چمن(23 اپریل 2026): چمن کے علاقے کلی حسن ٹھیکیدار میں کانگو وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق 11 سالہ بچی ‘فرشتہ’ میں کانگو وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد اسے فوری طور پر فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
علاقے میں وائرس کی موجودگی کی خبر پھیلتے ہی شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ فوری طور پر مویشی منڈیوں اور متاثرہ علاقوں میں جراثیم کش اسپرے کو یقینی بنائے تاکہ اس مہلک وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
دوسری جانب سندھ میں کانگو ہیمرجک فیور سے متاثرہ 17 سالہ نوجوان انتقال کر گیا ہے، اس حوالے سے محمکہ صحت کا کہنا ہے کہ نوجوان میں گزشتہ روز کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ نوجوان سندھ انفیکشن ڈیزز اسپتال میں زیر علاج تھا، متوفی مویشیوں کی دیکھ بھال کا کام کرتا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عید سے قبل شہری جانوروں کے قریب جاتے وقت احتیاطی تدابیر اپنائیں، جانوروں کو ہاتھ لگانے سے قبل دستانوں کا استعمال لازمی کریں یاد رہے کہ تیز بخار اور جسم سے خون بہنا کانگو وائرس کی واضح علامات ہیں۔






































