ہے، انھیں حکومت کرنی نہیں آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ  پہلے کہا مجھے تجربہ نہیں ہے، وقت چاہیے بعد میں بیان کی وضاحت کرتے ہیں جنھیں وضاحت کرنی اور صفائی پیش کرنی نہیں آتی وہ حکومت کیا چلائیں گے؟

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ ملک عوام کا ہے اور عوام کا راج ہوگا، ہمارا مؤقف اصول پر ہے، ہم نےاصول کی بات کی ہے، پارٹیاں بیٹھتی ہیں تو مختلف زاویوں سے گفتگو کرتے ہیں، ہمارا مؤقف ایک ہے یہ دھاندلی کی حکومت ہے، اسے جانا ہوگا، کبھی ہم کارڈ دکھائیں گے تو کبھی چھپائیں گے، تم جلتے رہو گے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں سیاسی بالغ لوگ ہیں، تم بیساکھی پر چلنے والے ہو، تمہیں چلنا بھی نہیں آیا۔

اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا اور کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کو الیکشن کمیشن مسلسل ملتوی کررہا ہے، یہ دنیا بھر سے آئے فنڈ کی خوردبرد کا کیس ہے، فارن فنڈنگ میں سب سے زیادہ پیسہ اسرائیل سے آیا ہے اور فارن فنڈنگ کیس پر 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کریں گے۔

پی ڈی ایم نے استعفے دے دیئے تو حکومت کا کام تمام ہو جائے گا، مریم نواز شریف

بہاولپور: (ویب ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم استعفے دے دیئے تو حکومت کا کام تمام ہو جائے گا۔ جعلی وزیراعظم یاد رکھیں ان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

بہاولپور میں پی ڈی ایم کی ریلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ اس حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ آج ملک میں مہنگائی سے ہر شخص پریشان ہے۔ جعلی حکومت کی وجہ سے عوام پس رہے ہیں۔ عوام نے فیصلہ سنادیا، حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈھائی سال بعد ہاتھ کھڑے کر دیئے کہ کام نہیں آتا۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ تیاری کے بغیر حکومت میں نہیں آنا چاہیے۔ ہمیں عوام کی پریشانی کا احساس ہے۔ چاہتے ہیں کہ جلد سے جلد وزیراعظم کو گھر بھیجیں۔

مریم نواز مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت کا موجودہ سے موازنہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے دور میں آٹا 35 آج 90 روپے کلو ہے۔ آج چینی 120 روپے کلو ہو چکی ہے۔ بجلی اور گیس کے نرخوں میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں 25 فیصد بڑھانا ہوں گی۔ عوام روٹی پوری کریں یا بجلی، گیس کے بل دیں؟

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب کو کھڑا نہ ہونے کا طعنہ دیا جاتا تھا۔ سن لو! پنجاب اپنے حقوق کو واپس لینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے ریلی میں موجود کارکنوں سے کہا کہ جب پنجاب کھڑا ہو جاتا ہے تو پتا ہے کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں؟ ان کو اتنا خوف اور ڈر بلاوجہ نہیں ہے۔ سٹیبلشمنٹ اور سلیکٹڈ بھی دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی کا نعرہ لگاتے تھے۔ عوام بتائیں کیا مہنگائی کے اس طوفان کو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا اس نالائقی، بے روزگاری کے سیلاب کو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا کشمیر فروشی کو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا غریب کے چولہے کی آگ بجھانے کو تبدیلی کہتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کان کن شہید ہوگئے لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی، کیا اسے تبدیلی کہتے ہیں؟ بار بار کہتا ہے کہ فوج جانتی ہے میں کرپٹ نہیں ہوں۔ تم دو لاکھ روپیہ تنخواہ اور 300 کنال کا محل چلاتے ہو، پھر بھی کہتے ہو کہ فوج جانتی ہے کرپٹ نہیں ہوں۔

ابن عربی نے فیروز خان کیساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کردی

اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں معروف صوفی بزرگ ’ابن عربی‘ کا کردار ادا کرنے والے تُرک نژاد امریکی اداکار عثمان سویقوت نے پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے نامور اداکار فیروز خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کردی۔

گزشتہ روز فیروز خان نے 12ویں صدی کے مسلمان اسکالر ، شاعر اور فلسفی ابن عربی کے سُنہرے الفاظ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیے تھے۔

 فیروز خان کے اس اقدام کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ’ارطغرل غازی‘ میں معروف صوفی بزرگ ’ابن عربی‘ کا کردار ادا کرنے والے تُرک نژاد امریکی اداکار عثمان سویقوت نے سوشل میڈیا پر اداکار کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

عثمان سویقوت نے انسٹاگرام پر ابنِ عربی کو وہی قول شیئر کیا جو فیروز خان نے گزشتہ روز شیئر کیا تھا۔

 اداکار نے فیروز خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’میں نے سنا ہے کہ آپ نے اسلام کی خاطر شوبز چھوڑ دیا ہے، مجھے یقین ہے کہ اعلیٰ مقصد کی خدمت کے لیے بہت سے مختلف طریقے ہیں۔‘

عثمان سیقوت نے کہا کہ ’براہ کرم مجھے بتائیں کہ میں آپ کے لیے کیا کرسکتا ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر آپ چاہیں تو ہم مل کر کچھ پروجیکٹس پر کام بھی کرسکتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ فیروز خان کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر پر ابنِ عربی کا مشہور  قول کچھ یوں تحریر تھا:

 بہادری کے راستے میں تنہائی لازمی دوست ہے

فیروز خان نے ابن عربی کا قول شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا تھا ’اللّہ ہو۔‘

چمن: غیرملکی ٹائیرز، چائنیز نمک بمعہ کنٹینر قبضے میں لےلیا

کسٹم انٹیلیجنس بلوچستان نے چمن میں کارروائی کے دوران غیر ملکی ٹائیرز، چائنیز نمک بمعہ کنٹینر قبضے میں لے لیے۔

کسٹم انٹیلیجنس آفیسر شبیر احمد کے مطابق فرنٹئیر کور بلوچستان کے ہمراہ باب دوستی چمن پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغانی کنٹینر کی تلاشی کے دوران غیر ملکی اسمگل شدہ ایک ہزار 358 بیگز چائینیز نمک اور 1 ہزار 650 ایل ٹی وی ٹائیز برآمد کر لیے گئے۔

برآمد شدہ اسمگل کیے جانے والے سامان کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریبا 2 کروڈ روپے بنتی ہے جبکہ قبضے میں لیے گئے کنٹینر کی قیمت ایک کروڑ روپے سے زاہد ہے۔

کسٹم حکام کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر کسٹم انٹیلیجنس محمد اسماعیل کی ہدایت پر کی گئی جبکہ فرنٹئیر کور بلوچستان کے 123 ونگ کی سربراہی کمانڈنٹ سلمان نے کی

وزیراعظم کے پاس مسائل کا حل نہیں تو انہیں استعفیٰ دینا چاہیئے:بلاول بھٹو

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس مسائل کا حل نہیں تو انہیں استعفیٰ دینا چاہیئے۔

تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِاعظم عمران خان کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب بھی کہتے ہیں کہ وہ ٹریننگ پر ہیں، 3 سال ہونے کو ہیں، اب بھی یہ کہیں تو ہم کیا کریں؟ ان کے پاس مسائل کا حل نہیں تو انہیں استعفیٰ دینا چاہیئے۔

انھوں نے کہاکہ حکومتی وزراء پی ڈی ایم کے خلاف سازش کر رہے ہیں لیکن پی ڈی ایم متحد ہے، ہم ایک ہیں، پی ڈی ایم کی جیت پیپلز پارٹی کی جیت ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریکٹ موومنٹ کی تحریک مستحکم ہے، عوام کے تعاون سے سلیکٹڈ حکومت کو ہٹا کر عوامی حکومت لائیں گے،عوام پی ڈی ایم کا ساتھ دیں، کٹھ پتلی کو مل کر ہٹائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ کے عوام تاریخی بے روزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کر رہے ہیں، ناجائز اور نااہل وزیرِاعظم کی وجہ سے ٹھٹھہ کے عوام کو تکلیف دہ حالات سے گزرنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت افغانستان اور بنگلا دیش سے بھی پیچھے چلی گئی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کی طاقت پر بھروسہ کیا ہے۔

سعودی عرب کا بین الاقوامی فضائی و سمندی آمدورفت بحال کرنے کا اعلان

ریاض: سعودی عرب نے آج سے دوبارہ بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔سمندری راستوں سے بھی آمدورفت پر بھی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب سرحدیں کرنے کے فیصلے میں مزید توسیع کی ضرورت نہیں لہذا آج سے تمام بین الاقوامی پروازیں بحال کر دی جائیں گی اور سمندری راستوں سے بھی آمد ورفت بھی بحال کردی گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب سے بین الاقوامی فلائٹس آپریشن دن 11 بجے سے معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔سعودی عرب میں اب فضائی حدود کے علاوہ سمندری راستوں سے بھی آمدورفت ممکن ہو گی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی نئی شکل کے باعث ملک کی تمام سرحدیں نیز فضائی پروازیں ایک ہفتہ کے لیے بند کردی گئی تھیں اور بعد ازاں 27 دسمبرکو اس میں مزید ایک ہفتے کی توسیع دی گئی تھی جو آج اتوار 3 جنوری کو ختم کر دی گئی ہے۔

نادیہ خان نے تیسری شادی کرلی

پاکستانی اداکارہ میزبان اور پروڈیوسر نادیہ خان نے تیسری شادی کر لی۔

کئی روز قبل نادیہ خان کی منگنی کی افواہیں سوشل میڈیا پر سرگرم تھیں لیکن اس حوالے سے اداکارہ کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

تاہم اب نادیہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تیسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی مہندی لگے ہاتھوں کی تصویر شیئر کی۔

جس کے بعد سوشل میڈیا پر اداکارہ کی شادی کی تصاویر وائرل ہوگئیں، تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ نے شادی کے لیے ہلکے سبز رنگ کے لباس کا انتخاب کیا  جبکہ ان کے شوہر سفید شلوار سوٹ میں ملبوس ہیں۔

خیال رہے کہ نادیہ خان پاکستان کی مقبول ترین میزبان ہیں، وہ جیو انٹرٹینمنٹ سمیت دیگر ٹی وی چینلز پر بھی متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نادیہ خان 2 بار شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں اور ان کے تین بچے ہیں، اُن کی بڑی بیٹی کا نام علیزے، بیٹے کا نام اذان اور سب سے چھوٹے بیٹےکا نام کیان ہے۔

جنرل قاسم سلیمانی کی پہلی برسی پر ایران اور اسرائیل کی ایکدوسرے کو دھمکیاں

ایرانی پاسدارن انقلاب کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی پہلی برسی کے موقع پر ایران اور اسرائیل نے ایک بار پھر ایک دوسرے کے خلاف دھمکی آمیر زبان استعمال کرنا شروع کر دی۔ 

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ایجنٹ عراق میں امریکیوں کے خلاف حملوں کی سازشوں میں مصروف ہیں۔

جواد ظریف نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسرائیلی منصوبے میں پھنسنے سے بچنے کا مشورہ بھی دیا۔

 دوسری جانب  اسرائیلی فوج نے ایران، عراق اور یمن سے ممکنہ جوابی حملے کی تیاری شروع کردی ہے۔

اسرائیل حکام کا کہنا ہے کہ اس پر کارروائی کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانا ہو گی۔

واضح رہے کہ جنرل سلیمانی کو بغدادکے سرکاری دورے کے دوران ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: اظہر نروس نائنٹیز کا شکار، پاکستانی ٹیم 297 رنز پر آؤٹ

دوسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اظہر علی نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے جبکہ پاکستانی ٹیم 297 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

ہیگلے اوول میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے پہلے روز نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قومی ٹیم کے ابتدائی بلے باز ایک بار  پھر دھوکا دے گئے، شان مسعود اور عابد علی کی جوڑی پھر ناکام رہی، حارث سہیل اور فوادعالم بھی کھانے کے وقفے سے پہلے پویلین لوٹ گئے۔

شان مسعود تو صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے، دوسری وکٹ پر عابد علی اور اظہر علی نے 62رنز کی شراکت قائم کی، عابد علی بھی 25 رنز بنا کر واپس گئے، حارث سہیل ایک اور پہلے ٹیسٹ کے سنچری میکر فواد عالم صرف دو رنز بنا سکے۔

دوسری جانب تجربہ کار اظہر علی نے ذمے دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور کیریئر کی 32 نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے، کھانے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور چار وکٹ پر 88 رنز تھا۔

کھانے کے وقفے کے دوران بارش کے سبب کھیل تاخیر سے شروع ہوا لیکن کچھ دیر بعد روک دیا گیا جو 40 منٹ رُکا رہا، دوبارہ میچ شروع ہونے پر اظہر علی اور محمد رضوان نے اننگز آگے بڑھائی، پانچویں وکٹ پر دونوں کے درمیان 50 رنز کی شراکت بھی مکمل ہوئی جبکہ کپتان محمد رضوان نے بھی نصف سنچری اسکور کی، وہ 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اظہر علی نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف نے 48 اور ظفر گوہر نے 34 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمیسن 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو دو وکٹیں ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولڈ کے حصے میں آئیں، میٹ ہنری نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے شکست دی تھی۔