(ویب ڈیسک)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں سیکیورٹی کےشاندار انتظامات پر پاک فوج، پنجاب رینجرز اور فیڈرل کانسٹیبلری کو خراج تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد مذاکرات کے دوران شاندار انتظامات پر پاک فوج، پنجاب رینجرز ، فیڈرل کانسٹیبلری، پنجاب پولیس، اسلام آباد پولیس، اسلام آباد انتظامیہ، سی ڈی اے اور موٹر وے پولیس کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں امریکہ ایران مذاکرات کے دوران غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تمام متعلقہ اداروں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم نے یکجان ہو کر مثالی انداز میں فرائض سرانجام دیئے جو قابل ستائش ہیں۔معزز مہمانوں کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات پر افسران سے لے کر ہر جوان کو مبارکباد دیتا ہوں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالٰی کے فضل و کرم اور حکومتی اداروں کے مابین کوآرڈینیشن کے باعث بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا اور تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان نے دن رات محنت کر کے ایک چیلنجنگ ورک کو بطریق احسن سرانجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم کی کامیابی سب کے لئے قابل فخر لمحہ ہے۔






































