اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ اپوزیشن نے پنجاب کی وزارت اعلی ق لیگ کو دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، چودھری پرویز الہی کے نام پر بھی فریقین متفق ہیں۔ حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کی اہم مشاورتی بیٹھک کچھ دیر بعد شروع ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے ق لیگ کو یقین دلایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد پرویز الہی کو وزیر اعلی پنجاب بنایا جائے گا۔ دوسری جانب حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کی اہم مشاورتی بیٹھک کچھ دیر میں شروع ہوگی۔ اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعت اپوزیشن اور حکومت سے ہونے والے رابطوں سمیت دیگر امور کا جائزہ لے گی، اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کی صورت میں اپوزیشن کی آفرز کا جائزہ لیا جائے گا، حکومت کی جانب سے تحفظات دور کرنے، ڈیمانڈز پوری کرنے بارے یقین دہانیوں پر بھی غور ہوگا۔
ق لیگ کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات میں حکومت کا ساتھ دیا مگر نظر انداز کیا گیا، ایم کیو ایم سمیت دیگر حکومتی اتحادیوں سے بھی حتمی مشاورت کی جائیگی، حکومتی اتحادیوں کا مل کر ایک ہی فیصلے کئے جانے کا بھی امکان ہے جبکہ اتحادی جماعتیں اپنے تحفظات دور نہ ہونے پر حکومتی بینچز سے علیحدگی بھی اختیار کرسکتی ہیں۔