پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا ٹیم کو سرکاری خزانے سے ادائیگی کے الزام کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا ٹیم اور انفلونسرز دونوں الگ تھے، جب کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم نے کبھی اداروں کے خلاف کام نہیں کیا۔
”آج نیوز“ سے خصوصی بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کو سرکاری خزانے سے ادائیگی کا جھوٹا الزام لگایا گیا اور الزامات لگانے والوں نے حقائق جاننے کی کوشش تک نہیں کی۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اس مسئلے پر ہر قسم کی تحقیقات کیلئے تیارہے، خیبرپختونخوا میں سوشل میڈیا انفلونسر تحریک انصاف کیلئے نہیں بلکہ حکومت خیبر پختونخوا کیلئے کام کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ انفلونسر سوشل میڈیا پر حکومت خیبرپختونخوا کی اچھی کارکردگی کی تشہیر کرتے تھے، ان سوشل میڈیا انفلونسرز کو سرکاری قواعد و ضوابط پورے کرنے اور اشتہار کے بعد بھرتی کیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا انفلونسر پروفیشنل نوجوان تھے ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ مخالفین اس پر سیاسی بیان بازی کی بجائے ایف آئی اے یا دیگر اداروں سے اس منصوبے کی تحقیقات کروالیں۔
یرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مذکورہ اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملے، جب کہ ان سوشل میڈیا انفلونسرز کا کیس پشاور ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ ان انفلونسر نے کوئی ریاست مخالف مہم چلائی ہو، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے لیڈر محمود خان اس وقت وزیراعلی تھے، سوشل میڈیا انفلونسرز پراجیکٹ کا جواب وہ دیں تو بہتر ہوگا۔






































