کراچی: بھارتی نجی ایئر لائن ایئر انڈیا کے طیارے نے میڈیکل بنیاد پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ایئرلائن کی پرواز آئی ایکس192 دبئی سے امرتسر جا رہی تھی کہ دوران پرواز مسافر کو مرگی کے دورے پڑنا شروع ہوئے۔
بھارتی کپتان نے پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور اجازت ملنے پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی، مسافروں کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق بھارتی طیارے کی جناح ٹرمینل پر لینڈنگ گزشتہ روز دن 12 بجکر 28 منٹ پر ہوئی، طیارے کی لینڈنگ کے بعد بارڈر ہیلتھ سروسز اور سی اے اے کے ڈاکٹرز فوری طور پر پہنچ گئے تھے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز اور سی اے اے کے ڈاکٹرز نے مسافر کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی اور مسافر کی طبیعت بہتر ہونے پر پرواز کو روانہ کیا گیا۔