تازہ تر ین

غلط فیصلوں سے گندم درآمد کرنیوالا ملک بنا دیئے گئے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم شہبازشریف کہا ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، غلط فیصلوں اور بر وقت حکمتِ عملی نہ ہونے کی وجہ سے ہم گندم کی ملکی ضروریات پوری کرنے کی بجائے گندم کی درآمد کرنے والا ملک بنا دیئے گئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں گندم کی پیداوار، موجودہ ذخائر اور صوبائی و قومی سطح پر کھپت کے حوالے سے اعلی سطح کااجلاس ہوا،اجلاس میں ملک میں گندم کی اس سال پیداوار کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، فوڈ سکیورٹی، پاسکو اور متعلقہ محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ چیف سیکٹری پنجاب اور صوبائی عہدیداران کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ امسال گندم کی مجموعی پیداوار کا ہدف 28.89 ملین میٹرک ٹن لگایا گیا تھا جبکہ متوقع پیدوار 26.173 رہنے کی امید ہے۔ گندم کی ملکی سطح پر مجموعی کھپت کا تخمینہ 30.79 ملین میٹرک ٹن لگایا گیا ہے۔ گندم کی پیداوار کے ہدف اور متوقع پیداوار میں فرق کی وجوہات میں گندم کی کاشت میں کمی، پانی کی قلت اور گزشتہ حکومت کی کھاد کی فراہمی میں بد انتظامی کی وجہ سے کھاد کا بحران ہے۔ مزید یہ کہ مارچ میں گندم کی امدادی قیمت کے دیر سے اعلان کی وجہ سے کسانوں کی گندم کی کاشت میں 2 فیصد کمی کا رجحان بھی دیکھنے میں آیا۔ اسکے علاوہ تیل کی قیمتوں میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلی یعنی وقت سے پہلے گرمی کی شدت میں اضافہ بھی گندم کے طہ شدہ ہدف کے حصول میں بڑی رکاوٹ رہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم کی حکومتی سطح پر خریداری کے حوالے سے پنجاب 91.66 فیصد، سندھ 49.68 فیصد، بلوچستان 15.9 فیصد جبکہ پاسکو نے 100 فیصد ہدف حاصل کر لیا ہے۔
وزیرِاعظم کو موجودہ حکومت کے عوامی ریلیف کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی فلوز ملز کو گندم کی فراہمی پر سبسڈی، آٹے کے 10 کلو کے تھیلے کی 400 روپے کی قیمت پر فراہمی، بلوچستان میں یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے سستے آٹے کی فراہمی اور خیبر پختونخوا کو 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی ان اقدامات میں شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم نے حکام کو خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر صوبائی کھپت کی نشاندہی کرنے اور انکی مطلوبہ گندم کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں اور گندم کی سمگلنگ کو روکنے کی ہدایات بھی جاری کیں اسکے علاوہ ملک میں گندم کی چوری اور کرپشن کے خاتمے کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے اور گندم ذخیرہ کرنے کیلئے سائیلوز کی تعمیر کی حکمتِ عملی تیار کرکے جلد پیش کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گندم کی کاشت کے دنوں میں مجرمانہ غفلت، بد انتظامی اور لاپرواہی کی وجہ کھاد کا بحران پیدا کیا گیا جسکی بدولت کسانوں اور ملک کو نقصان پہنچا،سائیلوز کی تعمیر سے چوری اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، غلط فیصلوں اور بر وقت حکمتِ عملی نہ ہونے کی وجہ سے ہم گندم کی ملکی ضروریات پوری کرنے کی بجائے گندم کی درآمد کرنے والا ملک بنا دیئے گئے،گندم کی سپورٹ پرائس کے دیر سے اعلان سے نہ صرف کسانوں کی کاشت میں کمی پیدا ہوئی بلکہ اس کا فائدہ براہ راست ذخیرہ اندوزوں کو پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
وزیرِ اعظم نے پنجاب حکومت کو اپنا خریداری کا ہدف بڑھانے کی ہدایات جاری کیں اور فوڈ سیکورٹی ڈویژن کو شارٹ فال کو پورا کرنے کیلئے ضرورت پڑنے پر بر وقت گندم درآمد کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہتر حکمتِ عملی سے گندم کی پیداوار میں خود کفیل ملک بنائیں گے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain