اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید نے الزام لگایا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کو عمران خان کے خلاف فیصلے کرنے کے لیے دھمکایا گیا۔
مراد سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ کچھ دن پہلے ممبر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پیغام پہنچایا کہ ان پر عمران خان کے خلاف فیصلہ دینے کے لیے دباؤ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے دو ممبران نے عمران خان کے خلاف فیصلہ کرنے سے منع کیا جبکہ ایک نے ان کے خلاف فیصلہ دینے کا کہا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توشہ کیس میں نا اہل قرار دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں نا اہل کیے جانے کے بعد عمران خان قومی اسمبلی کی نشست کے بعد پارٹی چیئرمین بھی نہیں رہ سکتے۔
الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے میں کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس میں ملوث رہے لہذا ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جاتی ہے۔