تازہ تر ین

خواتین کیخلاف سخت پالیسیاں ، امریکا کا طالبان پر نئی ویزا پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے افغانستان میں خواتین کے لیے ملازمت اور تعلیم کی سخت پالیسیوں کے جواب میں طالبان پر نئی ویزا پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ وہ آج طالبان کے موجودہ یا سابق ارکان، غیر ریاستی سکیورٹی گروپوں کے ارکان اور دیگر افراد پر ویزا کی پابندیاں عائد کر رہے ہیں ، یہ پابندیاں اُن افراد پر لگائی گئی ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق سلب کرنے کے ذمہ دار ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے خواتین پر لگائی جانے والی اِن پابندیوں میں جامعات جانے کی اجازت نہ دینا اور این جی اوز کے ساتھ کام سے روکنے کے فیصلے شامل ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا تاکہ طالبان پر واضح ہو سکے کہ انہیں اپنے اقدامات کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی ۔
15 اگست 2021 کو جب سے طالبان نے افغانستان کا کنٹرول سنبھالا ہے، تب سے اب تک خواتین پر پابندیوں کے کئی احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔
ایسے 20 سے بھی زیادہ معاملات ہیں مگر کئی معاملات میں تو کسی حکم نامے یا سفارش کے بغیر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
طالبان کی جانب سے خواتین پر پابندیاں چار طرح کی ہیں ان میں سیاست سے بے دخلی، عوامی سرگرمیوں پر پابندیاں، تعلیم پر پابندی، اور کام کرنے کے حق پر پابندی شامل ہے ۔
طالبان نے یہ پابندیاں خواتین پر تاحال عائد کررکھی ہیں حالانکہ اُنھوں نے اپنے گذشتہ دورِ حکومت کے مقابلے میں زیادہ نرمی کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
دوسری جانب افغانستان میں خواتین پر تعلیم اور روزگار کے دروازے بند کیے جانے کے خلاف عالمی سطح پر ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے ، خواتین کے کام اور تعلیم پر پابندیوں کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئی ہے ۔
بہت سے ممالک کے مغربی سفارت کاروں کا خیال ہے کہ طالبان کو خواتین کے حوالے سے اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ باضابطہ بین الاقوامی شناخت کا موقع حاصل کر سکیں اور اپنی معاشی تنہائی کو کم کریں۔
علاوہ ازیں افغانستان کو معاشی بحران کا بھی سامنا ہے، جس کی ایک وجہ پابندیاں ہیں جو اس کے بینکنگ سیکٹر کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain