ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور کامیڈین جم کیری نے اپنی دیرینہ گرل فرینڈ من آہ (Min Ah) سے ایک نجی تقریب میں شادی کرلی۔ 64 سالہ اداکار کی شادی کی تصدیق ان کے نمائندے نے کی ہے۔ یہ تقریب لاس اینجلس میں انتہائی سادگی اور رازداری کے ساتھ منعقد ہوئی۔
جم کیری اور من آہ نے اپنے تعلق کو طویل عرصے تک نجی رکھا۔ دونوں کو پہلی مرتبہ 2022 میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، تاہم انہوں نے فروری 2026 میں پیرس میں ہونے والے سیزر ایوارڈز کے دوران پہلی بار بطور جوڑا عوامی طور پر شرکت کی۔
سیزر ایوارڈز میں اعزازی ایوارڈ وصول کرتے ہوئے جم کیری نے من آہ کو اپنی ’’بہترین ساتھی‘‘ قرار دیتے ہوئے ان سے محبت کا اظہار کیا تھا۔ تقریب میں جم کی بیٹی جین اور نواسے جیکسن بھی موجود تھے۔
یہ جم کیری کی تیسری شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 1987 میں میلیسا وومر سے شادی کی تھی، جن سے ان کی ایک بیٹی جین ہے۔ دونوں کی 1995 میں علیحدگی ہوگئی۔ 1996 میں جم کیری نے اپنی فلم Dumb and Dumber کی ساتھی اداکارہ لارین ہولی سے شادی کی، تاہم یہ رشتہ تقریباً ایک سال بعد ختم ہوگیا۔

