پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور میں گیس کے بحران پرقابو نہ پایا جا سکا، سی این جی سٹیشنز کو ہفتےمیں پانچ دن 24 گھنٹے گیس فراہمی کے آغاز کیساتھ ہی گھریلو صارفین کی مشکلات بڑھ گئیں، گھروں میں گیس ناپید ہے تو سی این جی سٹیشنز کے سامنے بھی گاڑیوں کی قطاریں معمول بن چکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں سوئی گیس کی عدم دستیابی، کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کے مسائل ختم نہ ہوسکے۔ ایک ہفتے میں 5 دن سی این جی سٹیشنز کھلا رکھنے کے فیصلے سے شہریوں کو گھروں میں گیس ملنا بند ہو گئی۔
صوبے بھر میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کے لیے اس سے قبل ہفتے میں تین دن پیر، بدھ اور جمعے کے دن سی این جی سٹیشنز کھلا رکھنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا جس سے بھی شہریوں کو مسائل کا سامنا تھا، اب حکومت کی جانب سے ہفتے میں 5 دن سی این جی سٹیشنز کھلے رکھنے کے فیصلے سے رہی سہی کسر بھی پوری ہو گئی اور گھروں میں گیس غائب ہو گئی۔
صوبے میں سی این جی سٹیشنز ہفتے میں 5 دن صبح 7 بجے سے شام 6 تک کھلے رکھے گئے ہیں جبکہ اتوار اورمنگل کے دن فلنگ پر پابندی عائد ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہرسال سوئی گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر سے مسائل کا سامنا ہوتا ہے تاہم حکومت کو بحران سے نمٹنے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔