چکوال(بیورو رپورٹ)تلہ گنگ کے رہائشی فہیم عباس ولد فصاحت حسین شاہ نے اپنے بھائی سید علی رضا شاہ کی مبینہ غیر قانونی حراست کے خلاف سیشن کورٹ چکوال میں دفعہ 491 ضابطہ فوجداری کے تحت درخواست دائر کی،جس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محترمہ فرزانہ شہزاد خان نے کی۔عدالت نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے بیلف مقرر کیا،مقرر کردہ عدالتی بیلف ملک لعل زمرد نے تھانہ سٹی چکوال پہنچ کر ملزم سید علی رضا شاہ کو برآمد کر لیا اور اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔درخواست گزار کے مطابق ان کے بھائی کے خلاف تین مقدمات 650/26,656/26 اور 657/26 درج تھے جن میں وہ قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر چکے تھے،ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے لیے کچہری سے باہر نکلتے ہی پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔مقررہ بیلف کی رپورٹ کی روشنی میں فاضل عدالت نے ملزم کو پہلے اپنے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا اور دفعہ 491 کے تحت دائر درخواست کو ضمانت کی درخواست میں تبدیل کرتے ہوئے ملزم کی عدالت میں ہی ہتھکڑی کھلوا دی،عدالت نے تفتیشی افسر اے ایس آئی عامر شفیق کے خلاف مبینہ غیر قانونی حراست کے معاملے پر ڈی پی او چکوال کو انکوائری کا حکم بھی جاری کیا،جبکہ ملزم کو مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرنے اور طبی معائنے کی ہدایت کی۔
