ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو 101 سال کی عمر میں دارالحکومت کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ (IJN) میں طبی نگرانی کے لیے داخل کرلیا گیا ہے۔ ان کے بیٹے مخزانی مہاتیر کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے اور فی الحال تشویش کی کوئی بات نہیں۔
مہاتیر محمد کو منگل کی رات اسپتال میں داخل کیا گیا۔ ان کے معاون کے مطابق ان کی اسپتال منتقلی کی مخصوص طبی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آئی، تاہم وہ گزشتہ چند روز سے شدید ذہنی دباؤ اور تھکن کا شکار تھے۔
مہاتیر کی اہلیہ سیتی حسماہ محمد علی 28 ستمبر کو 100 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ وہ پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر اور صحتِ عامہ کے شعبے میں سرگرم تھیں۔ دونوں کی شادی کو 70 سال مکمل ہوچکے تھے اور ان کے 7 بچے ہیں۔

