خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 172 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں بتایا گیا ہے۔ سوات کے علاوہ بٹ خیلہ اور گردونواح میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اچانک زلزلے کے باعث متعدد شہری خوفزدہ ہوکر گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور کھلی جگہوں پر جمع ہوگئے۔ تاہم اب تک کسی جانی نقصان یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 8 ستمبر کو بھی چترال، سوات، ملاکنڈ اور مہمند سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 4.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے

