اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کو اقوام متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلیوں اور مسائل کے حل سے متعلق تنظیم (سی او پی27) کی گول میز کانفرنس کی نائب صدارت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
‘کانفرنس آف پارٹیز’ (سی۔او۔پی۔27) کی طرف سے اجلاس کے دوران نائب صدارت پاکستان کیلئے بڑا عالمی اعزاز ہے۔
اقوام متحدہ کے 195 ممالک میں سے پاکستان کو یہ اعزاز ملا ہے جبکہ سی اوپی27′ کی صدارت مصر کے پاس ہے اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت بھی دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف، ناروے کے وزیراعظم اور مصر کے صدر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے جبکہ ‘کانفرنس آف پارٹیز’کا اجلاس نومبر میں شرم الشیخ مصر میں ہوگا۔
اجلاس میں عالمی سربراہان، عالمی مالیاتی اداروں اور تھنک ٹینکس کے ذمہ دار شرکت کریں گے۔ وزیراعظم عالمی رہنماؤں، سربراہان مملکت اور عالمی مالیاتی اداروں کے ذمہ داران سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے یہ 27 واں اجلاس ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پراثر آواز پر انہیں یہ منصب دیا گیا۔
حالیہ سیلاب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر مؤثر آواز اٹھائی تھی۔
ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسئلہ کو ‘ایس۔سی۔او’ تنظیم کی سطح پر اٹھانے کی وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز کی دیگر ممالک نے تائید کی تھی۔
پاکستان کیلئے اہم اعزاز، یواین کی موسمیاتی تبدیلی تنظیم کی کانفرنس کی نائب صدارت مل گئی

