اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹیلیفونک رابطے کے دوران سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی پر ہمدردی کا اظہار کیا اور جانی نقصان پر وزیر اعظم شہباز شریف سے تعزیت کی۔
انہوں نے حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے قدرتی آفت کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا۔
وزیراعظم نے آزمائش کی گھڑی میں وکرما سنگھے کی ہمدردی اور حمایت کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں غیر معمولی بارشوں سے ہونے والی بڑے پیمانے پر تباہی سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ سیلاب نے انسانی جانوں، ذریعہ معاش، مویشیوں، فصلوں، املاک اور اہم انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے وکرما سنگھے کو حکومت کے بہترین مربوط انسانی ردعمل سے بھی آگاہ کیا جس میں ریلیف فنڈ کے قیام سمیت پاکستان اور بیرون ملک مقیم لوگ سیلاب کی امدادی سرگرمیوں میں عطیات دے سکتے ہیں۔
انہوں نے سیلاب کے پیمانے کے بارے میں بین الاقوامی برادری میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب گیا ہے۔
وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ “2022 اقوام متحدہ کی فلیش اپیل” ریلیف فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگی اور ضرورت مندوں کو امداد کی فراہمی میں تیزی سے مدد کرے گی۔
وزیر اعظم نے بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے کی اہم اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ شہباز شریف نے صدر وکرما سنگھے کو سری لنکا کا نیا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔