اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس اور ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت جج راجہ جواد عباس حسن کے رخصت پر ہونے کے باعث ملتوی ہوئی۔
پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت، جمشید محبوب مغل کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 16 مارچ جبکہ واثق قیوم عباسی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت 17 مارچ کو ہوگی۔
واضح رہے کہ یکم مارچ کو عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس اور اسلام آباد ہائی کورٹ آمد پر ہنگامہ آرائی پر اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت 2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کیے گئے تھے جن میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 21 رہنماؤں کو نامزد کیا گیا تھا۔
جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس: سماعت بغیر کارروائی ملتوی

