امریکا نے عراقی ایئرلائنز کو ایرانی زائرین کے لیے ایران اور عراق کے مقدس شہر نجف کے درمیان پروازیں چلانے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ یہ اجازت امریکی پابندیوں سے محدود مدت کے استثنیٰ کے تحت دی گئی ہے۔
عراقی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق عراقی ایئر ویز اکتوبر میں ایران کے لیے پروازیں بحال کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پر پروازیں نجف سے چلائی جائیں گی اور ضروری انتظامی و تکنیکی تقاضے مکمل ہونے کے بعد سروس شروع ہوگی۔
امریکی اجازت ایک ماہ کے لیے ہے اور اس کی مدت میں توسیع کا امکان بھی موجود ہے۔ عراقی حکام نے امریکا کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مسافروں کی اسکریننگ اور معلومات کے تبادلے سمیت سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پروازوں کو ہتھیاروں، ممنوعہ افراد یا غیر قانونی رقوم کی منتقلی کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔

