وفاقی وزیر برائے داخلہ محسن نقوی نے نئے ڈی جی کو پاسپورٹ اینڈ امیگریشن میں ریفارمنز کا ٹاسک دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے نظام کو ملک بھر میں ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت کردی۔
نئے ڈی جی محمد علی رندھاوا کو پورے نظام کو مکمل طور پر پیپر لیس بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاسپورٹ اور امیگریشن کے نظام میں عوامی سہولت کو سب سے مقدم رکھا جائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے عوام کی سہولت کے لیے پاسپورٹ دفاتر کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کرتے ہوئے انہیں ہفتے میں پانچ دن کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اب تمام فیلڈ فارمیشنز اور پاسپورٹ دفاتر پیر سے جمعہ تک معمول کے مطابق کام کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور توانائی کی بچت کے پیشِ نظر وزیراعظم شہباز شریف کے کفایت شعاری منصوبے کے تحت کام کے دن کم کر کے چار دن کر دیے گئے تھے۔
50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ تاہم، اب اس فیصلے کو واپس لیتے ہوئے پرانا شیڈول بحال کر دیا گیا ہے تاکہ پاسپورٹ کے حصول میں شہریوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔





































